گوری لنكیش کا قاتل گرفتار، پارک میں بیٹھ کر بنایا تھا قتل کا منصوبہ
کرناٹک ایس آئی ٹی نے صحافی گوری لنكیش پر گولیاں چلا کر ان کی جان لینے والا ملزم گرفتار کیا ہے۔ پرشورام نام کا یہ شخص ایک دیگر ساتھی کے ساتھ گوری لنكیش کے گھر پہنچا تھا اور ان پر گولیاں چلائی تھیں۔
کرناٹک پولس نے سینئر صحافی گوری لنكیش کے مبینہ قاتل کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولس ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص کا نام پرشورام ہے۔ اسے سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر گرفت میں لیا گیا ہے، پولس کے مطابق پرشورام نے ہی گوری لنكیش پر گولی چلائی تھی، اس معاملے میں اب تک یہ چوتھی گرفتاری ہے۔
پولس کا کہنا ہے کہ پرشورام کو غیر قانونی ہتھیار سپلائی کے معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا، تفتیش کے دوران اس نے گوری لنكیش کے قتل میں ہاتھ ہونے کی بات قبول کی ہے، اس کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اسے 14 دن کی حراست میں بھیج دیا گیا۔
گوری لنكیش قتل کی تحقیقات کر رہی ایس آئی ٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پرشورام ایک دیگر ملزم کے ساتھ موٹر گوری لنكیش کے گھر موٹرسائیکل سے آیا، پرشورام ہی موٹر سائیکل چلا رہا تھا اور اسی نے گوری لنكیش پر گولیاں چلائیں، موٹر سائیکل پر بیٹھنے والے دیگر ملزم کو اب تک گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے، پولس اب پرشورام سے پوچھ تاچھ کر کے گوری لنكیش کے قتل کے پیچھے کی سازش کے بارے میں معلوم کرے گی۔
غور طلب ہے کہ حال ہی میں گوری لنكیش قتل کے معاملے میں فورینسک لیب کی رپورٹ آئی تھی، جس سے پتہ چلا تھا کہ ان کے قتل میں اسی بندوق کا استعمال کیا گیا، جس سے کرناٹک کے ہی مشہور مصنف ایم ایم كلبرگی کا قتل ہوا تھا۔ رپورٹ کے مطابق، گوری لنكیش اور ایم ایم كلبرگی کے قتل میں 7.65 ایم ایم کے دیسی پستول کا استعمال کیا گیا تھا۔
کرناٹک ایس آئی ٹی نے 21 مئی کو داونگری ضلع سے ایک ملزم امول کالے کو گرفتار کیا تھا، جس پر كلبرگی کے قتل میں شامل ہونے کا بھی الزام ہے، كلبرگی قتل کی تحقیقات کر رہی ایس آئی ٹی کا کہنا ہے کہ گولی مارنے سے پہلے كلبرگی کا دروازہ کھٹکھٹانے والے دو ملزمان میں امول کالے بھی شامل تھا۔
گوری لنكیش معاملے میں کرناٹک پولس نے 30 مئی کو چارج شیٹ داخل کی ہے، چارج شیٹ میں پولس اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ ہندو مذہب کی تنقید کرنے کے لئے گوری لنكیش کا قتل کیا گیا تھا۔ چارج شیٹ میں کیٹی نوین کمار کو اہم ملزم بنایا گیا ہے، اس کے ساتھ ہی پروین کمار کو بھی ملزم بنایا گیا ہے، جو اب تک گرفت میں نہیں آیا ہے، قریب 600 صفحے کی اس چارج شیٹ میں 100 لوگوں کے نام بطور گواہ درج ہیں۔
چارج شیٹ میں جو سب سے اہم انکشاف ہوا ہے، وہ یہ ہے کہ نوین کمار، گوری لنكیش کے قتل کی سازش میں شامل تھا اور قتل کی مکمل سازش بنگلور کے وجے نگر میں واقع بی بی ایم پی پارک میں بیٹھ کر رچی گئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔