جھارکھنڈ میں نابالغ لڑکی کو اجتماعی عصمت دری کے بعد زندہ جلایا گیا، 14 گرفتار

جھارکھنڈ کے چترا میں ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ نہ صرف اجتماعی عصمت دری کی گئی بلکہ معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد اسے زندہ جلا بھی دیا گیا۔ اس سلسلے میں 14 لوگوں کی گرفتاری عمل میں آ چکی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

جھارکھنڈ کے چترا میں ایک نابالغ لڑکی کی اجتماعی عصمت دری اور پھر معاملہ سامنے آنے کے بعد زندہ جلائے جانے کے واقعہ نے لوگوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ نذرِ آتش کیے جانے کے سبب لڑکی کی موت واقع ہو چکی ہے۔ اس معاملے میں پولس نے ابھی تک 14 لوگوں کو گرفتار کیا ہے اور ان سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔

چترا ضلع کے ایک گاؤں میں متاثرہ لڑکی شادی کی ایک تقریب میں حصہ لینے کے لیے پہنچی تھی تبھی 5 لوگ اسے اٹھا کر پاس کے جنگل میں لے گئے اور اس کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی۔ حالانکہ عصمت دری کرنے والے پانچ ملزمین میں سے ایک کو پولس نے گرفتار کر لیا ہے اور بقیہ ملزمین کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔ ضلع کلکٹر جتندر سنگھ نے گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔

آئی جی پولس آشیش بترا نے بتایا کہ اس معاملے میں گاؤں کی مکھیا تلیشوری دیوی اور پنچایت سمیتی کے رکن رنجے رجک سمیت 14 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان سبھی ملزمین پر پوکسو ایکٹ کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔

عصمت دری کے واقعہ کے بعد گاؤں کی پنچایت نے مقامی سطح پر معاملے کا حل نکالنے کی کوشش کی۔ پنچایت نے ملزمین کو قصوروار قرار دیتے ہوئے ان پر 50 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا اور 100 بار اٹھک بیٹھک کرنے کے لیے بھی کہا۔ اس فیصلے سے ناراض ملزمین کا پنچایت اور لڑکی کے گھر والوں سے جھگڑا ہو گیا اور انھوں نے لڑکی کے گھر والوں کو پیٹنا شروع کر دیا۔ اس کے بعد انھوں نے متاثرہ لڑکی کے گھر جا کر اسے زندہ جلا دیا۔

معاملہ سامنے آنے کے بعد وزیر اعلیٰ رگھوبر داس نے کہا کہ چترا میں ہوئے اس دہشت ناک واقعہ سے کافی مایوس ہوں۔ مہذب سماج میں اس طرح کی بربریت کا کوئی مقام نہیں ہے۔ پولس انتظامیہ کو قصورواروں پر فوری کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس واقعہ کے قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا۔

اس واقعہ پر سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت میں خواتین اور لڑکیاں محفوظ نہیں ہیں۔ جرائم پیشہ انھیں دن دہاڑے اپنا نشانہ بنا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت صرف ریلیاں کر رہی ہے اور عوام کو گمراہ کرنے کا کام انجام دے رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 May 2018, 9:21 PM