اہم خبریں: سوشانت سنگھ کیس میں ڈرگس کنکشن کی جانچ کے دوران دیپیش ساونت گرفتار
سوشانت کیس: ڈرگس کنکشن میں دیپیش ساونت گرفتار
ممبئی نارکوٹکس بیورو نے سوشانت کیس کے ڈرگس کنکشن کی جانچ کے دوران دیپیش ساونت کو گرفتار کیا ہے۔ بیورو کے مطابق اس کے بیانات کی بنیاد پر گرفتاری کی گئی ہے۔ فی الحال دیپیش کا دیگر گرفتار اشخاص سے آمنا سامنا کرایا جا رہا ہے۔
بی جے پی لیڈر راکیش شرما کا قاتل ممبئی میں گرفتار
ممبئی: اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے بی جے پی رہنما کے قتل سمیت کئی بڑے جرائم کے سلسلے میں مطلوب ایک بدنام زمانہ مجرم کو ممبئی کے مضافاتی علاقوں سے پکڑ لیا گیا، جہاں وہ خاموشی سے پھل فروخت کرنے میں مصروف تھا۔ ملزم کا نام آشو عرف پروین عرف آکاش راجندر سنگھ ہے جو مغربی یوپی کے خوفناک مرچی گینگ کا ایک اہم رکن سمجھا جاتا ہے۔ اس نے مبینہ طور پر ستمبر 2019 میں دھولانا (ضلع ہاپور) میں بی جے پی کے ایک مقامی رہنما راکیش شرما کو قتل کیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر پولس (کرائم) اکبر پٹھان نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم نے اور اس کے ساتھیوں نے 6 جنوری 2020 کو ایک ممتاز صنعتکار گورو چندیل کو گولی مار کر ہلاک بھی کیا تھا۔ اس کے علاوہ اس کے خلاف قتل، اغوا، بھتہ خوری اور دیگر جرائم کے مزید 17 سنگین مقدمات بھی درج ہیں جس میں یوپی، ہریانہ اور دہلی میں ہوئے جرائم کی وارداتیں بھی شامل ہیں۔
مودی جی چین کا نام لینے سے گھبراتے ہیں: رندیپ سرجے والا
کانگریس کے قومی ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے ایک بار پھر مودی حکومت کو چین معاملہ پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ "مودی جی چین کا نام لینے سے گھبراتے ہیں، اور بھاجپائی ہمیں علم بانٹنے آتے ہیں، لال آنکھ دکھانے کا وعدہ کر ووٹ جٹاتے ہیں، اقتدار میں آ چین پر آنکھ موند سو جاتے ہیں، چینی ہمت کر ہماری زمین پر قبضہ کرنے آتے ہیں، لیکن وہ سوال پوچھنے والوں پر سوال اٹھاتے ہیں۔ ملک سے غداری بند کرو۔"
آئی پی ایل کا شیڈول اتوار کو جاری ہوسکتا ہے
نئی دہلی: آئی پی ایل کا انعقاد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں 19 ستمبر سے 10 نومبر تک ہونا ہے اور اس کا شیڈول اتوار کے روز جاری ہوسکتا ہے۔ آئی پی ایل کے چیئرمین برجیش پٹیل کے مطابق آئی پی ایل کے 13 ویں سیزن کا شیڈول اتوار کو جاری ہوسکتا ہے۔ آٹھ ٹیمیں 20 اور 21 اگست کو متحدہ عرب امارات پہنچ گئی تھیں اور پروٹوکول کے مطابق مدت گزرنے کے بعد پریکٹس شروع کرچکی ہیں۔
چنئی سپر کنگز ٹیم کے دو کھلاڑیوں سمیت 13 ممبران کی کورونا رپوٹ مثبت آئی تھی جس کے نتیجے میں ان کا پریکٹس سیشن سب سے آخر میں 4 ستمبر کو شروع ہوا۔ تمام ٹیمیں آئی پی ایل کے شیڈول کا انتظار کر رہی ہیں۔ دریں اثنا، دفاعی چیمپین ممبئی انڈینز کے تیز گیند باز لست ملنگا اور چنئی سپر کنگز کے دو کھلاڑی سریش رائنا اور آف اسپنر ہربھجن سنگھ ذاتی وجوہات کے سبب آئی پی ایل سے دستبردار ہوگئے ہیں۔ چنئی کے 13 کھلاڑی اس وقت 14 روز کے کوارنٹائن میں ہیں اور ممبئی اور چنئی نے ابھی تک متبادل کھلاڑی کی تلاش نہیں کی ہے۔
ایس پی لیڈر عارف انور ہاشمی گرفتار
بلرامپور: اترپردیش کے ضلع بلرامپور کے اترولہ اسمبلی حلقے سے سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر عارف انور ہاشمی کو ہفتہ کو مجرمانہ معاملوں میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ سرکاری دستاویزات میں ردوبدل کرنے اور گرام سماج کی زمین پر غیر قانونی قبضہ کے معاملے میں مطلوب سابق ایم ایل اے ڈاکٹر عارف انوار ہاشمی کو گرفتار کیا گیا ہے۔ سابق رکن اسمبلی کے اوپر دھوکہ دھڑی اور سرکاری زمین پر قبضہ کے دومعاملے درج ہیں۔ ایک معاملے کی جانچ کرائم برانچ کے ذریعہ کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سماج وادی پارٹی لیڈر کی گرفتاری سعداللہ نگر واقع دفتر سے کی گئی ہے۔ گرفتاری کے وقت پولیس کے اعلی افسران کے علاوہ بھاری تعداد میں سعداللہ نگر، ریہرا بازار اور اترولہ تھانے کی پولیس موجود تھی۔ انہوں نے بتایا کہ سابق رکن اسمبلی عارف انور ہاشمی اور ان کے بھائی معروف انوار ہاشمی کے نام سے جاری ہتھیار لائسنس کے منسوخی کی بھی کارروائی کی جارہی ہے۔ ڈاکٹر عارف سال 2007اورسال 2012 میں سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
رام مندر کے لئے چندہ وصول کرنے والا جعل ساز گرفتار
میرٹھ: رام مندرکے لئے ویشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) کے نام پر چندہ وصول کرنے والے ایک جعل ساز کو ہفتہ کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لئے فرضی رسدیں دے کر پیسے وصول کر رہا تھا۔ گرفتار شخص نے جگریتی کالونی میں وی ایچ پی کے نام سے فرضی آفس کھول رکھا ہے۔ جعل ساز کو وی ایچ پی کے اراکین نے گرفتار کیا اور اسے بعد میں پولیس کے حوالے کردیا۔ میڈیکل پولیس اسٹیشن ایک ایف آئی آر درج کی گئی ہے ساتھ ہی پولیس اس کے دوسرے ساتھیوں کے تلاش میں مشغول ہوگئی ہے۔
وی ایچ پی کے شہر کوآرڈینیٹر ارجن راٹھی نے یہاں بتایا کہ جعل ساز کی شناخت ناگیندر رانا باشندہ مظفر نگر کے طور پر ہوئی ہے جو رام مندر کے نام پر رقم وصول کررہا تھا ان لوگوں نے جگریتی ویہار کالونی میں ایک فرضی آفس بھی کھول رکھا ہے۔ سمیر اور انج بھی ناگیندر کے ساتھ کام کررہے تھے لیکن وہ ابھی فرار ہیں۔ پولیس ان کو گرفتار نہیں کرسکی ہے۔
7 لاکھ روپئے کی لوٹ معاملے میں 4 ملزم گرفتار
ایٹہ: اترپردیش کے ضلع ایٹہ کے شہر کوتوالی علاقے میں فوجی گیس سروس ملازمین کے اواگڑھ ہاوس کالونی میں ہوئی سات لاکھ روپئے کی لوٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے پولیس نے چار ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ اڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس او پی سنگھ نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ کوتوالی شہر علاقے میں فوجی گیس سروس ملازمین کے اواگڑھ ہاوس کالونی میں جمعرات کو ہوئی سات لاکھ دس ہزار 358روپئے کی لوٹ ہوئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے میں پولیس نے چار ملزمین، رامیسور،رویش، روی شرما کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے کا ایک ملزم ہری اوم ابھی بھی فرار ہے۔ گرفتار ملزمین کے قبضے سے لوٹی گئی نقدی پانچ لاکھ 22ہزار روپئے، تین رجسٹر، ایک موبائل فون، واردات میں استعمال کی گئی اسکوٹی اور غیرقانونی اسلحہ کارتوس برآمد کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سابق منیم اور اس کے ساتھیوں نے اس لوٹ کا منصوبہ بنایا تھا، معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔
بی جے پی نوجوانوں کے مستقبل پر کنڈلی مارے بیٹھی ہے! انصاف کب ملے گا... سرجے والا
کانگریس کے ترجمان رندیپ سورجے والا نے کہا ’’مودی جی، اب نئی ملازمتوں اور نئے عہدوں پر بین۔ نوجوانوں کے لئے تعلیم نہیں، نوجوانوں کے لئے کوئی روزگار نہیں، نوجوانوں کے امتحان کا کوئی نتیجہ نہیں، اب ... نوجوانوں کے لئے مستقبل میں کوئی نوکری نہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کے لئے مواقع پیدا نہیں کرتی ہے اور اس سمت میں کوئی کوشش نہیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’بی جے پی نوجوانوں کے مستقبل پر کنڈلی مارے بیٹھی ہے! انصاف کب ملے گا، نا انصافی اب نہیں چلے گی۔‘‘
کم سے کم حکمرانی، زیادہ سے زیادہ نجکاری حکومت کی پالیسی... راہل گاندھی
نئی دہلی: سابق کانگریس صدر راہل گاندھی نے مودی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت نے اپنی پالیسی تبدیل کردی ہے اور اب ’کم سے کم حکومت، زیادہ سے زیادہ نجکاری‘ کے نظریہ پر کام کر رہی ہے۔راہل گاندھی نے کہا کہ ’’مودی حکومت کی سوچ - کم سے کم حکمرانی زیادہ سے زیادہ نجکاری‘۔ کووڈ- 19 تو بس بہانہ ہے، سرکاری دفتروں کو پرمنینٹ اسٹاف سے مُکت بنانا ہے، نوجوانوں کا مستقبل چرانہ ہے اور ’دوستوں‘ کو آگے بڑھانا ہے۔ ‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔