’نریندر مودی میرے شوہر، میں ان کی بیوی‘،جشودا نے آنندی کو لگائی پھٹکار

جشودا بین نے آنندی بین کے ذریعہ نریندر مودی کو غیر شادی شدہ بتائے جانے پر حیرانی ظاہر کی اور کہا کہ جب وزیر اعظم خود شادی شدہ ہونے کا اعتراف کر رہے ہیں تو آنندی اس سے انکار کیسے کر سکتی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

وزیر اعظم نریندر مودی کی بیوی جشودا بین نے مدھیہ پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل کے ذریعہ وزیر اعظم نریندر مودی کو غیر شادی شدہ بتانے کے بیان پر حیرانی ظاہر کی ہے۔ جشودا بین نے ایک ویڈیو کے ذریعہ کہا ہے کہ "میں آنندی بین کے ذریعہ پریس سے بات چیت کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کو غیر شادی شدہ کہے جانے سے حیران ہوں۔ انھوں نے خود لوک سبھا انتخابات کے دوران 2014 میں اپنے دستاویز داخل کرتے ہوئے اسے اپنے اعلانیہ میں شامل کیا ہے کہ وہ شادی شدہ ہیں اور اس میں میرے نام کا تذکرہ کیا ہے۔"

انھوں نے مزید کہا کہ "گجرات کی سابق وزیر اعلیٰ آنندی بین ایک پڑھی لکھی خاتون ہیں اور ان کا ایک ٹیچر (جشودا بین) کے بارے میں اس طرح بولنا بہت ہی غیر مہذب ہے۔ صرف اتنا ہی نہیں، ان کے رویہ نے ہندوستان کے وزیر اعظم کی شبیہ کو بھی پراگندہ کیا ہے۔ وہ میرے لیے بہت ہی معزز ہیں، وہ میرے رام ہیں۔"

انھوں نے شمالی گجرات میں اپنے آبائی شہر اونجھا میں اپنے بھائی اشوک مودی کے فون سے ایک ویڈیو بنایا ہے۔ اشوک مودی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس ویڈیو میں جشودا بین ہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ "جب آنندی بین کا بیان سوشل میڈیا پر آیا تو ہمیں یقین نہیں ہوا۔ لیکن یہی بیان 19 جون کو اہم اخبارات میں بھی شائع ہوا۔" انھوں نے کہا کہ "اسی وجہ سے ہم نے اس کا جواب دینے کا فیصلہ کیا۔ ہم نے اپنے گھر کے موبائل فون سے ایک تحریری بیان جشودا بین کے ذریعہ پڑھا ہوا ریکارڈ کیا۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Jun 2018, 3:39 PM