جموں وکشمیر: ’امرناتھ یاترا‘ کیلئے سیکورٹی انتطام پختہ ہوں گے

28 جون سے شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا کے پرامن اور محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے ریاستی حکومت نے مرکزی سرکار سے اضافی کمپنیوں کی مانگ کی ہے۔

تصویر سوشل  میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

جموں: جموں وکشمیر میں 28 جون سے شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا کے لئے سیکورٹی فورسز کی 80 اضافی کمپنیاں تعینات کی جائیں گی۔ ریاستی حکومت نے مرکزی سرکار سے اضافی کمپنیوں کی تعیناتی کی مانگ کی تھی جس کو مرکزی سرکار نے ہری جھنڈی دکھا دی ہے۔

ایک سرکاری عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا ’28 جون سے شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا کے پرامن اور محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے ریاستی حکومت نے مرکزی سرکار سے اضافی کمپنیوں کی مانگ کی تھی‘۔

انہوں نے بتایا ’مرکزی سرکار نے ریاستی حکومت کے مطالبے کو مان لیا ہے۔ جموں وکشمیر کے تینوں خطوں میں سیکورٹی فورسز کی 80 اضافی کمپنیاں تعینات کی جائیں گی‘۔

ذرائع نے بتایا کہ 80 کمپنیوں میں سے 45 کشمیر جبکہ 35 جموں میں تعینات کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا ’سینٹرل ریزرو پولس فورس اور سشستر سیما بل پر مشتمل یہ کمپنیاں قومی شاہراہ اور بال تل و پہلگام یاترا کے راستوں پر تعینات کی جائیں گی‘۔

ہر کمپنی میں کم از کم ایک سو اہلکار ہوتے ہیں۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ میدانی علاقوں میں سی آر پی ایف جبکہ سرحدوں پر بی ایس ایف اور فوج چوبیسوں گھنٹے کی نگرانی کو یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے بتایا ’ریاستی پولس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے اہلکار بھی یاتریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے مختلف مقامات پر تعینات کئے جائیں گے‘۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا ’اگرچہ امرناتھ یاترا کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے تاہم اس کے باوجودیاترا کے احسن انعقاد کے لئے وادی خاص طور پر یاترا روٹوں پر تین دائروں والی سیکورٹی کا بندوبست کیا جائے گا۔ وادی بالخصوص جنوبی کشمیر میں جنگجویانہ سرگرمیوں میں اضافے کے پیش نظر سیکورٹی فورسز کوئی چانس نہیں لینا چاہتے ہیں‘۔

انہوں نے بتایا ’پاکستان کی طرف سے یاترا کے دوران تخریبی کاروائیاں انجام دی جاسکتی ہیں۔ یاتریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے فوج اور بی ایس ایف کو الرٹ رہنے کے لئے کہا گیا ہے‘۔

شرائن بورڈ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سالانہ امرناتھ یاترا کے لئے رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک ایک لاکھ سے زائد یاتریوں نے اپنے ناموں کا اندراج کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ امسال امرناتھ یاترا 28 جون کو شروع ہوکر 26 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔ انتظامیہ نے لکھن پور سے پوتر امرناتھ گھپا تک قائم کئے جانے والے کیمونٹی کچنزمیں مشکوک نقل وحرکت پر نگاہ رکھنے کے لئے سی سی ٹی کیمروں کو نصب کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

وادی میں گذشتہ برس 2 لاکھ60 ہزار سے زائد یاتریوں نے پوتر گپھا کے درشن کئے۔ تاہم یہ گذشتہ 14 برسوں میں دوسری کم ترین تعداد ہے۔ سنہ 2017 میں مثالی سیکورٹی انتظامات کے باوجود جنگجوؤں نے 10 جولائی کی شام کو ضلع اننت ناگ کے بٹنگو میں یاتریوں کی ایک بس پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 8 امرناتھ یاتری ہلاک جبکہ کم از کم ڈیڑھ درجن دیگر زخمی ہوگئے تھے۔ جموں وکشمیر پولس کا دعویٰ ہے کہ یہ حملہ لشکر طیبہ نے انجام دیاتھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔