اہم خبریں: عزاداروں پر طاقت کا بے تحاشہ استعمال مناسب نہیں... نیشنل کانفرنس
عزاداروں پر طاقت کا بے تحاشہ استعمال ناقابل قبول: نیشنل کانفرنس
سری نگر: جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے محرم کے سلسلے میں نکالے جا رہے جلوسوں اور عزاداروں کے خلاف طاقت کا بے تحاشہ استعمال کرنے اور انہیں گرفتار کر کے تھانوں میں بند کرنے کو مداخلت فی الدین سے تعبیر کرتے ہوئے سرکاری اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پارٹی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جس طرح سے کل بڈگام کے علاوہ دیگر مقامات پر بھی عزاداروں کے خلاف طاقت کا استعمال، ٹیئر گیس شیلنگ اور فائرنگ کی گئی وہ ناقابل قبول ہے۔
عمران نبی ڈار نے بڈگام میں کرفیو کے نفاذ اور گھر سے باہر نکلنے والوں کو زد و کوب کرنے کے واقعات کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ایسے اقدامات کے منفی نتائج سامنے آنے کے قوی امکانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماتمی جلوسوں اور پروگراموں پر عائد کی جانے والی پابندی سراسر غیر جمہوری، غیر اخلاقی اور مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے نیز مذہبی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے۔ ترجمان نے انتظامیہ پر زور دیا کہ پابندیوں کو ختم کر کے حسب قدیم عزاداروں کو جلوس نکالنے اور پروگراموں کے انعقاد کی اجازت دی جائے۔
سدرشن چینل کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی تیاری میں جامعہ ملیہ اسلامیہ
فرقہ پرستی کو ہوا دینے اور اشتعال انگیزی پھیلانے والی خبریں نشر کرنے والے 'سدرشن چینل' کے خلاف جامعہ ملیہ اسلامیہ (JMI) نے مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ لیا ہے۔ دراصل اس چینل نے اپنے ایک پروگرام میں 'جامعہ کے جہادی' نام سے ایک پرومو چلایا جو نہ صرف سماج میں نفرت پھیلانے والا ہے بلکہ جامعہ کی غلط تشہیر کرنے والا بھی ہے۔ سدرشن چینل کے اس پروگرام کی کئی لوگوں و تنظیموں نے سخت الفاظ میں تنقید کی ہے۔
طالبان کے ساتھ آئندہ ہفتے امن مذاکرات شروع ہونے کا امکان: عبداللہ عبداللہ
افغانستان انتظامیہ اور طالبان کے مابین امن مذاکرات آئندہ ہفتے سے شروع ہو سکتے ہیں۔ قومی معاہدہ اعلیٰ کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے جمعرات کو یہ بیان جاری کیا۔ کابل کے سیرینا ہوٹل میں ایک اجلاس کے دوران عبداللہ نے کہا کہ طالبان کے ساتھ امن مذاکرات اگلے ہفتے سے شروع ہو سکتے ہیں۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ مذاکرات میں شامل ہونے والے کابینی اراکین کی فہرست بھی بنا لی گئی ہے جس کا اعلان اگلے ہفتے کیا جائے گا۔
سلطانپور میں دو سب انسپکٹر معطل، ایک لائن حاضر
سلطانپور: اترپردیش کے ضلع سلطانپور میں کام میں لاپرواہی برتنے کے الزام میں دو سب انسپکٹر کو فوری اثر سے معطل کردیا گیا ہے جبکہ ایک چوکی انچارج کو لائن حاضر کردیا گیا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شیو ہری مینا نے جمعرات کو یہاں بتایا کہ جئے سنگھ پور تھانے میں تعینات سب انسپکٹر نریندر کمار اور دوست پور تھانے میں تعینات سب انسپکٹر کالکا پرساد کو فوری اثر سے معطل کردیا گیا ہے۔ لمبھوا تھانے کے تحت شنبھو گنج چوکی انچارج سب انسپکٹر یادو ویندر سونکر کو لائن حاضر کردیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دفعہ 307 معاملے میں موثر کارروائی نہ کرنے، جرائم اور جرائم پیشہ افراد و اپنی بیٹ کے جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی نہ کرپانے وغیرہ جیسے معاملوں میں سب انسپکٹر کو معطل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا نظم ونسق کو مزید چست ودرست کرنے کے لئے کروندی کلا کے سینئر سب انسپکٹر دیا شنکر مشرا کو یہاں سے ہٹا کر لمبھوا تھانے کے سینئر سب انسپکٹر کے عہدے پر بھیجا گیا ہے۔
جے ای ای اور نیٹ کے طلبا ہر حالت میں چاہتے ہیں امتحان ... نشنک
مرکزی وزیرتعلیم رمیش پوکھریال نشنک نے کہا کہ "این ٹی اے کے ڈی جی نے مجھے بتایا ہے کہ جے ای ای میں 8.58 لاکھ امیدواروں میں سے 7.5 لاکھ طلبا نے داخلہ کارڈ ڈاؤن لوڈ کر لئے ہیں۔ نیٹ کے لئے 15.97 لاکھ امیدواروں میں سے 10 لاکھ سے زیادہ امیدواروں نے 24 گھنٹوں میں ایڈمٹ کارڈ ڈاؤن لوڈ کر لیے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ طلبہ چاہتے ہیں کہ امتحان کسی بھی قیمت پر لیا جائے۔
یوگی حکومت میں وزیر سدھارتھ ناتھ سنگھ ہوئے کورونا پازیٹو
اترپردیش کی یوگی حکومت میں وزیر سدھارتھ ناتھ سنگھ کو کورونا مثبت پایا گیا ہے، ان سے پہلے یوگی حکومت کے 11 وزراء کو کورونا انفکشن ہوچکا ہے۔ ان میں سے دو وزرا اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اس کی اطلاع دیتے ہوئے سدھارتھ ناتھ سنگھ نے کہا کہ کورونا کی ابتدائی علامات پانے پر میں نے ٹیسٹ کرایا جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ میری صحت ٹھیک ہے اور ڈاکٹروں کے مشورے سے میں نے خود کو گھر میں الگ تھلگ کر لیا ہے۔ میری آپ سب سے گزارش ہے کہ جو پچھلے کچھ دنوں میں مجھ سے رابطہ میں آئے ہیں، براہ کرم خود کاٹسٹ کروائیں۔
پہاڑ سے تودے گرنے سے جموں-سرینگر قومی شاہراہ بند
جموں و کشمیر میں شدید بارشوں اور پہاڑ سے تودے گرنے کے باعث جموں-سرینگر قومی شاہراہ بند ہے، جس کی وجہ سے پچھلے کچھ دن سے نگروٹا میں متعدد ٹرک پھنسے ہوئے ہیں۔
بینک افسر اشوک جھاریا نے بینک کے اندر پھندا لگا کر کی خودکشی
ستنا: مدھیہ پردیش کے ضلع ستنا کے امدرا تھانہ علاقے میں بین کے ایک افسر نے بینک کے اندر ہی پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔ پولیس ذرائع کے مطابق جھوکیہی واقع الہ آباد بینک کی شاخ کے اسسٹنٹ منیجر اشوک جھاریا (48) نے کل بینک کے اندر ہی پھانسی لگا کر خودکشی کرلی ہے۔ ان کی لاش کے پاس سے ایک خودکشی نوٹ بھی برآمد کیا گیا ہے، جس میں انہوں نے بینک کے ہی ایک ملازم کے ذریعہ انہیں پریشان کرنے کی بات لکھی ہے۔ پولیس نے اس معاملے کو درج کرکے جانچ شروع کردی ہے۔
ایمس میں داخل امت شاہ کی حالت میں بہتری
نئی دہلی: آل انڈیا میڈیکل سائنس انسٹی ٹیوٹ (ایمس) میں پچھلے دنوں داخل ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی صحت میں بہتری آرہی ہے۔ ذرائع نے یواین آئی کو بتایا کہ امت شاہ کی صحت اب پہلے سے ٹھیک ہے اور اس میں رفتہ رفتہ بہتری ہو رہی ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر امت شاہ کی صحت میں اسی رفتار سے بہتری ہوتی رہی تو انہیں اسپتال سے جلد ہی چھٹی دے دی جائے گی۔
واضح رہے کہ دو اگست کو کورونا جانچ رپورٹ پازیٹو آنے کے بعد امت شاہ کو گروگرام کے میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں سے انہیں 14 اگست کو چھٹی ملی تھی۔ کورونا انفیکشن سے ٹھیک ہونے کے بعد ہوئی صحت سے متعلق دقت کی وجہ سے انہیں 17 اگست کی رات کو پھر سے ایمس میں داخل کرایا گیا تھا۔
شادی میں شرکت کے بعد 50 افراد کورونا پازیٹو
حیدرآباد: شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس ہونے والے تقریباً 50 افراد کورونا سے متاثر ہوگئے ہیں۔ یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع نظام آباد میں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کے بودھن ٹاون کے حدود میں واقع چیکی کیمپ علاقہ میں یہ شادی کی تقریب ہوئی تھی۔ اس کیمپ میں 193 مکانات میں سے 42 مکانات میں رہنے والے افراد اس موذی مرض سے متاثر ہوئے ہیں۔ ان کا ذریعہ آمدنی مویشیوں کی افزائش ہے۔ ان کے کورونا سے متاثر ہونے کے بعد ان میں زیادہ تر نے خود کو الگ تھلگ کرلیا ہے اور ان کی آمدنی بھی شدید متاثر ہوئی ہے کیونکہ اس واقعہ کا علم ہونے کے بعد لوگ دودھ خریدنے کے لئے نہیں آرہے ہیں جس کے پیش نظر اس کیمپ میں رہنے والوں نے آئندہ 20 دنوں تک تمام دودھ کے مراکز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دہلی میں بڑھے سبزیوں کے دام، ہرا دھنیا 200 روپے میں ہو رہا فروخت
دہلی: دہلی میں سبزیوں کی قیمتوں میں زبر دست اضافہ ہوا ہے۔ دریا گنج سبزی منڈی میں سبزی بیچنے والوں کا کہنا ہے کہ "سبزیاں بہت مہنگی ہوگئیں، جس کی وجہ سے سبزیاں کم فروخت ہو رہی ہیں، دوسری وجہ سبزی اس قدر مہنگیں ہوگئی ہیں کہ لوگ سبزیاں کم خرید رہے ہیں، اس وقت بازار میں دھنیا 200 روپے اور ہری مرچ 50 روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔"
جی ایس ٹی کونسل کی میٹنگ آج، محصولات کے نقصان کی تلافی پر ہوگا غور و خوض
نئی دہلی: مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتا رمن کی صدارت میں جمعرات کو جی ایس ٹی کونسل کی 41 ویں میٹنگ ہوگی، جس میں اس ٹیکس نظام کے نافذ ہونے سے ریاستوں کے محصول میں ہوئے نقصان کی تلافی کے لئے خاص طور پر غور و خوض ہوگا۔ ورچوول طریقے سے منعقد ہونے والی اس میٹنگ میں خزانہ کے وزیر مملکت انوراک ٹھاکر کے علاوہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزیر خزانہ اور مرکر نیز ریاستوں کے سینئر افسران موجود رہیں گے۔ میٹنگ میں جن متبادل پر غور کیا جاسکتا ہے، ان میں بازار سے قرض، سیس کی شرح میں اضافے یا معاوضہ سیس کے دائرہ کار میں آنے والے سامان کی تعداد میں اضافہ بھی شامل ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔