اہم خبریں: جامعہ ملیہ اسلامیہ طالب علم کیف علی ’دی ڈائنا ایوارڈ 2021‘ سے سرفراز
دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ طالب علم کیف علی ’دی ڈائنا ایوارڈ 2021‘ سے سرفراز
جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طالب علم کیف علی کو برطانیہ کے مشہور اعزازات میں سے ایک ’دی ڈائنا ایوارڈ-2021‘ سے نوازا گیا ہے۔ وہ ’بی آرک- سال چہارم‘ کے طالب علم ہیں اور انھیں یہ ایوارڈ کووڈ کے ساتھ بدلتی دنیا میں ان کے غیر معمولی تعاون ’کووڈ-19 اینوویشن اسپیس ایرا‘ کے لیے دیا گیا ہے۔
کیف علی کو ’دی ڈائنا ایوارڈ 2021‘ ملنے کے بعد جامعہ کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر نے خوشی کا اظہار کیا ہے اور کیف کو مبارکباد بھی پیش کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’یونیورسٹی کو ان (کیف) پر فخر ہے۔ یہ دور جدید کی ضرورت کے مطابق ہے اور یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ آج کی مقابلہ آرا دنیا میں کسی کو روایت سے ہٹ کر سوچنے کی ضرورت ہے۔‘‘
بالاجی شریواستو دہلی کے نئے پولیس کمشنر مقرر
نئی دہلی: انڈین پولیس سروس کے سینئر افسر بالاجی شریواستو کو دہلی پولیس کا نیا کمشنر مقررکیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے منگل کو اس بارے میں نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ 1988 بیچ کے آئی پی ایس بالاجی شریواستو کو دہلی پولیس کا نیا کمشنربنایا گیا ہے۔ شریواستو کو فی الحال پولیس کمشنر کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ وہ اس وقت اسپیشل کمشنر آف پولیس (ویجیلنس) کے عہدے پر تعینات ہیں۔ واضح رہے کہ پولیس کمشنر ایس این شریواستو کل ریٹائرہوں گے۔
بی جے پی اقتدار میں لاقانونیت کی بھینٹ چڑھ گیا یوپی: اکھلیش یادو
لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ اترپردیش کی بی جے پی حکومت کی ساڑھے چار سالہ میعاد کار میں اترپردیش لاقانونیت کی بھینٹ چڑھ گیا۔ سابق وزیر اعلی نے منگل کو الزام لگایا کہ ضلع پنچایت صدر کے انتخاب میں حکمراں جماعت نے عوامی مینڈیٹ کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے۔ طاقت کی بنیاد پر سماج وادی پارٹی امیدواروں کو نامزدگی سے روکنے کے علاوہ ان کے حامیوں پر دباؤ بنانے کے لئے ہر غیر اخلاقی ہتھکنڈہ اپنایا گیا ہے۔ تمام افراد پر من گڑھت فرضی مقدمے درج کئے گئے ہیں۔ کئی ایس پی لیڈروں کے گھروں پر دبش کے دوران پولیس نے اہل خانہ اور بچوں تک سے بدسلوکی کی۔
ڈرون حملہ کے بعد پی ایم مودی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی میٹنگ
وزیر اعظم نریندر مودی کی رہائش 7 لوک کلیان مارگ پر جموں و کشمیر کے موجودہ حالات کو لے کر ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ ہوئی۔ خبر رساں ادارہ اے این آئی نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اس میٹنگ میں وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ شریک ہوئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ میٹنگ میں جموں میں ہندوستانی فضائیہ کے بیس پر ہوئے ڈرون حملہ کے تعلق سے گفت و شنید ہوئی۔
سپریم کورٹ کا سینٹرل وسٹا منصوبے کو روکنے سے انکار
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کو کورونا وائرس وبائی امراض کے پیش نظر مودی سرکار کے سینٹرل وسٹا منصوبے کو روکنے سے انکار کر دیا ہے۔ جسٹس اے ایم کھانولکر کی سربراہی میں تین رکنی ڈویژن بنچ نے دہلی ہائی کورٹ کے متعلقہ فیصلے کے خلاف اپیل خارج کر دی۔ ہائی کورٹ نے سنٹرل وسٹا کا کام روکنے کے مطالبے کو مسترد کر دیا تھا۔ بنچ میں جسٹس دنیش مہیشوری اور جسٹس انیرودھ بوس بھی شامل ہیں۔ بنچ نے کہا کہ وہ دہلی ہائی کورٹ کے حکم میں مداخلت نہیں کرنا چاہتا، کیوں کہ درخواست گزاروں نے خصوصی طور پر سنٹرل وسٹا منصوبے کے تعمیراتی کام کو روکنے کی درخواست کی ہے، جبکہ قومی دارالحکومت میں لاک ڈاؤن کے دوران جاری قومی دیگر عوامی منصوبوں کے بارے میں بنیادی تحقیق بھی نہیں کی گئی تھی۔ ہائی کورٹ نے 31 مئی کو اس منصوبے پر روکنے کے لئے ایک پی آئی ایل کو مسترد کردیا تھا اور درخواست گزاروں پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔ عدالت عالیہ نے درخواست گزاروں پر عائد ایک لاکھ روپے جرمانہ کے معاملے میں مداخلت سے بھی انکار کردیا۔
بس ڈپو کے سامنے زہر پینے والے ڈرائیور کی موت
حیدرآباد؛ تلنگانہ آرٹی سی کے ڈرائیور نے رانی گنج بس ڈپو کے سامنے زہر پی لیا۔ اس کی علاج کے دوران اسپتال میں موت ہوگئی۔ پولیس کے مطابق ایس ٹی ریڈی جو رانی گنج ڈپو کا ڈرائیور تھا آج صبح ڈپو پہنچا اور اس نے زہر پی لیا۔ وہ تادیبی کارروائی کے سبب اس کو گزشتہ ایک ہفتہ سے ڈیوٹی نہ کرنے پر مایوس تھا۔ اس نے اپنے ساتھ لائے زہریلی شئے پی لی۔ اس کوعلاج کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی موت ہوگئی۔ ریڈی کے رشتہ داروں نے اطلاع پر بس اسٹیشن پہنچ کر یونین کے لیڈروں کے ساتھ انتظامیہ سے بات کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس ماہ کے اوائل سے ہی ریڈی کو ڈیوٹی نہیں الاٹ کی جا رہی تھی۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کر دی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔