اہم خبریں: راہل گاندھی نے رافیل کے لئے ہندوستانی فضائیہ کو دی مبارکباد، مودی پوچھے 3 سوال
پانچ رافیل جنگی طیارہ ہندوستانی فضائیہ میں شامل
انبالہ: ہندوستانی فضائیہ کی کارکردگی کو مزید بہتر کرنے کے لئے بدھ کو پانچ رافیل جنگی طیارہ ہندوستان پہنچ گئے ہیں۔ فرانس کی جنگی طیارہ ساز کمپنی دساں کے ساتھ نریندر مودی حکومت نے 36 رافیل جنگی طیارہ خریدنے کے لئے 59 ہزارکروڑ روپے کا سودا کیا تھا اور پہلی کھیپ کے طور پر پانچ طیارہ آج یہاں پہنچ گئے ہیں۔ دوسری کھیپ میں پانچ اور رافیل اگلے کچھ مہینوں میں آجائیں گے۔ امید ہے کہ 2022 تک سبھی 36 رافیل ہندوستان کو مل جائیں گے۔ ان طیاروں کو فضائیہ کے گولڈن ایرو 17 اسکوارڈن میں شامل کیا جائے گا۔
راہل گاندھی نے رافیل کے لئے ہندوستانی فضائیہ کو دی مبارکباد، مودی پوچھے 3 سوال
کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے رافیل کے لئے ہندوستانی فضائیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہوں نے مودی سرکار سے تین سوالات بھی پوچھے ہیں۔
ہر طیارے کی لاگت 526 کروڑ کی بجائے 1670 کروڑ کیوں ہے؟
126 کے بجائے 36 طیارے کیوں خریدے گئے؟
کیوں دیوالیہ ہوئے انیل کو HAL کی جگہ 30000 کروڑ کا ٹھیکہ کیوں دیا گیا؟
بیگو سرائے میں دو لوگوں کا گولی مار کرقتل
بیگو سرائے: بہار میں بیگو سرائے ضلع کے گڈہرا تھانہ علاقہ میں بدمعاشوں نے بدھ کی شام دو لوگوں کا گولی مار کر قتل کر دیا۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ ٹھکوری چک گاﺅں کے نزدیک سڑک کنارے دو لوگ بات کر رہے تھے تبھی بدمعاشوں نے ان کا گولی مار کر قتل کر دیا۔ مرنے والوں کی شناخت سوربھ کمار اور آدتیہ کمار کے طور پر کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ قتل کی وجہ آپسی رنجش بتائی جارہی ہے۔ واقعہ کی جانکاری ملتے ہی موقع پر پہنچی پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی ہیں۔ معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے ۔
بائیک کے کھائی میں گرنے سے دو افراد کی موت
شملہ: ہماچل پردیش میں ضلع چمبہ کے بھرمور سب ڈیویژن میں لونا لنک روڈ پر کل شام اورئی کے نزدیک ایک موٹر سائیکل حادثے میں ڈرائیور سمیت دو افراد کی موت ہوگئی۔ پولیس نے معاملہ درج کرلیا ہے اور حادثے کی وجوہات کی جانچ میں لگ گئی ہے۔ پولیس نے آج یہاں بتایا کہ کل شام یہ دونوں شادی کی تقریب سے بائیک پر گھر لوٹ رہے تھے، اورئی کے نزدیک بے قابو بائیک گہری کھائی میں گر گئی جس سے بائیک چلانے والے کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور دوسرے نے اسپتال لے جاتے وقت راستے میں دم توڑ دیا۔ پولیس نے ہلاک شدگان کی شناخت سرجیت سنگھ اور رویندر عرف کاکا کے طور پر ہوئی ہے۔
اتراکھنڈ: کورونا کا قہر، گنگوتری دھام 15 اگست تک عقیدتمندوں کے لیے بند
اتراکھنڈ میں بڑھتے کورونا انفیکشن کے سبب گنگوتری دھام کو بند کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ گنگوتری مندر عقیدتمندوں کے لیے 15 اگست تک بند رہے گا۔ گنگوتری مندر کمیٹی کے صدر سریش سیموال نے کہا کہ ہم نے گنگوتری دھام اور آس پاس کے علاقوں کو پوری طرح سے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور عقیدتمندوں کے لیے داخلہ کو 2 کلو میٹر پہلے ہی روک دیا جائے گا۔
وزارت برائے فروغ انسانی وسائل کا نام بدل کر وزارت تعلیم رکھنے کا فیصلہ، اعلان آج
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے ذریعہ موصول اطلاعات کے مطابق مودی حکومت نے وزارت برائے فروغ انسانی وسائل کا نام بدلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب اس وزارت کو وزارتِ تعلیم کے نام سے جانا جائے گا۔ بتایا جا رہا ہے کہ آج ہی اس سلسلے میں مرکزی حکومت کی جانب سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
ہندوستان: گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا انفیکشن کے 48 ہزار سے زائد کیسز درج، 768 اموات
ہندوستان میں کورونا انفیکشن کے مریضوں کی تعداد تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں جہاں 48513 نئے کیسز درج کیے گئے وہیں 768 لوگوں کی موت بھی اس وبا کی وجہ سے ہو گئی۔ اب ہندوستان میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 15 لاکھ 31 ہزار 669 ہو گئی ہے جبکہ اموات کی تعداد 34193 پہنچ گئی ہے۔
آخر دہلی میں کورونا ٹیسٹنگ آدھی کیوں ہوئی؟ کانگریس نے کیجریوال سے پوچھا سوال
دہلی کانگریس کے صدر انل چودھری نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کیجریوال حکومت کو کورونا ٹیسٹنگ کے تعلق سے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ 15 جون کو دہلی میں 7786 آر ٹی-پی سی آر ٹیسٹ ہوئے تھے جبکہ 26 جولائی کو 3821 آر ٹی-پی سی آر ٹیسٹ ہوئے، آخردہلی میں کورونا ٹیسٹنگ نصف کیوں ہوئی؟ انل چودھری نے ساتھ ہی کیجریوال حکومت سے یہ سوال بھی کیا ہے کہ آخر کیوں لگاتار آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کی تعداد گھٹ رہی ہے، کیجریوال حکومت عوام سے کیا چھپانا چاہتی ہے؟
مدھیہ پردیش: چھترپور واقع کورونا سنٹر پر ایک مریض نے کی خودکشی
مدھیہ پردیش کے چھترپور واقع ایک کورونا سنٹر میں خودکشی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولس ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب کورونا کے ایک مریض نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ خودکشی کی وجہ کا اب تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ واقعہ کی جانچ کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل دہلی اور بہار جیسی ریاستوں میں بھی کورونا مریض کی خودکشی کے کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں۔
آج انبالہ پہنچے گا پانچ رافیل طیاروں پر مبنی پہلا جتھہ، حفاظتی انتظامات سخت
آج رافیل جنگی طیارہ ہندوستانی فضائیہ میں شامل ہو جائے گا۔ پانچ رافیل طیاروں کا پہلا جتھہ آج انبالہ پہنچنے والا ہے جس کو لے کر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انبالہ ائیر بیس کے قریب موجود 4 گاؤں میں سی آر پی سی کی دفعہ 144 بھی نافذ ہے۔ قابل ذکر ہے کہ لینڈنگ کے دوران لوگوں کا چھتوں پر اکٹھا ہونا اور فوٹوگرافی کرنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
امریکہ: کورونا انفیکشن سے ایک دن میں تقریباً 1600 افراد کی موت
امریکہ میں کورونا انفیکشن سے روزانہ اموات کی تعداد میں کمی آنے کے بعد ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے۔ یہاں گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا سے تقریباً 1600 لوگوں کی موت ہو گئی ہے اور تقریباً 60 ہزار نئے کیسز بھی سامنے آئے ہیں۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکہ میں کورونا انفیکشن سے جہاں اب تک تقریباً 43 لاکھ لوگ بیمار ہو چکے ہیں، وہیں تقریباً ڈیڑھ لاکھ افراد کی موت بھی ہو چکی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔