اہم خبریں: شمال مشرقی دہلی تشدد معاملے میں 654 ایف آئی آر درج

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

05 Mar 2020, 7:58 PM

شمال مشرقی دہلی تشدد معاملے میں 654 ایف آئی آر درج

نئی دہلی: شمال مشرقی دہلی میں تشدد معاملے میں دہلی پولیس نے 654 ایف آئی آر درج کرکے 1820 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ دہلی پولیس کے ایڈیشنل پی آر او انل متل نے آج کہا کہ شمال مشرقی دہلی میں حالات اب مکمل طور پر قابو میں ہیں۔ اس سلسلے میں اب تک 654 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں جن میں آرمس ایکٹ سے متعلق 47 معاملے بھی شامل ہیں۔ اب تک 1820 لوگوں کو پوچھ گچھ کے لئے حراست میں لے کر گرفتار کیا ہے۔

سی اے اے کے حامی اور مخالف گروپوں کے درمیان 23 فروری سے شمال مشرقی دہلی میں شروع ہوئی جھڑپ نے فرقہ وارانہ تشدد کی شکل اختیار کر لی تھی اور تین دن تک تشدد جاری رہا۔ اس میں 44 افراد ہلاک اور تین سو سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

مشتعل ہجوم نے گھروں، دکانوں، گاڑیوں اور ایک پٹرول پمپ کو نظر آتش کردیا تھا۔ لوگوں میں اعتماد سازی اور امن بنائے رکھنے کے لئے اب تک 226 کل مذہبی امن میٹنگیں منعقد کی جا چکی ہیں۔ فساد زدہ علاقوں علاقوں میں جعفرآباد، موج پور، بابرپر، جمنا وہار، بھجن پورا، چاند باغ اور شیو وہار شامل ہیں۔

05 Mar 2020, 5:05 PM

دہلی: دہلی میں پانچویں درجہ تک کے اسکول 31 مارچ تک بند، کورونا وائرس کا اث

دہلی سرکار نے کرونا وائرس کے پھیلنے کے امکانات کے پیش نظر احتیاطی قدم اٹھاتے ہوئے آج دارالحکومت کے تمام پرائمری اسکولوں کو 31 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔ نائب وزیر اعلی اور وزیر تعلیم منیش سسودیا نے آج ٹویٹر پر اس کی اطلاع دی۔انہوں نے بتایا کہ کرونا وائرس کے پیش نظر احتیاطاً حکومت نے سرکاری امداد یافتہ ، پرائیویٹ، دہلی میونسپل کارپوریش اور نئی دہلی میونسپل کارپوریشن کے تمام پرائمری اسکولوں کو 31 مارچ تک بند رکھنے کی ہدایات دی ہے۔

اس سے پہلے چین کے بعد ملک میں تیزی سے پھیل رہے مہلک کرونا وائرس کو دیکھتے ہوئے دہلی حکومت نے دارالحکومت میں بایومیٹرک حاضری لگانے پر روک لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دہلی حکومت نے میونسپل کارپوریشنز، اسکولوں، کالجوں، دفتروں اور اسپتالوں کے حکام اور ملازمین کی بایومیٹرک حاضری لگانے پر اگلے حکم تک پابندی لگا دی ہے۔

دہلی حکومت کے صحت اور خاندانی بہبود کے محکمہ نے آج یہاں ایڈوائزری جاری کرکے یہ ہدایت دی۔ بایومیٹرک حاضری کے لئے آنکھوں اور ہاتھوں کا استعمال ہوتا ہے جس سے اس وائرس کے پھیلنے کا شبہ ہے۔ ہندوستان میں اب تک کرونا وائرس کے 29 معاملے سامنے آ چکے ہیں۔

05 Mar 2020, 4:07 PM

نربھیا کے قصورواروں کو پھانسی دینے کے لیے 20 مارچ کی تاریخ مقرر

نربھیا اجتماعی عصمت دری اور قتل واقعہ کے قصورواروں کے لیے پھانسی کی نئی تاریخ مقرر کر دی گئی ہے۔ نئے ڈیتھ وارنٹ کے مطابق 20 مارچ کی صبح 5.30 بجے چاروں قصورواروں کو پھانسی کی سزا دی جائے گی۔ نیا ڈیتھ وارنٹ جاری ہونے کے بعد نربھیا کی ماں آشا دیوی نے خوشی کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس مرتبہ پھانسی کی تاریخ ملتوی نہیں ہوگی۔


05 Mar 2020, 3:09 PM

دہلی تشدد: سابق عآپ کونسلر طاہر حسین کو دہلی پولس نے کیا گرفتار

دہلی تشدد معاملہ میں عام آدمی پارٹی کے معطل کونسلر طاہر حسین کو پولس نے گرفتار کر لیا ہے۔ دہلی کی عدالت میں خودسپردگی کے لیے طاہر حسین نے ایک عرضی داخل کی تھی، جسے عدالت نے خارج کر دیا ہے۔ عرضی خارج ہونے کے بعد پولس نے طاہر حسین کو گرفتار کر لیا ہے۔

05 Mar 2020, 2:13 PM

مودی حکومت کورونا وائرس پر ٹھوس منصوبہ بنائے، ٹائٹینک کے کیپٹن کی طرح بیان نہ دے: راہل گاندھی

لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن کے ذریعہ کورونا وائرس پر بیان دیے جانے کے بعد راہل گاندھی نے اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’وزیر صحت نے کہا کہ کورونا وائرس بحران حکومت کے کنٹرول میں ہے، یہ بات ٹھیک ٹائٹینک کے کیپٹن کی طرح ہے کہ مسافروں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ان کا جہاز ڈوب نہیں سکتا۔ اس بحران سے نمٹنے کے لیے ضرورت ہے کہ حکومت ایک ٹھوس منصوبہ بنائے اور اس پر عمل کرے۔‘‘


05 Mar 2020, 1:11 PM

دہلی تشدد کے خلاف این ایس یو آئی نے نکالا ’شانتی مارچ‘

دہلی تشدد کے خلاف آج این ایس یو آئی کارکنان نے دہلی میں زبردست ’شانتی مارچ‘ نکالا۔ اس مارچ میں بڑی تعداد میں این ایس یو آئی کارکنان شامل ہوئے۔ کارکنان ہاتھوں میں پلے کارڈس لیے ہوئے تھے جن میں ’ذات پات توڑ دو، بھید بھاؤ چھوڑ دو‘ اور ’ہم سب ایک ہیں، مودی-شاہ فیک ہیں‘ جیسے نعرے لکھے ہوئے تھے۔

05 Mar 2020, 12:10 PM

کورونا وائرس سے بچنے کے لیے لکھنؤ میں گوشت اور مچھلی فروخت کرنے پر لگی پابندی

کورونا وائرس کی وجہ سے ہندوستان کی کئی ریاستوں میں احتیاطی تدابیر کی جا رہی ہیں۔ اس درمیان خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ اتر پردیش کے لکھنؤ میں گوشت اور مچھلی فروخت کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ لکھنؤ کے ضلع مجسٹریٹ ابھشیک پرکاش نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ کھلی جگہوں پر گوشت، مچھلی اور نیم پکے ہوئے گوشت فروخت کرنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ایسا اس لیے کیا گیا ہے تاکہ کورونا وائرس کے خطرہ کو کم کیا جا سکے۔ ضلع مجسٹریٹ نے مزید بتایا کہ ہوٹلوں اور ریستورانوں میں بھی کہہ دیا گیا ہے کہ وہ صفائی کا مکمل خیال رکھیں اور ہائجینک کھانے کا استعمال کریں۔


05 Mar 2020, 11:15 AM

خاتون ٹی-20 عالمی کپ: ہندوستانی ٹیم بلامقابلہ فائنل میں پہنچی

آئی سی سی خاتون ٹی-20 عالمی کپ کا پہلا سیمی فائنل بارش کی وجہ سے رد کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلہ کے بعد ہندوستان کی ٹیم بلامقابلہ فائنل میں پہنچ گئی جب کہ انگلینڈ کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ دراصل لیگ اسٹیج کے دوران پوائنٹ ٹیبل میں سرفہرست رہنے کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم کو فائنل کا ٹکٹ مل گیا۔ یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستانی خواتین کی کرکٹ ٹیم ٹی-20 عالمی کپ کے فائنل میں پہنچی ہے۔

05 Mar 2020, 10:14 AM

ہمیں امید ہے کہ آج نیا ڈیتھ وارنٹ جاری ہو جائے گا: نربھیا کی ماں

نربھیا کے قصورواروں کی پھانسی کی سزا تین بار ملتوی ہو جانے سے مایوس نربھیا کی ماں نے امید ظاہر کی ہے کہ آج پٹیالہ ہاؤس ایک بار پھر ڈیتھ وارنٹ جاری کرے گا۔ انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’جس طرح سے بار بار پھانسی ملتوی ہوئی ہے، ہم سوچ بھی نہیں سکتے ہیں کہ ہمارا جدوجہد پورا ہو گیا ہے۔ کل جیسے ہی رحم کی عرضی خارج ہوئی، ہم نے شام کو عرضی لگا دی، آج 2 بجے سماعت ہے۔ ہمیں امید ہے کہ آج نیا ڈیتھ وارنٹ جاری ہو جائے گا۔‘‘


05 Mar 2020, 8:59 AM

وارث پٹھان کو کرناٹک پولس نے دوسری بار بھیجا نوٹس، متنازعہ بیان دینے کا الزام

اے آئی ایم آئی ایم لیڈر وارث پٹھان کو کرناٹک پولس کی طرف سے دوسرا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ کلبرگی پولس کی طرف سے جاری نوٹس میں وارث پٹھان کو پوچھ تاچھ کے لیے بلایا گیا ہے۔ وارث پٹھان پر ان کے اس بیان کے بعد کیس درج کیا گیا ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ 15 کروڑ 100 کروڑ پر بھاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔