اہم خبریں: راجستھان میں راجیہ سبھا الیکشن کا ریزلٹ جاری، 3 سیٹوں پر کانگریس قابض
راجستھان میں راجیہ سبھا الیکشن کا ریزلٹ جاری، 3 سیٹوں پر کانگریس کا قبضہ
راجستھان میں راجیہ سبھا انتخاب کا نتیجہ برآمد ہو گیا ہے۔ کانگریس نے تین سیٹوں پر جیت حاصل کر لی ہے، یعنی ڈاکٹر سبھاش چندرا نے بطور آزاد امیدوار کھڑے ہو کر کانگریس کے لیے جو پریشانی کھڑی کرنی چاہیے اس میں انھیں کامیابی نہیں ملی ہے۔ راجستھان راجیہ سبھا انتخاب میں 4 سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہوئی تھی جس میں کانگریس کے رندیپ سرجے والا (43 ووٹ)، مکل واسنک (42 ووٹ) اور پرمود تیواری (41 ووٹ) کو کامیابی ملی۔ چوتھی سیٹ پر بی جے پی کے گھنشیام تیواری (43 ووٹ) کو فتح حاصل ہوئی۔ ڈاکٹر سبھاش چندرا محض 30 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے۔
پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف کی حالت انتہائی نازک
پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف کی حالت انتہائی نازک بتائی جا رہی ہے۔ وہ کچھ دنوں سے ونٹلیٹر پر ہیں اور ان کی حالت میں کوئی بہتری نظر نہیں آ رہی ہے۔ کچھ ذرائع نے ان کے انتقال کی خبریں بھی دی ہیں، حالانکہ اس سلسلے میں کچھ بھی مصدقہ طور پر نہیں کہا جا سکتا۔ ایک ٹی وی چینل ’جی این این‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ پرویز مشرف کو دل اور دیگر امراض کے سبب اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جس کے بعد انھیں دبئی میں ونٹلیٹر پر رکھا گیا تھا۔ بیماری سے لڑتے ہوئے جمعہ کو ان کا انتقال ہو گیا۔ قابل ذکر ہے کہ پہلے بھی پرویز مشرف کے انتقال کی غلط خبریں سامنے آ چکی ہیں۔
یوپی کے مختلف شہروں میں مظاہروں پر حرکت میں یوگی، سخت کارروائی کی ہدایت
یوپی کے مختلف شہروں میں اہانت رسولؐ کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں چھڑپوں کے بعد صوبہ کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ حرکت میں آ گئے ہیں۔ انہوں نے پولیس کو سخت کارروائی کی ہدایت دی ہے۔
دہلی کی جامع مسجد پر مظاہرہ، امام بخاری نے کہا- مسجد کی طرف سے کال نہیں دی گئی تھیی جامع مسجد پر مظاہرہ
دہلی کی شاہی جامعہ مسجد پر بڑی تعداد میں لوگوں نے اہانت رسولؐ کے خلاف مظاہرہ کیا اور بی جے پی کی معطل شدہ لیڈر نوپور شرما اور برطرف لیڈر نوین جندل کےک خلاف نعرے بازی کی۔ تاہم جامع مسجد کےک شاہی امام نے کہا کہ مسجد کی طرف سے مظاہرہ کی کوئی کال نہیں دی گئی تھی۔
اہانت رسول کے خلاف مجلس کا مظاہرہ، دہلی پولیس نے 30 مظاہرین کو کیا گرفتار
دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز دہلی میں نوپور شرما اور نوین جندل کے خلاف مجلس اتحاد المسلمین کا جو مظاہرہ کیا تھا اس میں شرکت کرنے والے 30 مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ان افراد پر آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مہا وکاس اگھاڑی کے تمام امیدوار فتح یاب ہونے جا رہے ہیں، مہاراشٹر کے وزیر اسلم شیخ
مہاراشٹر کے وزیر اسلم شیخ نے کہا، ’’تعداد اور طاقت مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کے ساتھ ہے۔ مہا وکاس اگھاڑی کے تمام امیدوار فتح یاب ہونے جا رہے ہیں۔ اے آئی ایم آئی ایم اور ایس پی پہلے ہی ہمارے ساتھ رہے ہیں۔ آج سب کچھ واضح ہو گیا ہے۔"
ہندوستان میں کورونا کے پھر 7 ہزار سے زیادہ یومیہ کیسز، 4.8 فیصد کا اضافہ
ہندوستان میں کورونا کے یومیہ کیسز کی تعداد میں ایک مرتبہ پھر تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ لگاتار دوسرے دن کورونا کے 7 ہزار سے زیادہ نئے کیسز درج کئے گئے۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 7584 نئے کیسز درج کئے گئے ہیں۔ یہ تعداد گزشتہ روز کی تعداد 7240 سے 4.8 فیصد زیادہ ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔