رول ماڈل گجرات میں ’لیڈی ڈان‘ کی دہشت

سوشل میڈیا پر گجرات کے سورت شہر کی ’لیڈی ڈان‘ کا ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ ہاتھ میں ننگی تلوار لیے نظر آ رہی ہے اور دکان والے کو دھمکا کر اس سے وصولی بھی کرتی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

وزیر اعظم نریندر مودی کی ’ماڈل ریاست‘ گجرات کا ایک دلچسپ ویڈیو آج کل سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے۔ یہ ویڈیو کوئی سیاسی ویڈیو نہیں بلکہ ایک ’لیڈی ڈان‘ کا ویڈیو ہے جو خوبصورت بھی ہے اور بے خوف بھی، ہاتھوں میں تلوار بھی رکھتی ہے اور بندوق بھی، دَبنگ انداز میں وصولی بھی کرتی ہے اور دھمکی دیتے وقت گالیوں کا بھرپور استعمال بھی۔ ’لیڈی ڈان‘ کے نام سے مشہور اس نوجوان حسینہ کا یوں تو اصل نام اسمیتا گوہل ہے لیکن شہر کے لوگ اسے ’لیڈی ڈان‘ ہی کہتے ہیں۔

اس ’لیڈی ڈان‘ کا تعلق گجرات کے مشہور شہر سورت سے ہے اور یہاں کے لوگ اس سے بہت خوف کھاتے ہیں۔ اس کا ثبوت وائرل ویڈیو میں بھی دیکھنے کو ملتا ہے جس میں وہ انتہائی بے خوف انداز میں ایک دکاندار کو دھمکیاں دیتے ہوئے نظر آتی ہے۔ اس کے ہاتھ میں تلوار بھی ہوتی ہے اور وہ موٹر سائیکل پر اپنے ایک ساتھی کے ساتھ غنڈہ گردی کرتی ہوئی معلوم ہوتی ہے۔ ہم جس ویڈیو کی بات کر رہے ہیں وہ ویڈیو 21 مئی 2018 کی صبح تقریباً 6.11 بجے کا ہے جو وراچھا علاقے کی وَرشا سوسائٹی کے نزدیک لگے سی سی ٹی وی کیمرہ میں قید ہوا ہے۔ اس ویڈیو میں پورا مارکیٹ بند نظر آتا ہے، صرف ایک پان کی دکان کھلی ہوتی ہے جہاں ’لیڈی ڈان‘ اپنے ساتھی کے ساتھ ہاتھ میں کھلی تلوار لہراتی ہوئی پہنچتی ہے اور دکاندار کو دھمکانا شروع کر دیتی ہے۔

اس ویڈیو میں دو موٹر سائیکل کے ساتھ کچھ لوگ بھی وہاں نظر آتے ہیں لیکن ’لیڈی ڈان‘ کے ہاتھوں میں تلوار دیکھ کر وہ وہاں سے چلے جاتے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ’لیڈی ڈان‘ کے تئیں مقامی لوگوں میں کس قدر خوف ہے۔ ویڈیو میں دکان کے اندر بیٹھے دکان دارکے کچھ سمجھنے سے پہلے ہی ’لیڈی ڈان‘ اس کی گردن پر تلوار رکھ دیتی ہے۔ دبنگ اسٹائل میں دکاندار سے پیسے وصول کیے جاتے ہیں اور اسے دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ لیڈی ڈان اس دکان والے کو دکان بند کرنے کے لیے مجبور بھی کرتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ لیڈی ڈان فیس بک پر بھی ایکٹیو ہے اور اس نے Asmita Baa Gohil (Diku) کے نام سے اکاؤنٹ بنا رکھا ہے۔ لیڈی ڈان نے اس میں جس طرح کی تصویریں پوسٹ کر رکھی ہیں اس سے صاف ظاہر ہے کہ وہ فیشن کی دلدادہ ہےاور طرح طرح کی موٹر سائیکل کی سواری کرتی ہےاور نئے نئے ڈیزائن کے جینس و ٹی شرٹ پہنتی ہے۔ انھوں نے پستول کے ساتھ بھی اپنی تصویر فیس بک اکاؤنٹ پر ڈال رکھی ہے۔ گویا کہ وہ اپنی عیش و عشرت کی زندگی کا سامان مہیا کرنے کے لیے لوگوں کو ڈرا دھمکا کر وصولی کرتی ہے اور ظاہر ہے کہ اس میں ان کا ساتھ غنڈہ صفت مرد حضرات بھی دیتے ہیں۔ انھوں نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر کئی ایسے لوگوں کی تصویریں بھی ڈال رکھی ہیں جو پستول کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔