اہم خبریں: یو پی میں عوامی مقامات پر تھوکنا پڑے گا مہنگا، ہوگی سخت کارروائی
عوامی مقامات پر کسی نے تھوکا تو سخت کارروائی ہوگی: اونیش کمار
اتر پردیش کے ایڈیشنل سکریٹری برائے داخلہ اونیش کمار اوستھی نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ”کسی بھی عوامی مقامات پر تھوکنا سختی کے ساتھ منع ہے، اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔“ اس کے ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ مذہبی مقامات، دفاتر، مال، ہوٹل اور ریستورانوں میں اندر جانے سے پہلے ہاتھوں کو الکحل والے سینیٹائزر سے سینیٹائز کیا جائے گا۔
غیر مصدقہ خبروں کے مطابق داؤد ابراہیم کی کورونا سے موت
انڈرورلڈ سرغنہ داؤد ابراہیم کی کورونا انفیکشن سے موت کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ کچھ میڈیا چینل خصوصی ذرائع کے حوالے سے اس طرح کی خبریں چلا رہے ہیں لیکن ابھی تک اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ جمعہ کے روز خفیہ ایجنسیوں کے حوالے سے یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ داؤد ابراہیم اور اس کی بیوی کورونا وائرس انفیکشن کی زد میں ہے اور کراچی کے فوجی اسپتال میں ان کا علاج چل رہا ہے۔ خبریں یہ بھی سامنے آئی تھیں کہ داؤد کے نجی اہلکاروں اور گارڈس کو کوارنٹائن کیا گیا ہے۔ حالانکہ داؤد ابراہیم کے بھائی انیس ابراہیم نے ایسی خبروں کو خارج کرتے ہوئے کہا تھا کہ داؤد ابراہیم اور اس کی فیملی پوری طرح سے صحت مند ہے۔
چین کو شکست دینا ہے تو اس کے سامان کا بائیکاٹ کرنا ہوگا: بابا رام دیو
ہندوستان اور چین کے درمیان رشتوں میں پیدا تلخی پر یوگ گرو بابا رام دیو نے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت چین کے سامان کا بائیکاٹ کرنا ضروری ہے۔ انھوں نے ایک ہندی نیوز چینل کے خصوصی پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سرحدوں کی سیکورٹی کرنے میں ہماری فوج پوری طرح اہل ہے۔ چین کو شکست دینے کے لیے اسلحہ سے زیادہ اس کے سامانوں کا بائیکاٹ ضروری ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ 15 سے 20 لاکھ کروڑ کا کاروبار چین ہمارے ملک سے کرتا ہے۔ ملک میں آج ٹائلٹ کی سیٹ سے لے کر کھلونا سمیت چین سے منگائے جاتے ہیں۔
چراغ پاسوان کی حالت اڈوانی جیسی ہو گئی ہے: تیجسوی یادو
ایل جے پی لیڈر چراغ پاسوان کے ذریعہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر دیا گیا بیان موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ اس درمیان آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ”چراغ پاسوان کی حالت جوانی کے اڈوانی جیسی ہو گئی ہے۔ جس طرح سے اڈوانی جی کو سینئر لیڈر ہونے کے باوجود توجہ نہیں دی جا رہی ہے وہی حال چراغ بھائی کا ہے۔ ان کو نہ کوئی اِدھر پوچھ رہا ہے نہ کوئی اُدھر پوچھ رہا ہے۔“
کچھ اسپتال دھمکی دے رہے ہیں کہ کورونا کے مریض نہیں لیں گے: اروند کیجریوال
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے دہلی کے کچھ اسپتالوں پر کورونا کے مریض نہ لینے کی دھمکی دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ انھوں نے آج میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ”دہلی کے کچھ اسپتال اتنے طاقت ور ہو گئے ہیں کہ سبھی پارٹیوں کے اندر ان کی رسائی ہے۔ انھوں نے دھمکی دی ہے کہ ہم کورونا کے مریض نہیں لیں گے جو کرنا ہے کر لو۔ میں ان کو کہنا چاہتا ہوں کہ کورونا کے مریض تو تم کو لینے ہی پڑیں گے۔“
مہاراشٹر: گزشتہ 24 گھنٹے میں کوئی پولس اہلکار نہیں ہوا کورونا پازیٹو، 2 کی موت
مہاراشٹر پولس کو کئی دنوں کے بعد ایک اچھی خبر یہ ملی ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں کسی بھی پولس اہلکار کی کورونا رپورٹ پازیٹو نہیں آئی ہے۔ ہاں یہ افسوسناک ضرور ہے کہ پہلے سے ہی کورونا پازیٹو دو پولس اہلکاروں کی موت گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہو گئی۔ اس کے بعد مہاراشٹر میں پولس اہلکاروں کی ہلاکت کی مجموعی تعداد 33 ہو گئی ہے۔
دہلی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ہیڈکوارٹر میں کورونا کے 5 پازیٹو کیسز آئے سامنے
دہلی کے خان مارکیٹ واقع لوک نایک بھون میں موجود انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ہیڈکوارٹر میں کورونا وائرس کے 5 پازیٹو کیس سامنے آئے ہیں۔ اس بات کا پتہ چلتے ہی جمعہ کے روز بلڈنگ کو سینیٹائز کیا گیا اور یہ بلڈنگ اتوار تک کے لیے سیل کر دیا گیا ہے۔
ہندوستان: گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا انفیکشن کے ریکارڈ 9887 کیسز آئے سامنے، 294 اموات
ہندوستان میں کورونا وائرس انفیکشن کے نئے معاملے روزانہ ریکارڈ قائم کر رہے ہیں۔ آج جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں اب تک کے سب سے زیادہ 9887 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور سب سے زیادہ 294 اموات بھی ہوئیں۔ ان اعداد و شمار کو دیکھ کر لوگوں میں خوف کا ماحول ہے اور حکومت بھی متفکر ہے کہ اس پر کس طرح قابو پایا جائے۔
دہلی: گرودوارہ بنگلہ صاحب میں کیا گیا سینیٹائزیشن کا انتظام
8 جون سے مذہبی عبادت گاہوں اور مذہبی مقامات عام لوگوں کے لیے کھولنے کی تیاریاں چل رہی ہیں۔ اسی کے تحت دہلی واقع بنگلہ صاحب گرودوارہ میں بھی سینیٹائزیشن کا انتظام کیا گیا ہے۔ مرکزی وزارت برائے صحت و خاندانی فلاح کے ذریعہ جاری ایس او پی (رہنما ہدایات) کو سامنے رکھتے ہوئے بنگلہ صاحب گرودوارہ میں لوگوں کے لیے انتظام کیا جا رہا ہے۔
امریکہ: جارجیا میں ایک طیارہ حادثہ کے دوران 5 افراد کی موت
امریکہ کے شہر جارجیا میں ایک چھوٹا طیارہ حادثہ کا شکار ہو گیا۔ اس واقعہ میں 5 افراد کے جاں بحق ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس طیارہ میں ایک ہی فیملی کے ان 4 لوگوں کی بھی موت ہو گئی جو کسی کی آخری رسومات کی تقریب میں حصہ لینے جا رہے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔