اہم خبریں LIVE: ناگپور میں کورونا پازیٹو خاتون نے بچی کو دیا جنم، نوزائیدہ کا کورونا ٹیسٹ ہوگا 3 دن بعد

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

29 Apr 2020, 11:17 PM

مہاراشٹر: ناگپور میں کورونا پازیٹو خاتون نے بچی کو دیا جنم

دہلی میں ایک کورونا پازیٹو حاملہ خاتون ڈاکٹر نے ایمس میں سخت نگرانی میں بچے کو جنم دیا تھا، اور اب کچھ اسی طرح کا معاملہ مہاراشٹر کے ناگپور میں سامنے آیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق 28 سالہ ایک کورونا پازیٹو خاتون نے اندرا گاندھی گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپیٹل (آئی جی جی ایم سی ایچ) میں بچی کو جنم دیا ہے۔ آئی جی جی ایم سی ایچ ناگپور کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ نے میڈیا کو بتایا کہ نوزائیدہ بچی کا کورونا ٹیسٹ تین دن بعد کرایا جائے گا۔

29 Apr 2020, 10:13 PM

جنوبی کوریا میں آگ لگنے سے کم از کم 37 لوگوں کی موت

سول: جنوبی کوریا کے گیونگی صوبے میں بدھ کو ویئر ہاؤس میں لگی شدید آگ میں کم از کم 37 لوگوں کی موت ہو گئی اور 10 دیگر جھلس گئے۔ مقامی فائر بریگیڈ کے حکام نے یہ اطلاع دی۔ آگ لگنے کے واقعہ اچیون شہر میں آج مقامی وقت کے مطابق دوپہر بعد ایک بجکر 32 منٹ پر پیش آیا۔ اس سے پہلے آئی رپورٹ میں 25 افراد کے مرنے اور 7 دیگر کے جھلس كر زخمی ہونے کی بات کہی گئی تھی۔ مقامی میڈیا کے مطابق اچیون شہر کے موگا مییون علاقے میں پیش آئے اس واقعہ میں کم از کم 37 لوگوں کی موت ہو گئی۔ مرنے والوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔ جھلسے ہوئے 10 لوگوں میں سے آٹھ کی حالت نازک ہے۔ میڈیا نے بتایا کہ ملک کے وزیر اعظم چُنگ سی كیون نے اس شدید آتشزدگی سے متاثر مقام کا دورہ کیا ہے۔

29 Apr 2020, 9:40 PM

کورونا سے پیدا معاشی بحران پر راہل گاندھی کی رگھو رام راجن سے اہم بات چیت کل

ہندوستان سمیت پوری دنیا پر چھائے کورونا بحران اور اس کے معاشی اثرات سے جڑے ایشوز پر کانگریس لیڈر راہل گاندھی کل آر بی آئی کے سابق گورنر ڈاکٹر رگھو رام راجن کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ یہ مذاکرہ کل صبح تقریباً 9 بجے ہوگا جسے کانگریس کے مختلف میڈیا پلیٹ فارم پر دیکھا جا سکتا ہے۔


29 Apr 2020, 8:59 PM

عرفان بھائی، آپ بہت یاد آؤ گے: شاہ رخ خان

معروف اداکار عرفان خان کے انتقال پر ہر کوئی غمزدہ نظر آ رہا ہے۔ بالی ووڈ میں کنگ خان کے نام سے مشہور شاہ رخ خان نے بھی عرفان خان کے انتقال کو صدمہ عظیم ٹھہرایا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ”میرے دوست... ترغیب اور ہمارے وقت کے عظیم اداکار۔ عرفان بھائی، آپ کو اللہ اپنی رحمت میں رکھے۔ آپ بہت یاد آؤ گے کیونکہ آپ ہماری زندگی کا بہت اہم حصہ تھے۔“

اپنے ٹوئٹ کے آخری حصے میں شاہ رخ نے یہ شعر بھی لکھا کہ ”پیمانہ کہے ہے، کوئی میخانہ کہے ہے/دنیا تیری آنکھوں کو بھی، کیا کیا نہ کہے ہے۔“

29 Apr 2020, 8:16 PM

تنہا گجرات میں کورونا متاثرین کی تعداد 4000 کے پار، مہلوکین 197

گجرات میں کورونا وائرس انفیکشن کی تعداد تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے۔ خبروں کے مطابق آج 308 نئے معاملے درج کیے گئے جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 4 ہزار سے تجاوز ہو کر 4082 پہنچ گئی ہے۔ ریاست میں مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 197 ہو گئی ہے۔


29 Apr 2020, 7:39 PM

عرفان خان کے جنازہ کو فلم ڈائریکٹر تگمانشو دھولیا نے بھی دیا کاندھا

اداکار عرفان کان اندھیری میں ورسووا واقع قبرستان میں سپرد خاک کر دیے گئے ہیں۔ ان کے آخری سفر کی کچھ تصویریں سامنے آ رہی ہیں جن سے ظاہر ہو رہا ہے کہ چند لوگ ہی ان کی آخری رسومات میں شامل ہو سکے۔ دراصل لاک ڈاؤن کی وجہ سے سینکڑوں لوگ چاہ کر بھی عرفان خان کا آخری دیدار نہیں کر سکے اور ان کے جسد خاکی کو اسپتال سے سیدھے قبرستان لے جایا گیا۔ عرفان خان کے آخری سفر میں جو چند لوگ شامل تھے ان میں مشہور فلم ڈائریکٹ تگمانشو دھولیا کا بھی نام ہے۔ کچھ تصویروں میں تگمانشو دھولیا سب سے آگے عرفان کے جنازہ کو کاندھا دیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ تگمانشو دھولیا مرحوم عرفان خان کے قریبی دوستوں میں شامل تھے اور اسپتال میں جب ان کے انتقال کی خبر سامنے آئی تو تگمانشو بھی وہاں دیکھے گئے تھے۔

29 Apr 2020, 6:40 PM

الگ الگ جگہ پھنسے مہاجر مزدوروں، سیاحوں، طلبا اور عقیدتمندوں کو گھر واپسی کی اجازت

مرکزی حکومت نے ملک میں الگ الگ جگہ پر پھنسے مہاجر مزدوروں، سیاحوں، طلبا اور عقیدتمندوں کو نقل مکانی کی اجازت دے دی ہے۔ ریاستوں کو پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے ایک دوسرے سے رابطہ کر کے آمد و رفت یقینی بنانی ہوگی۔


29 Apr 2020, 5:28 PM

ممتا بنرجی نے اداکارعرفان خان کے انتقال پر تعزیت کی

مغربی بنگال کی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے بالی ووڈ اداکار عرفان خان کے انتقال پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ممتا بنرجی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ عرفا ن خان نے اپنی اداکاری کی جو وراثت چھوڑی ہے اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیرا علیٰ نے مزید لکھا کہ کئی سال قبل کولکاتا میں ان سے میری ملاقات ہوئی تھی۔ وہ اچھے انسان تھے۔

واضح رہے کہ آج صبح عرفا ن خان کا ممبئی واقع کوکیلا بین اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ گزشتہ ہفتے ہی ان کی والدہ سعیدہ بیگم کا انتقال ہوگیا تھا۔ منگل کے روز عرفان خان کی طبیعت اچانک خراب ہونے کے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ دوسال قبل وہ کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہوگئے تھے جس کا علاج انھوں نے بیرونی ممالک میں کرایا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔