اہم خبریں: عراق میں کورونا مریضوں کے اسپتال میں آتش زدگی سے ہلاکتوں کی تعداد 64 پہنچ گئی

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

13 Jul 2021, 8:27 PM

عراق: کورونا مریضوں کے اسپتال میں آتش زدگی سے ہلاکتوں کی تعداد 64 ہو گئی

بغداد: عراق کے جنوبی صوبہ ذی قار کے شہر الناصریہ میں واقع امام حسین اسپتال میں پیر کی شب آتش زدگی کے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 64 ہوگئی ہے جب کہ 50 مریض جھلس کر زخمی ہوگئے ہیں۔عراق کے سرکاری خبررساں ادارے (آئی این اے) نے بتایا ہے کہ قومی راجدھانی بغداد سے 375 کلو میٹر دور جنوبی صوبہ ذی قار کے دارالحکومت ناصریہ میں واقع امام حسین ٹیچنگ اسپتال میں کروناوائرس سے متاثرہ افراد کے لیے مختص تنہائی مرکز میں پڑے آکسیجن کے سلنڈروں سے آگ لگی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 64 ہوگئی ہے جب کہ 50 دیگر جھلس گئے ہیں۔ اس سے قبل السامریہ ٹی وی نے خبر دی تھی کہ اسپتال کے آئسولیشن مرکز میں آگ لگنے سے درجنوں افراد جھلس گئے ہیں اور وہ اس مرکز میں پھنس کررہ گئے ہیں۔واقعے کے فوری بعد عراقی حکام نے امدادی سرگرمیاں شروع کردی تھیں اور اسپتال میں لگی آگ پرقابو پانے کے لیے کوششیں جاری تھیں۔ عراق کے سرکاری ذرائع کے مطابق حادثے کی خود چھان بین کے لیے وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی ذی قارشہر پہنچ گئے ہیں۔

13 Jul 2021, 7:08 PM

اختلاف رائے کی آوازوں کو دبانے کے لیے انسداد دہشت گردی قوانین کا غلط استعمال جمہوریت کے خلاف: جسٹس چندرچوڑ

نئی دہلی: سپریم کورٹ کے جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے اختلاف رائے کی آوازوں کو دبانے کے لئے انسداد دہشت گردی قوانین کے غلط استعمال کو جمہوریت کے خلاف قرار دیا ہے جسٹس چندرچوڑ نے پیر کی دیر شام کو ہند- امریکہ قانونی تعلقات سے متعلق ایک پروگرام میں کہا کہ انسداد دہشت گردی قانون سمیت انسداد جرائم کے مختلف قوانین کا غلط استعمال کرکے اختلاف رائے کی آوازوں کو دبانے کی کوشش کی جاتی ہے، جو جمہوریت کے حق میں نہیں ہے۔ انہوں نے عدالتوں کو ترجیحی بنیادوں پر شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنے کا مشورہ دیا۔ جسٹس چندرچوڑ نے کہا کہ ہندوستان سب سے قدیم اور سب سے بڑی جمہوریت ہے اور اس ناطے وہ مختلف محاذوں پر مختلف نظریات کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہمارا آئین بھی انسانی حقوق کے تئیں پختہ عہد بندی ظاہر کرتا ہے"۔

13 Jul 2021, 6:29 PM

دَوسہ میں کانگریس نےمہنگائی کے خلاف ریلی نکالی

جےپور: راجستھان کے ضلع دوسہ مں ضلع کانگریس نے پٹرول-ڈیزل اور رسوئی گیس کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف آج ریلی نکال کر مرکزی حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر کانگریس کی تمام عبوری تنظیموں کے کارکنان نے ضلع ہیڈکوارٹر سمیت تمام بلاکوں میں ریلی نکال کر اور کانگریس عہدیداروں نے بیل گاڑی میں سوار ہو کر مرکزی حکومت کی مخالفت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی بڑھ رہی ہے۔ مرکز کو غریبوں کی بالکل پرواہ نہیں ہے۔ کانگریس کے کارکنان نے مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی کرکے پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس سلینڈر کی قیمت کم کرنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس کے لوگوں کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت نے قیمت کم نہیں کی تو تحریک کو مزید تیز کیا جائے گا۔ اسی طرح مہوا میں پٹرول پمپ کے باہر دستخطی مہم چلا کر دھرنا دیا گیا۔


13 Jul 2021, 5:13 PM

مودی تمل ناڈو کے لیے ایک کروڑ ٹیکے کا خصوصی الاٹمنٹ کریں: اسٹالن

چنئی: تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن نے منگل کے روز وزیراعظم نریندر مودی سے ریاست کو کورونا ویکسین کی ایک کروڑ ڈوز کے اسپیشل الاٹمنٹ کرنے کی درخواست کی۔ اسٹالن نے پی ایم مودی کو خط لکھ کر خط کی کاپی میڈیا کو جاری کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے 18-44 عمر کی کٹیگری کے عوام کے لیے محض 2918110 ٹیکے اور 45 برس کے زیادہ عمر کے لوگوں کے لیے 13008440 ٹیکے ریاست کو ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو ٹیکو ں کا کیا گیا الاٹمنٹ ناکافی ہے۔ اس سے پوری ریاست میں ٹیکے کے شدید مطالبے کو پورا کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست کو مستحق ایک ہزار لوگوں پر محض 302 کورونا ویکسین ڈوز مہیا کروائی گئی ہیں جبکہ گجرات، کرناٹک اور راجستھان کو ایک ہزار افراد پر علیٰ الترتیب 533، 493 اور 446 ڈوز دی گئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔