اہم خبریں: سمبت پاترا کو اسپتال سے چھٹی ملی

سمبت پاترا
سمبت پاترا
user

قومی آواز بیورو

10 Jun 2020, 6:24 AM

سمبت پاترا کو اسپتال سے چھٹی ملی

کورونا کی علامات کے سبب ہریانہ کے گروگرام میں میدانتا اسپتال میں 28 مئی سے داخل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کے ترجمان سمبت پاترا کو کل اسپتال سے چھٹی مل گئی ہے۔
مسٹر پاترا نے صبح ٹویٹر ہینڈل پر یہ جانکاری دی۔انہوں نے ٹویٹ کیا،’’آپ کی دعاوں کی وجہ سے میں صحت یاب ہوکر گھر لوٹا ہوں۔پوری طرح سے صحت یاب ہونے میں تھوڑا وقت لگے گا۔ آپ کی دعاوں اور برکتوں کو میرا سلام۔
ایک دیگر ٹویٹ میں اپنی پارٹی وقیادت کا بھی انہوں نے شکریہ ادا کیا کہ بیماری میں پارٹی نے ان کی فکر کی اور قیادت سایہ بن کر ان کے ساتھ کھڑی رہی۔
28 مئی کو مسٹر پاترا میں کورونا کی علامات نظر آئی تھی۔اس کے بعد انہیں جانچ کے لئے گروگرام کے میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

09 Jun 2020, 10:33 PM

یو پی حکومت کو انامیکا شکلا کے گھر جا کر پوری فیملی سے معافی مانگی چاہیے: پرینکا گاندھی

اتر پردیش میں کئی اسکولوں سے ایک ساتھ تنخواہ اٹھانے کے الزام کا سامنا کرنے والی انامیکا شکلا میڈیا کے سامنے آ چکی ہیں اور انھوں نے کئی ایسے انکشافات کیے جو حیران کن ہیں۔ پتہ چلا ہے کہ ان کے نام پر کوئی دھوکہ دہی کر رہا تھا اور انامیکا کو خبر بھی نہیں ہوئی۔ پوری بات سامنے آنے کے بعد کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے اس معاملہ کو بدعنوانی کی انتہا قرار دیا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا ہے کہ ”یو پی حکومت کو انامیکا شکلا کے گھر جا کر ان کی پوری فیملی سے معافی مانگنی چاہیے۔“ انھوں نے مزید کہا ہے کہ ”غریبی کی مار برداشت کر رہی انامیکا شکلا کو پتہ بھی نہیں تھا کہ اس کے نام پر یہ سب چل رہا ہے۔“

09 Jun 2020, 10:10 PM

مرکزی حکومت سے ڈیمانڈ تو بہت ہے لیکن ہمیں ایک وینٹی لیٹر تک نہیں ملا: ہیمنت سورین

جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین مرکز کی مودی حکومت سے کافی مایوس نظر آ رہے ہیں۔ انھوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ ”مرکزی حکومت سے ڈیمانڈ تو بہت ہے لیکن بدقسمتی ہے کہ وہاں سے ہمیں ایک وینٹی لیٹر تک نہیں ملا ہے۔ ہم اپنے محدود وسائل میں کام کر رہے ہیں۔ وہیں اس کورونا بحران میں بھی بی جے پی اپنی سیاست کے رنگوں میں رنگی نظر آ رہی ہے۔“


09 Jun 2020, 9:25 PM

کورونا بحران میں آئی سی سی نے کرکٹ قوانین میں کی کچھ تبدیلیاں

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرکٹ کے قوانین میں کچھ تبدیلی کیے جانے سے متعلق تصدیق کر دی ہے۔ آئی سی سی کے مطابق قوانین میں جو عبوری تبدیلی کی گئی ہے اس کے مطابق گیند کو چمکانے کے لیے اس پر تھوک استعمال کرنا اب ممنوع ہوگا اور بین الاقوامی سیریز میں گھریلو امپائروں سے امپائرنگ کرانے کی بھی اجازت دی جائے گی۔

09 Jun 2020, 7:58 PM

مہاراشٹر: بی ایم سی کے سینئر افسر کی کورونا سے موت

مہاراشٹر کے آبی فراہمی محکمہ میں تعینات بی ایم سی کے ایک سینئر افسر کا کورونا ٹیسٹ گزشتہ دنوں پازیٹو آیا تھا اور ان کا علاج اسپتال میں چل رہا تھا۔ آج ان کی موت واقع ہو گئی۔ قابل ذکر ہے کہ مہاراشٹر میں کورونا کا قہر لگاتار بڑھتا ہی جا رہا ہے اور روزانہ نہ صرف بڑی تعداد میں کورونا انفیکشن کے نئے معاملے سامنے آ رہے ہیں بلکہ لوگوں کی اموات بھی ہو رہی ہے۔


09 Jun 2020, 7:14 PM

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کا کورونا ٹیسٹ رپورٹ نگیٹو

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ برآمد ہو گئی ہے اور یہ نگیٹو یعنی منفی ہے۔ اس خبر کے بعد اروند کیجریوال اور ان کے شیدائیوں نے راحت کی سانس لی۔ قابل ذکر ہے کہ 8 جون کو بخار اور کھانسی کی شکایت کے بعد اروند کیجریوال نے خود کو آئسولیٹ کر لیا تھا اور آج صبح کورونا ٹیسٹ کے لیے ان کا سیمپل لیا گیا تھا۔

09 Jun 2020, 5:31 PM

یو پی: پرینکا گاندھی نے 69000 اساتذہ تقرری گھوٹالہ کو بتایا 'یو پی کا ویاپم'

کانگریس جنرل سکریٹری اور اتر پردیش کی انچارج پرینکا گاندھی نے اتر پردیش میں 69 ہزار اساتذہ تقرری معاملہ کو لے کر یوگی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے اپنے فیس بک لائیو میں اسے اتر پردیش حکومت کا ’ویاپم گھوٹالہ‘ قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ 69 ہزار اساتذہ تقرری میں بے ضابطگی کوئی معمولی نہیں ہے۔ ڈائریوں میں طلبا کے نام، پیسے کا لین دین، امتحان مراکز میں بڑی ہیرا پھیری وغیرہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان بے ضابطگیوں کے پیچھے کوئی ریکٹ کام کر رہا ہے۔


09 Jun 2020, 5:10 PM

راجستھان: ایک ہی مکان سے 26 کورونا پازیٹو مریض ملنے کے بعد لوگوں میں دہشت

راجستھان میں کورونا انفیکشن کا ایک حیران کرنے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ منگل کو راجدھانی جے پور واقع سبھاش چوک علاقہ میں ایک ہی مکان میں 26 کورونا پازیٹو مریض سامنے آئے ہیں۔ اس خبر سے لوگوں میں دہشت کا عالم ہے۔ سبھاش چوک علاقہ کے چانکیہ مارگ واقع ایک ہی مکان میں یہ سبھی پازیٹو مریض پائے گئے اور سبھی لوگ کرایہ دار بتائے جا رہے ہیں۔ سبھی مریض کو سوائی مان سنگھ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

09 Jun 2020, 4:10 PM

کیرالہ: سنگین طور پر زخمی ہاتھی کی موت، 5 دن سے چل رہا تھا علاج

کیرالہ میں سنگین طور پر زخمی ایک ہاتھی کی موت کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ شمالی نیلامبور فوریسٹ رینج میں زخمی پائے گئے ہاتھی کی پیر کے روز ملپورم میں موت واقع ہو گئی۔ 5 دنوں سے اس کا علاج چل رہا تھا۔ پوسٹ مارٹم کے بعد محکمہ جنگلات کے افسران نے ہاتھی کی لاش کو نذر آتش کر دیا۔ ایک افسر نے بتایا کہ ”ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہاتھی کو کسی دوسرے ہاتھی کے ساتھ لڑائی کی وجہ سے سنگین چوٹیں آئی تھیں۔“


09 Jun 2020, 3:13 PM

بی جے پی لیڈر جیوترادتیہ سندھیا اور ان کی ماں کورونا پازیٹو، اسپتال میں چل رہا علاج

کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے معروف لیڈر جیوترادتیہ سندھیا کی طبیعت گزشتہ کچھ دنوں سے خراب چل رہی ہے۔ انھیں دہلی کے ساکیت اسپتال مین داخل کرایا گیا ہے۔ اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جیوترادتیہ سندھیا کورونا وائرس انفیکشن کا علاج کرانے اسپتال میں داخل ہوئے۔ خبروں کے مطابق سندھیا اور ان کی ماں مادھوی راجے سندھیا کورونا پازیٹو ہیں اور گزشتہ چار دنوں سے ساکیت واقع میکس اسپتال میں علاج کے لیے داخل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جیوترادتیہ سندھیا میں کورونا کی علامت دکھائی دے رہی تھی جب کہ ان کی ماں میں انفیکشن کی علامت دکھائی نہیں دی تھی۔

09 Jun 2020, 2:14 PM

دہلی میں جولائی تک ہوں گے کورونا کے ساڑھے پانچ لاکھ کیس: منیش سسودیا

دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ میٹنگ کے بعد نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے میڈیا سے بات کی۔ اس دوران انھوں نے بتایا کہ ”دہلی میں جس طرح سے کورونا کے معاملے بڑھ رہے ہیں، اگر ایسے بڑھتے رہے تو 15 جولائی تک 33 ہزار بیڈ کی ضرورت پڑے گی، اور 31 جولائی تک کورونا کے مریضوں کے لیے 80 ہزار تک بیڈ کی ضرورت پڑے گی۔“ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ 15 جولائی تک دہلی کورونا انفیکشن کے 2.25 لاکھ کیسز ہونے کا امکان ہے اور یہی رفتار رہی تو 31 جولائی تک کیسز کی تعداد 5.5 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔


09 Jun 2020, 1:40 PM

مہاراشٹرا، گجرات اور دہلی میں کورونا وائرس سے 71.3 فیصد ہلاکتیں

نئی دہلی: مہاراشٹر، گجرات اور دہلی میں کورونا وائرس ’کووڈ 19‘ سے اب تک 5323 متاثرین کی موت ہوچکی ہے جو مجموعی اموات کا 71.3 فیصد ہے۔ منگل کو وزارت صحت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 9987 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 2،66،598 ہوگئی ہے۔ ملک میں اس وبا سے مجموعی طور پر 7،466 افراد ہلاک اور 1،29،215 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔

09 Jun 2020, 11:40 AM

جھانسی: ایک ہی دن میں کورونا کے 9 نئے معاملے، کل تعداد 61 تک پہنچی

جھانسی: اترپردیش میں جھانسی میں ایک ہی دن میں کورونا کے 9 نئے معاملے سامنے آنے سے یہاں کورونا مریضوں کی کل تعداد 61 تک پہنچ گئی ہے۔ ضلعی افسر اندرا وامسی نے منگل کو بتایا کہ 121 نمونوں کی جانچ میں سے 9 کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ نئے معاملے آنے کے بعد کورونا مریضوں کی تعداد 61 پہنچ گئی ہے۔ ضلع میں 7 کورونا کے مریضوں کی موت ہوچکی ہے اور 36 کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ اس طرح ضلع میں کل ایکٹیو مریضوں کی تعداد 18 ہے۔


09 Jun 2020, 10:41 AM

جنوبی کوریا میں کورونا کے 38 نئے معاملے، متاثرہ معاملوں کی تعداد 11852 تک پہنچی

سیول: جنوبی کوریا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کووڈ-19 کے 38 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جس سے مجموعی متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 11852 ہوگئی ہے، وہیں اس دوران ایک شخص کی موت ہوجانے سے مرنے والوں کی تعداد 274 پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ دو روز سے کم از کم 40 نئے معاملے روشنی میں آرہے ہیں ۔ ان نئے معاملوں میں تین افراد بیرون ملک سے آئے جس سے غیرملکی متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 1300 ہوگئی ہے۔ جنوبی کوریا میں اب تک 274 افراد کی موت ہوچکی ہے ۔ یہاں موت کی شرح 2.31 فی صد ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 26 مریض صحتیاب ہوئے ہیں ۔ صحت یاب مریضوں کی تعداد بڑھ کر 10 ہزار 859 ہوگئی ہے۔یہاں مریضوں کے صحت یاب ہونے کی سطح 89.3 فی صد ہے۔

09 Jun 2020, 8:54 AM

مصر میں کورونا معاملوں کی تعداد 35 ہزار سے زائد

قاہرہ: مصر کی وزارت صحت نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کووڈ-19 وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 35 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ وزارت صحت کے ترجمان خالد مجاہد نے ایک بیان میں کہا کہ کورونا وائرس لیبارٹریز سے کل 1365 نئے مثبت معاملے سامنے آئے ہیں۔ یہ تمام افراد ا ان مریضوں کے رابطے میں آئے جو پہلے سے کورونا مرض سے متاثر تھے۔ چند روز قبل اس بیماری سے 34 لوگوں کی موت ہوگئی ہے۔

خالد مجاہد نے کہا کہ تمام نئے مریض اسپتالوں میں ہیں اور انہیں عالمی صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او) کی ہدایت کے مطابق طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ملک میں کل 35444 افراد کورونا سے متاثر ہیں۔ 9375 افراد اس بیمارے سے ٹھیک ہوئے ہیں جبکہ 1271 افراد کی اب تک موت ہوچکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔