اہم خبریں: میانمار میں مسلمانوں کی زندگی اجیرن کرنے والا بدنام زمانہ بھکشو رہا

علامتی تصویر آئی اے این ایس
علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

07 Sep 2021, 10:31 PM

میانمار: مسلمانوں کی زندگی اجیرن کرنے والا بدنام زمانہ بھکشو رہا

میانمار: میانمار میں مسلمانوں کی زندگی جہنم بنانے والا اور ملک سے ہجرت پر مجبور کرنے والا قوم پرست بدھ مت بھکشو کو، جو نفرت انگیز مسلم مخالف تقاریر کے لیے بدنام ہیں، پیر کے روز فوج نیجیل سے رہا کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ بھکشو آشن ویراتھو کو میانمار کی فوج نے رہا کر دیا، ان پر الزام تھا کہ انھوں نے ملک کی سابقہ سویلین حکومت کے خلاف عدم اطمینان پیدا کرنے کی کوشش کی تھی۔

میانمار میں مذہبی نفرت پھیلانے پر ٹائم میگزین نے 2013 میں ایک کور اسٹوری میں ویراتھو کو بدھسٹ دہشت گردی کا چہرہ کہا تھا، پیر کو فوج کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ویراتھو کے خلاف تمام الزامات ختم کر دیے گئے ہیں۔ بیان کے مطابق ویراتھو کا فوجی اسپتال میں علاج جاری تھا۔ویراتھو 2012 میں مغربی ریاست راکھین میں بدھ مت اور نسلی اقلیت روہنگیا مسلمانوں کے درمیان خوف ناک فسادات کے بعد سرخیوں میں آگئے تھے، انھوں نے ایک قوم پرست تنظیم کی بنیاد رکھی جس پر مسلمانوں کے خلاف تشدد بھڑکانے کا الزام ہے۔ویراتھو اور ان کے حامیوں کی قوم پرستی مہم شروع کرنے کے بعد دیگر نسلی گروہوں اور دیگر علاقوں کے مسلمانوں کو بھی اہانت اور تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔ ویراتھو اور اس کے حامی بین المذاہب شادیوں کو مشکل بنانے والے قوانین کی حمایت میں بھی کامیاب رہے۔

07 Sep 2021, 9:27 PM

طالبان نے نئی حکومت کی تشکیل کا کیا اعلان، ملا حسن اخند بنے وزیر اعظم

افغانستان میں نئی حکومت کی تشکیل کا اعلان ہو گیا ہے۔ طالبان نے منگل کی شام اعلان کیا کہ ملا حسن اخند افغانستان کے نئے وزیر اعظم ہوں گے جب کہ ملا عبدالغنی برادر نائب وزر اعظم ہوں گے۔ سراج الدین حقانی کو وزیر داخلہ بنایا گیا ہے اور ملا یعقوب ملک کے نئے وزیر دفاع بنائے گئے ہیں۔ ان کے علاوہ امیر متقی کو وزیر خارجہ، ملا ہدایت اللہ بدری کو وزیر مالیات، شیخ مولوی نوراللہ کو وزیر تعلیم اور ملا خیر اللہ کو اطلاعات و ثقافت کا وزیر بنایا گیا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ افغانستان میں ایران کی طرز پر نئی حکومت تشکیل دی گئی ہے جس میں شیخ ہبت اللہ اخندزہ افغانستان کے سپریم لیڈر ہوں گے۔

07 Sep 2021, 7:34 PM

کرنال سکریٹریٹ کی جانب بڑھتے کسانوں کو روکنے کے لیے کی گئی پانی کی بوچھار

ہریانہ کے کرنال میں کسان مہاپنچایت کے دوران انتظامیہ سے بات چیت ناکام رہنے کے بعد کرنال سکریٹریٹ کا گھیراؤ کرنے نکلے کسانوں پر پانی کی بوچھاریں کی گئی ہیں۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق حالات کشیدہ ہو گئے ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کسانوں نے سکریٹریٹ کا گھیراؤ کر لیا ہے اور کسان لیڈران کا کہنا ہے کہ وہ اب اس گھیراؤ کو کامیاب بنانا چاہتے ہیں۔


07 Sep 2021, 5:57 PM

کرنال انتظامیہ کے ساتھ کسانوں کی میٹنگ بے نتیجہ، منی سکریٹریٹ کا کریں گے محاصرہ

کرنال (ہریانہ): بھارتیہ کسان یونین (بی کے یو) کی کال پر کسانوں نے کرنال میں ایک مہا پنچایت کا انعقاد کرکے منی سکریٹریٹ کا گھیراؤ کرنے جا رہے ہیں۔ اس سے قبل ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کے ساتھ کسانوں کی میٹنگ بے نتیجہ رہی، کرنال ضلع انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کے تیسرے دور کی ناکامی کے بعد اب اناج منڈی کے منچ سے ضلع سکرٹریٹ کے گھیراؤ کا اعلان کیا گیا ہے۔ اعلان کے بعد کسانوں کی ایک بڑی تعداد نے اناج منڈی سے ضلع سکرٹریٹ کی طرف سفر شروع کر دیا ہے۔

07 Sep 2021, 5:11 PM

ماسک نہ لگانے پر تقریبا 2.5 لاکھ لوگوں کا چالان

نئی دہلی: کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر حکومتی ہدایات کو نظر انداز کرکے قومی راجدھانی دہلی میں ماسک کے بغیر گھومنے والے تقریباً 2.5 لاکھ لوگوں کے چالان کاٹے گئے۔ دہلی پولیس ذرائع نے منگل کو بتایا کہ 6 ستمبر کو ماسک نہ لگانے پر 1031 لوگوں کا چالان کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی کورونا وبا کی دوسری لہر کے دوران 19 اپریل سے 6 ستمبر تک ماسک پہننے کی ہدایات کی خلاف ورزی کے لیے 246770 افراد قصوروار پائے گئے اور اس کے لیے ان پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

تقریبا ساڑھے چار ماہ کے دوران عوامی مقامات پر سوشل ڈسٹنسنگ کی خلاف ورزی کرنے پر 29230 چالان کاٹے گئے، 1532 افراد کو تھوکنے پر اور 1779 افراد کو الکحل، گٹکا، تمباکو وغیرہ استعمال کرنے پر چالان کئے گئے۔ اس طرح پولیس نے اب تک کورونا وائرس کی پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر 280765 افراد کے چالان کاٹے گئے ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ دوسری لہر کے دوران کورونا رہنما خطوط کی خلاف ورزی کرنے پر 2000 روپے جرمانے کا التزام ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔