راجستھان: کرنی سینا نے خاتوں وزیر کی ناک کان کاٹنے کی دھمکی دی
میڈیا کے ذریعہ راجپوت سماج سنگھرش سمیتی کو لے کر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیر تعلیم کرن مہیشوری نے کہا تھا کہ ایسے لوگ برساتی چوہے ہوتے ہیں، انتخابات سے پہلے بلوں سے نکل آتے ہیں۔
راجستھان کی وسندھرا حکومت میں وزیر تعلیم کرن مہیشوری کی ناک اور کان کاٹنے کی راجپوت کرنی سینا نے دھمکی دی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کرن مہیشوری نے راجپوتوں کی مبینہ طور پر چوہوں سے تشبیہ دی تھی۔ جبکہ وزیر تعلیم کرن مہیشوری نے ان الزام سے انکار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ان کا اشارہ راجپوتوں کے لئے نہیں تھا۔
راجپوت کرنی سینا نے اس معاملے میں وزیر تعلیم کرن مہیشوری سے فوری طور پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔ معافی نہ مانگنے کی صورت میں کرنی سینا نے کرن مہیشوری کو انجام بھگتنے کی دھمکی دی ہے۔ کرنی سینا نے کہا کہ ایسے بیان دینے سے پہلے وزیر تعلیم کو پہلے فلم ’پدماوت‘ تنازعہ کے وقت دیپکا پادکون والے واقعہ کو یاد رکھنا چاہئے۔
کرنی سینا کے ریاستی صدر مہیپال مكرانا نے کرن مہیشوری کے بیان پر سخت اعتراض کرتے ہوئے ایک ویڈیو جاری کیا ہے، انہوں نے کہا، ’’راجپوتوں کی حمایت سے بی جے پی راجستھان کے اقتدار پر قابض ہوئی تھی، گزشتہ اسمبلی انتخابات میں مہیشوری انہیں ’چوہوں‘ کے ووٹ کے دم پر الیکشن جیتی تھیں، آنے والے اسمبلی انتخابات میں ہم انہیں سبق سکھائیں گے‘‘۔
میڈیا نے راجپوت سماج سنگھرش سمیتی کی طرف سے آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے خلاف انتخابی مہم چلانے کے فیصلے سے متعلق سوالات وزیر تعلیم کرن مہیشوری سے پوچھے تھے۔ اس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کرن مہیشوری نے کہا تھا، ’’ایسے بھی لوگ ہیں جو برساتی چوہے جیسے ہیں، انتخابات آتے ہی بلوں سے نکل آتے ہیں‘‘۔ کرن مہیشوری کے اسی بیان پر کرنی سینا نے سخت اعتراض ظاہر کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔