جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات LIVE: پہلے مرحلہ کی ووٹنگ ختم، تقریباً 59 فیصد ووٹرس نے حق رائے دہی کا کیا استعمال
جموں و کشمیر میں عوام 10 سال بعد اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ کر رہے ہیں۔ ریاست کی 24 سیٹوں پر 219 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم میں درج ہو جائے گا
تقریباً 59 فیصد ووٹرس نے حق رائے دہی کا کیا استعمال
جموں و کشمیر اسمبلی انتخاب کے پہلے مرحلہ میں آج 24 سیٹوں پر ووٹنگ کا عمل انجام پا گیا۔ شام 7 بجے تک جو خبریں سامنے آئی ہیں، اس کے مطابق 58.85 فیصد ووٹنگ کا اندراج ہوا ہے، حالانکہ ووٹنگ کا یہ فیصد ابھی بڑھ سکتا ہے۔ چیف الیکٹورل افسر پی کے پولو نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں پہلے مرحلہ کے اسمبلی انتخاب میں تقریباً 59 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے۔ آج جنوبی کشمیر کے پلوامہ، شوپیاں، اننت ناگ اور کلگام کے ساتھ ساتھ جموں کے ڈوڈہ، کشتواڑ اور رام بن میں ووٹنگ ہوئی۔
پہلے مرحلے کے تحت شام 5 بجے تک 58.19 فیصد ووٹنگ، اب بھی ووٹرس قطار بند
جموں و کشمیر اسمبلی انتخاب کے پہلے مرحلہ میں شام 5 بجے تک 58.19 فیصد پولنگ کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ اب بھی کئی پولنگ بوتھ کے باہر ووٹرس کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ ظاہر ہے کہ ووٹنگ فیصد میں ابھی کافی اضافہ ممکن ہے۔ مرکز کے زیر انتظام اس خطہ میں دوسرے مرحلہ کے تحت 25 ستمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔
پہلے مرحلے کے تحت تین بجے تک 50 فیصد سے زائد ووٹنگ
جموں و کشمیر اسمبلی انتخاب کے پہلے مرحلہ میں دوپہر 3 بجے تک 50.65 فیصد ووٹنگ کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ سب سے زیادہ 70.03 فیصد ووٹ کشتواڑ میں ڈالے گئے ہیں۔ دیگر مقامات کی بات کریں تو ڈوڈہ میں 61.90 فیصد، رام بن میں 60.04 فیصد، کلگام میں 50.57 فیصد، شوپیاں میں 46.84 فیصد، اننت ناگ میں 46.67 فیصد اور پلوامہ میں 36.90 فیصد ووٹ ڈالے گئے ہیں۔
جموں و کشمیر میں پہلے مرحلے کے انتخابات میں دوپہر ایک بجے تک 41.17 فیصد ووٹنگ
الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مطابق، پہلے مرحلے کے انتخابات میں دوپہر ایک بجے تک جموں و کشمیر میں ووٹنگ کی شرح 41.17 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
کشتواڑ میں 56.86 فیصد، ڈوڈہ میں 50.81 فیصد، رام بن میں 49.68 فیصد، کولگام میں 39.91 فیصد، شوپیاں میں 38.72 فیصد، اننت ناگ میں 37.90 فیصد اور پلوامہ میں 29.84 فیصد ووٹنگ کی شرح ریکارڈ کی گئی۔
ووٹنگ کا عمل آج صبح 7 بجے شروع ہوا اور یونین ٹریٹری بھر میں جاری ہے۔ ووٹنگ شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔
صبح 11 بجے تک26.72 فیصد پولنگ ریکارڈ
جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں جاری ووٹنگ کے دوران صبح 11 بجے تک 26.72 فیصد پولنگ درج کیا گیا۔ کشتواڑ میں 32.69 فیصد، ڈوڈہ میں 32.20 فیصد، رام بن میں 31.25 فیصد، شوپیاں میں 25.96 فیصد، کولگام میں 25.95 فیصد، اننت ناگ میں 25.55 فیصد اور پُلوامہ میں 23 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔
پلوامہ :زندگی میں پہلی دفعہ ووٹ ڈالنے والوں کو توصیفی اسناد سے نوازا گیا
یو این آئی اردو کے مطابق کئی پولنگ اسٹیشنوں پر الیکشن عملے نے پہلی بار اپنی حق رائے دہی کا استعمال کرنے والوں کو اعزازی اسناد سے نوازا۔ رائے دہندگان نے اس موقع پر کہا کہ اس بار بدلاؤ کے حق میں وہ ووٹ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کی خاطر وہ اپنے ووٹ کا استعمال کر رہے ہیں اور انہیں پوری امید ہے کہ الیکشن کے بعد نئے جموں و کشمیر کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہوگا۔
جموں و کشمیر میں صبح 9 بجے تک 11.11 فیصد ووٹنگ
جموں و کشمیر میں صبح 9 بجے تک 24 سیٹوں پر مجموعی طور پر 11.11 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے۔
اننت ناگ - 10.26 فیصد
ڈوڈہ - 12.90 فیصد
پٹھان کوٹ - 14.38 فیصد
کولگام - 10.77 فیصد
پلوامہ - 9.18 فیصد
رام بن - 11.91 فیصد
شوپیاں - 11.44 فیصد
کانگریس کے جنرل سکریٹری جے اے میر نے ڈالا ووٹ
جموں و کشمیر میں پہلے مرحلے کے تحت 24 سیٹوں پر ووٹنگ جاری ہے۔ پلوامہ، کولگام اور کشتواڑ میں صبح سے ہی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ ووٹرز میں خواتین کی تعداد بھی کافی زیادہ ہے۔ اس دوران کانگریس جنرل سکریٹری جی اے میر نے اننت ناگ کے ڈورو اسمبلی حلقہ میں ووٹ ڈالا۔ میر ڈورو سے اتحاد کے امیدوار بھی ہیں۔
زیر اعظم مودی کی جموں و کشمیر کے لوگوں سے ووٹ دینے کی اپیل
وزیر اعظم مودی نے جموں و کشمیر میں انتخابات کا پہلا مرحلہ شروع ہونے پر ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے آغاز پر میں آج ووٹ ڈالنے والے تمام حلقوں کے لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں اور جمہوریت کے جشن کو مضبوط کریں۔ میں خاص طور پر نوجوان اور پہلی بار ووٹروں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔‘‘
جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات: پہلے مرحلے کے تحت 24 سیٹوں پر ووٹنگ کا آغاز
جموں و کشمیر میں آج صبح 7 بجے سے اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ ووٹنگ شام 6 بجے تک جاری رہے گی، جس دوران لاکھوں ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ پولنگ کے لیے سیکورٹی فورسز اور ایجنسیوں کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے مہاجر کشمیری پنڈتوں کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے ہیں۔
جموں و کشمیر انتخابات: عوام 10 سال بعد کریں گے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے ووٹنگ
جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے آج ووٹنگ ہونی ہے۔ ریاست میں 10 سال بعد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ صبح 7 بجے شروع ہوگی اور شام 6 بجے ختم ہوگی۔ پہلے مرحلے کی پولنگ کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
ریاست کی 24 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔ ان میں سے 16 سیٹیں کشمیر اور 8 جموں سے ہیں۔ اس مرحلے میں جنوبی کشمیر کے 4 اضلاع؛ پلوامہ، شوپیاں، اننت ناگ اور کولگام میں ووٹنگ ہوگی۔ جبکہ جموں کے 3 دور افتادہ پہاڑی اضلاع میں ووٹنگ ہونی ہے جن میں ڈوڈہ، کشتواڑ اور رام بن شامل ہیں۔
اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے مہاجر کشمیری پنڈتوں کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ دہلی، جموں اور ادھم پور میں کشمیری پنڈتوں کے لیے خصوصی پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔