کٹھوعہ-اناؤ معاملہ: میوات علاقے میں پرامن مظاہرہ
نوجوانوں نے ملک میں بڑھتے اجتماعی عصمت دری کے واقعات اور اناؤ- کٹھوعہ معاملے کو لےکر پر امن احتجاجی مظاہرہ کیا اور ڈی سی نوح کی معرفت وزیر اعظم ہند کے نام میمورنڈم بھی پیش کیا۔
نوح میوات :آج ہریانہ ریاست کے ضلع نوح میں جہاں گاندھی پارک نوح سے ڈی سی رہائش گاہ تک علاقہ میوات کے نوجوانوں و مدارس ، اسکول کے طلبہ کے ذریعے ملک میں بڑھتے اجتماعی عصمت دری و زنا بالجبر کے واقعات و کٹھوعہ جموں و کشمیر معاملے کو لےکر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پر امن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ وہیں ضلع کے دیگر کئی قصبات میں موم بتّیاں روشن کر پر امن طریقے سے بھی احتجاج کیا گیا ،جس میں سینکڑوں نوجوانوں نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ آج ضلع ہیڈ کوارٹر نوح میں سینکڑوں افراد نے جمع ہو کر احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں نوجوانوں نے نعرے بازی کرتے ہوئے ، اپنے غم و غصے کا بر ملا اظہار کیا، اس موقع پر نوجوانوں نے اپنے ہاتھوں میں آصفہ کی تصویر والے بینر لےکر زور دار نعرے بازی کرتے ہوئےشہر کی مرکزی شاہراہ سے گزرتے ہوے ڈی سی اشوک شرما کی رہائش گاہ تک پہونچے اور حکومت سے ایسے واقعات پر سخت سے سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ، اس موقع پر ڈی سی نوح کی معرفت وزیر اعظم ہند کے نام نوجوانوں کے ذریعےمیمورنڈم بھی دیا گیا۔
اس موقع پر کانگریس یوتھ کے نوجوان شاہد پتریا نے کہا کہ آصفہ معاملےنے ہندوستان کی پوری دنیا میں جگ ہنسائی کی ہے اور اس واقعہ اور دیگر واقعات سے پوری دنیا میں ملک کی شبیہ دن بہ دن خراب ہوتی جا رہی ہے، اس موقع پر سماجی کارکن عمران چیکو نے کہا کہ آصفہ اجتماعی عصمت دری نے آسمان اور زمین کو لرزہ کر رکھ دیا ہے دنیا کے انتہائی ظالمانہ عصمت دری کیسوں میں سے یہ ایک کیس ہے، جس پر لب کشائی کرنے پر ہونٹھ بھی جواب دے رہے ہیں، آصفہ عصمت دری معاملہ نےدنیائے حیوانیت کو پچھاڑ کر رکھ دیا ہے، اس موقع پر نوجوانوں کا جوش و جذبہ غصہ بام عروج پر دیکھنے کو ملا۔
علاوہ ازیں گذشتہ شب میوات کا مرکزی علاقہ بڑکلی چوک پر و گذشتہ شب فیروز پور جھرکہ میں نوجوانوں نے مجتمع ہوکر آصفہ و انّاؤ معاملے کی مذمت کی اور سرکار کو للکاتے ہوئے زانیوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ، شرکاء میں یوسف وکیل، مبارک خاں نوٹکی، لقمان پیتھورپوری، عمران برہان سلمنبا، تسلیم پلڑی، عاصم بڈیڈوی؛،عارف ٹائیں، رفیق خان، عامر رونالڈو، جنید چندینی، نفیس مالب، مبشر سالاھیڑی، الطاف ڈی کے، حسین احمد فیروز پوریا، ظفرالدین ننگلی، ساجد خان، صابر خان، مشتاق احمد، شاکر خان، تعریف حسین، اشفاق، شہناز، و دیگر نوجوان بھی شامل رہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔