اہم خبریں: نابالغ دلت بچی کی عصمت دری اور قتل واقعہ پر چھلکا پرینکا گاندھی کا درد

پرینکا گاندھی، تصویر @INCIndia
پرینکا گاندھی، تصویر @INCIndia
user

قومی آواز بیورو

03 Aug 2021, 10:20 PM

ہاتھرس سے نانگل تک جنگل راج ہے: پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے دہلی کے نانگل میں 9 سالہ دلت بچی کے ساتھ عصمت دری اور پھر قتل کیے جانے کے واقعہ پر اپنی تکلیف اور غم کا اظہار کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’دہلی، نانگل میں نابالغ بچی کے ساتھ پیش آیا واقعہ دردناک اور قابل مذمت ہے۔ سوچیے کیا بیت رہی ہوگی اس کے اہل خانہ پر؟‘‘ پرینکا گاندھی نے مزید لکھا ہے کہ ’’دہلی میں نظامِ قانون کے ذمہ دار وزیر داخلہ جی یو پی سرٹیفکیٹ بانٹنے گئے تھے، لیکن خود کی ذمہ داری نہیں سنبھال پا رہے ہیں۔ ہاتھرس سے نانگل تک: جنگل راج ہے۔‘‘

03 Aug 2021, 9:23 PM

مودی حکومت اور اپوزیشن میں سمجھوتہ کے آثار، 7 بلوں پر ہوگی بحث!

راجیہ سبھا میں جاری رخنہ کے درمیان حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کارروائی کو لے کر اتفاق بننے کے آثار نظر آ رہے ہیں۔ خبر رساں ادارہ اے این آئی کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق حکومت 7 بلوں سمیت 8 ایشوز پر بحث کے لیے تیار ہے۔ راجیہ سبھا چیئرمین ایم ونکیا نائیڈو کے ساتھ ہوئی میٹنگ میں اس قسم کے اتفاق کے آثار بنتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

03 Aug 2021, 7:10 PM

کیرالہ: آج کورونا کے 23676 نئے کیسز رجسٹرڈ، 148 ہلاک

کیرالہ میں کورونا انفیکشن نے تباہی کی صورت اختیار کر لی ہے اور آج 23 ہزار 676 نئے کیسز رجسٹرڈ کیے جانے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ ایک طرف جہاں ملک کی کئی ریاستوں میں کورونا کیسز دھیرے دھیرے کم ہو رہے ہیں، وہیں کیرالہ میں حالات سنگین ہو گئے ہیں اور پورے ملک میں روزانہ رجسٹرڈ کیے جا رہے نئے کورونا کیسز کا 50 فیصد سے زیادہ حصہ کیرالہ میں سامنے آ رہا ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق آج کیرالہ میں کورونا سے 148 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جو باعث تشویش ہے۔ اس درمیان 15 ہزار 626 لوگ کورونا سے شفایاب بھی ہوئے ہیں۔


03 Aug 2021, 6:30 PM

پی وی سندھو کا دہلی ایرپورٹ پر شاندار استقبال

حیدرآباد: اولمپکس میں بیڈمنٹن مقابلہ میں برونز میڈل جیتنے والی آندھراپردیش کی پی وی سندھو آج ملک واپس آگئیں۔ قومی دارالحکومت نئی دہلی کے ایرپورٹ پر سندھو کے ساتھ ساتھ ان کے کوچ کا بھی شاندار استقبال کیا گیا۔ سندھو نے ٹوکیو اولمپکس میں ویمنس سنگلز بیڈ منٹن میں یہ تمغہ جیتا۔ ایرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں اس تمغہ کو جیتنے پر خوشی محسوس ہو رہی ہے اور وہ کافی پُرجوش ہیں۔ سندھو نے کہا کہ وہ ان کی حمایت اور حوصلہ افزائی کے لئے تمام افراد بشمول بیڈ منٹن ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتی ہیں، یہ ان کے لئے فخر کا لمحہ ہے۔

03 Aug 2021, 5:26 PM

مختار انصاری فرضی ایمبولنس اندراج معاملے میں تین افراد گرفتار

بارہ بنکی: اترپردیش کے ضلع بارہ بنکی میں پولیس نے مافیا ڈان مختار انصاری کی فرضی ایمبولنس اندراج معاملے میں فرار چل رہے اس کے تین حامیوں کو آج شہر کوتوالی علاقے سے گرفتار کرلیا۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس یمنا پرساد نے یہاں بتایا کہ مافیا ڈان مختار انصاری کے ذریعہ فرضی طریقے سے ایمبولنس رجسٹرڈ کرانے کے معاملے میں فرار چل رہے 25۔25 ہزار روپئے کے تین انعامی ملزمین کو بدھ کو کوتوالی پولیس نے گرفتار کیا ہے، جبکہ ابھی بھی دو ملزمین فرار ہیں۔ ان کی بھی تلاش جاری ہے۔ گرفتار کئے گئے ملزمین مختار انصاری کے کافی قریبی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمین میں فیروز قریشی، شاہد عرف قربان اور سریش شرما شامل ہیں۔ تینوں ملزمین ضلع غازی پور کے رہنے والے ہیں۔ گرفتار کئے گئے ملزمین نے پولیس کو بتایا کہ وہ مختا انصاری کی ایمبولنس چلاتے تھے اور اس کی سیکورٹی میں ان کے ساتھ رہتے تھے اور انہیں پنجاب کے روپیڈ بھی ایمبولنس لے کر گئے تھے۔ لیکن وہاں پر پولیس کی کارروائی بڑھنے پر ہم لوگ ایمبولنس چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔