اہم خبریں: پہلو خان کے ’نابالغ‘ قاتلوں کو سزا، ’جوینائل ہوم‘ بھیجنے کا حکم

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

13 Mar 2020, 8:08 PM

پہلو خان کے ’نابالغ‘ قاتلوں کو سزا، ’جوینائل ہوم‘ بھیجنے کا حکم

الور: راجستھان کے الور میں پیش آئے پہلوخان قتل معاملہ میں جوینائل جسٹس بورڈ نے جمعہ کے روز دو نابالغ قصورواروں کو تین تین سال کے لیے جوینائل ہوم میں رکھنے کا حکم دیا۔

اسی معاملہ میں ایک دیگر ملزم کا معاملہ پوکسو عدالت میں زیر التوا ہے۔ جوینائل جسٹس بورڈ کی پرنسپل مجسٹریٹ سریتا دھاکڑ نے شواہد سے متعلق ویڈیو فوٹیج دیکھنے کے بعد ان کو ہجومی تشدد کا قصور وار مانتے ہوئے یہ سزا سنائی۔ اس معاملہ کے دیگر ملزمان کو ایک عدالت نے ناکافی شواہد کی بناپر بری کر دیا تھا۔

معاملہ کے مطابق یکم اپریل 2017 کو بہروڈ شاہراہ پر پک اپ گاڑیوں میں گایوں اور بیلوں کولے جارہے پہلو خان اور انکے بیٹوں کے ساتھ بھیڑ نے مارپیٹ کی تھی ۔ واقعہ کے دودن بعد پہلو خان کی اسپتال میں علاج کے دوران موت ہو گئی۔ اس معاملہ میں پولیس نے چھ بالغ اور تین نابالغ لڑکوں کے خلاف عدالت میں چالان پیش کیا تھا۔ 14 اگست 2019 کو الور کے ایڈیشنل ضلع اور سیشن عدالت نے سبھی ملزمان کو بری کردیاتھا،جس کے خلاف ریاستی حکومت نے راجستھان ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی تھی۔

13 Mar 2020, 6:21 PM

دہلی اسمبلی میں این پی آر کے خلاف قرارداد منظور

دہلی اسمبلی سے آج این پی آر (قومی شہریت رجسٹر) کے نفاذ کے خلاف قرارداد منظور کر لی گئی۔ اس قرارداد کی تجویز جمعہ کے روز کابینہ وزیر گوپال رائے نے پیش کی تھی۔

بحث کے دوران حکومت کا موقف پیش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ دہلی اسمبلی کے 70 ارکان میں سے 61 سے پاس برتھ سرٹیفکیٹ موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کابینہ کے ارکان کے پاس بھی برتھ سرٹیفکیٹ موجود نہیں ہیں۔

13 Mar 2020, 5:10 PM

ایران: کورونا وائرس سے مزید 85 اموات، مہلوکین کی مجموعی تعداد 514 پہنچی

ایران میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد لگاتار بڑھتی جا رہی ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق اس وائرس کی وجہ سے 85 دیگر لوگوں کی موت ہو گئی ہے اور اس طرح مہلوکین کی مجموعی تعداد 514 ہو گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ پوری دنیا میں اب تک کورونا وائرس کی وجہ سے 5 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔ 1.36 لاکھ افراد اب بھی اس وائرس کے شکار ہیں اور ان کا علاج مختلف اسپتالوں میں جاری ہے۔


13 Mar 2020, 4:10 PM

کورونا وائرس: بہار میں بھی سبھی اسکول و کالج 31 مارچ تک بند

بہار حکومت نے اعلان کر دیا ہے کہ کورونا وائرس کے مدنظر سبھی اسکول، کالج اور کوچنگ سنٹر 31 مارچ تک بند رہیں گے۔ سرکاری اسکولوں کے طلبا کو اسکول کھلنے تک ان کے بینک اکاؤنٹس میں مڈ ڈے میل کا پیسہ بھیجے جانے کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل دہلی حکومت نے اسکول و کالج 31 مارچ تک بند کرنے کا اعلان کیا تھا اور اتر پردیش میں بھی 22 مارچ تک اسکول و کالج بند کیے جانے کا حکم جاری ہو چکا ہے۔

13 Mar 2020, 3:03 PM

کورونا وائرس کی وجہ سے ’آئی پی ایل‘ 15 اپریل تک ملتوی

آئی پی ایل 2020 کو 15 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے بی سی سی آئی نے یہ فیصلہ لیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل دہلی حکومت نے آئی پی ایل میچ دہلی میں نہیں کرائے جانے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن اب جب کہ آئی پی ایل 15 اپریل تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے، تو امید کی جا رہی ہے کہ اس کے بعد دہلی میں ہونے والے میچ بھی ہو سکیں گے۔


13 Mar 2020, 2:06 PM

اترپردیش: کورونا وائرس کی وجہ سے اسکول و کالج 22 مارچ تک بند

دہلی، اڈیشہ اور ہریانہ کے بعد اب یو پی حکومت نے کورونا وائرس کی بڑھتی تباہی کے مدنظر وبا قرار دیا ہے۔ ساتھ ہی یوگی حکومت نے اسکول و کالج 22 مارچ تک بند کرنے کا حکم صادر کر دیا ہے۔ اس سے پہلے دہلی حکومت نے اسکولوں، کالجوں اور سنیما ہالوں کو احتیاطی طور پر 31 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

13 Mar 2020, 1:10 PM

کورونا وائرس کے قہر کو دیکھتے ہوئے پرینکا گاندھی نے دیا بہترین مشورہ

کورونا وائرس کا قہر پوری دنیا میں دیکھنے کو مل رہا ہے اور جہاں اس وائرس نے کم و بیش 5 ہزار جانیں لے لی ہیں، وہیں ہندوستان میں بھی ایک مریض کی موت ہو چکی ہے۔ اس کورونا وائرس کی خطرناکی کو دیکھتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے عوام کو بہترین مشورہ دیا ہے۔ انھوں نے اس ٹوئٹ میں لکھا ہے ’’آج دنیا کے تمام ممالک سمیت ہمارا ملک بھی کورونا وائرس جیسی وبا کی زد میں ہے۔ ایک ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے کچھ چھوٹی چھوٹی باتوں پر دھیان دے کر ہم اس بیماری کو پھیلنے سے روک سکتے ہیں۔‘‘ اس ٹوئٹ کے ساتھ پرینکا گاندھی نے ایک ویڈیو بھی لنک کیا ہے جس میں وہ کہتی ہوئی نظر آ رہی ہیں کہ ’’آپ بار بار صابن سے ہاتھ دھوئیے اور اگر کورونا وائرس کی کوئی علامت آپ کو نظر آ رہی ہے تو فوراً ڈاکٹر کے پاس جائیں اور زیادہ لوگوں سے ملنے سے پرہیز کریں۔‘‘


13 Mar 2020, 12:11 PM

اناؤ عصمت دری متاثرہ کے والد کی موت معاملہ میں سینگر سمیت سبھی قصورواروں کو 10 سال کی قید

اناؤ عصمت دری متاثرہ کے والد کی حراست میں موت کے معاملے میں دہلی کے تیس ہزاری کورٹ نے سابق بی جے پی رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر سمیت سبھی قصورواروں کو 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے سینگر اور اس کے بھائی اتل سینگر کو ہرجانہ کے طور پر متاثرہ فیملی کو 10-10 لاکھ روپے دینے کی ہدایت بھی دی ہے۔

13 Mar 2020, 11:06 AM

کورونا وائرس کو نظر انداز کیا گیا تو ملک کی معیشت تباہ ہو جائے گی: راہل گاندھی

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کورونا وائرس کے خطرے کو لے کر ایک بار پھر مودی حکومت کو آگاہ کیا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کر کے کہا ہے کہ ’’میں بار بار یہ بات دہرا رہا ہوں کہ کورونا وائرس بہت بڑا خطرہ ہے۔ اس مسئلہ کو نظر انداز کرنا حل نہیں ہے۔ اگر مضبوطی سے قدم نہیں اٹھایا گیا تو ہندوستان کی معیشت تباہ ہو جائے گی، لیکن حکومت اس طرف توجہ نہیں دے رہی ہے۔‘‘


13 Mar 2020, 10:10 AM

شیئر بازار میں تباہی جاری، سنسیکس 3000 اور نفٹی 1000 سے زیادہ پوائنٹ نیچے

شیئر بازار میں تباہی کا دور جاری ہے اور آج صبح کھلتے ہی سنسیکس کے ساتھ ساتھ نفٹی میں بھی زبردوست گراوٹ دیکھنے کو ملی ہے۔ صبح شیئر بازار کی حالت کافی خراب تھی اور سنسیکس جب 3090.62 پوائنٹ اور نفٹی 966.10 پوائنٹ نیچے گر گیا تو سرکٹ لگاتے ہوئے ٹریڈنگ کو تقریباً 45 منٹ کے لیے روک دیا گیا۔ اور جب دوبارہ 10.05 میں ٹریڈنگ شروع ہوا تو سنسیکس تقریباً 3500 پوائنٹ اور نفٹی 1052 پوائنٹ نیچے گر گیا۔

13 Mar 2020, 9:01 AM

کورونا وائرس کے خوف سے امریکی صدر ٹرمپ نے آئرلینڈ کے پی ایم سے نہیں ملایا ہاتھ

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر کورونا وائرس کا خوف پوری طرح حاوی نظر آ رہا ہے۔ انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نے (ٹرمپ اور آئرلینڈ کے وزیر اعظم) آج ہاتھ نہیں ملایا اور ہم نے ایک دوسرے کی طرف دیکھا اور کہا کہ ہم کیا کرنے والے ہیں؟ ایک عجیب سا احساس تھا۔ ہم نے ایسا کیا (ہاتھ جوڑے) میں ابھی ہندوستان سے واپس آیا ہوں اور میں نے وہاں ہاتھ نہیں ملائے۔ یہ آسان تھا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔