جموں و کشمیر نتائج: نیشنل کانفرنس اور کانگریس اتحاد نے حاصل کی شاندار جیت، 49 سیٹوں پر ملی کامیابی
نیشنل کانفرنس-کانگریس اتحاد کو 49 سیٹوں پر ملی جیت، بی جے پی 29 سیٹوں پر کامیاب
الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ویب سائٹ پر دی گئی جانکاری کے مطابق جموں و کشمیر اسمبلی انتخاب کا حتمی نتیجہ سامنے آ گیا ہے۔ 90 نشستوں والی اس اسمبلی میں انڈیا الائنس، یعنی نیشنل کانفرنس اور کانگریس اتحاد نے مجموعی طور پر 49 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ بی جے پی محض 29 سیٹیں جیت سکی ہے، جبکہ محبوبہ مفتی کی پارٹی پی ڈی پی کو 3 سیٹوں پر ہی اکتفا کرنا پڑا ہے۔ 1-1 سیٹیں جے پی سی اور عآپ کو حاصل ہوئی ہیں۔ انڈیا اتحاد کی پارٹیوں میں نیشنل کانفرنس نے 42، کانگریس نے 6 اور سی پی آئی ایم نے ایک سیٹ پر فتح کا پرچم لہرایا ہے۔
جموں و کشمیر نتائج: رجحانات میں این سی-کانگریس اتحاد نے 48 سیٹوں کے ساتھ حاصل کی اکثریت
جموں و کشمیر اسمبلی کی 90 سیٹوں کے لئے جاری ووٹوں کی گنتی میں رجحانات کے مطابق نیشنل کانفرنس - کانگریس اتحاد 52 سیٹوں جبکہ بی جے پی 29 سیٹوں پر لیڈر کر رہی ہے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے اپ لوڈ کئے جانے والے ٹرنڈز کے مطابق پی ڈی پی 3 سیٹوں جبکہ آزاد امید وار 7 سیٹوں پر لیڈر کر رہے ہیں۔ نیشنل کانفرنس 42 سیٹوں جبکہ کانگریس 6 سیٹوں پر لیڈ کر رہی ہے۔
بی ایس پی، سی پی آئی ( ایم)، پیپلز کانفرنس، ڈی پی اے پی بھی ایک ایک سیٹ پر لیڈ کر رہی ہے۔ جو ممتاز امید وار لیڈ کر رہے ہیں ان میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ، جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق قرہ، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری غلام احمد میر، سی پی آئی (ایم) لیڈر محمد یوسف تاریگامی، بی جے پی کے سابق وزیر شامل لال شرما اور دویندر سنگھ رانا شامل ہیں۔ تاہم بی جے پی کے جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نوشہرہ نشست پر پیچھے چل رہے ہیں۔
جموں و کشمیر: نیشنل کانفرنس نے گریز سیٹ پر جیت درج کی
جموں و کشمیر اسمبلی کی 90 سیٹوں کے لئے جاری ووٹوں کی گنتی کے بیچ نیشنل کانفرنس نے اپنی پہلی کامیابی حاصل کی۔ شمالی کشمیر کی گریز نشست پر نیشنل کانفرنس کے امید وار نذیر احمد خان نے بی جے پی کے فقیر خان کو زائد از ایک ہزار ووٹوں سے ہرا دیا۔
قابل ذکر ہے کہ نیشنل کانفرنس- کانگریس الائنس کشمیر میں لیڈ کر رہا ہے۔
جموں و کشمیر میں این سی-کانگریس اتحاد کی سبقت برقرار
جموں و کشمیر میں ووٹوں کی گنتی کئی گھنٹے سے جاری ہے اور این سی-کانگریس اتحاد نے جو سبقت حاصل کی تھی وہ اب تک برقرار ہے۔ فی الحال این سی-کانگریس اتحاد نے 47 سیٹوں پر لیڈ بنائی ہوئی ہے۔ جبکہ بی جے پی 28 سیٹوں پر آگے ہے۔ پی ڈی پی 5 سیٹوں پر آگے ہے اور دیگر نے 10 سیٹوں پر سبقت حاصل کی ہے۔
کشمیر میں عمر عبداللہ، طارق قرہ اور یوسف تاریگامی آگے
جموں و کشمیر اسمبلی کی 90 سیٹوں کے لئے ووٹوں کی گنتی سخت سیکورٹی بند و بست کے بیچ جاری ہے۔ ابتدائی رجحان کے مطابق بی جے پی جموں خطے میں 10 سے زیادہ سیٹوں پر لیڈ کر رہی ہے جبکہ کانگریس جموں و کشمیر میں 6 سیٹوں پر اور پی ڈی پی ایک سیٹ پر لیڈ کر رہی ہے۔
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ دونوں سیٹوں گاندربل اور بڈگام پر لیڈ رہے ہیں جبکہ محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی سری گفوارہ–بجبہاڑہ سیٹ پر پیچھے چل رہی ہیں۔ جموں و کشمیر پردیش کانگریس کے صدر طارق قرہ شالہ ٹینگ سیٹ پر لیڈ کر رہے ہیں۔
(یو این آئی اردو)
لوگوں کے منڈیٹ کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں ہونی چاہئے: عمر عبداللہ
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جیت کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کا جو بھی منڈیٹ ہوگا اس کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے جو فیصلہ کیا ہوگا وہ آج دوپہر تک سامنے آئے گا۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں میڈیا کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا، ‘‘ہمیں جیت کی ہی امید ہے باقی سب اللہ تعالیٰ تک ہے جموں و کشمیر کے لوگوں نے جو فیصلہ کیا ہوگا وہ آج دوپہر تک سامنے آئے گا۔‘‘
اسمبلی انتخابات کی ووٹ شماری، این سی-کانگریس کی سبقت برقرار
جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کی ووٹ شماری کے دوران این سی-کانگریس اتحاد کی سبقت برقرار ہے۔ فی الحال این سی-کانگریس اتحاد 50 سیٹوں پر آگے ہے وہیں بی جے پی صرف 24 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے۔ پی ڈی پی 4 سیٹوں پر جبکہ دیگر 12 سیٹوں پر آگے ہیں۔
اسمبلی انتخابات کی ووٹ شماری میں این سی-کانگریس اتحاد کو اکثریت حاصل
جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات 2024 کے ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور رجحانات میں این سی-کانگریس اتحاد نے اکثریت حاصل کر لی ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق این سی-کانگریس نے 55 سیٹوں پر سبقت حاصل کر لی ہے۔ جبکہ بی جے پی صرف 23 سیٹوں پر آگے ہے۔ پی ڈی پی 3 سیٹوں تک محدود رہ گئی ہے اور دیگر امیدوار اور پارٹیاں 9 سیٹوں پر آگے ہیں۔
این سی-کانگریس اتحاد رجحانات میں آگے، بی جے پی کافی پیچھے
جموں و کشمیر میں رجحانات سامنے آ گئے ہیں اور این سی-کانگریس اتحاد 90 میں سے 46سیٹوں پر آگے ہے۔ وہیں، بی جے پی صرف 24 اور پی ڈی پی 5 سیٹوں پر آگے ہے۔ جبکہ دیگر 12 سیٹوں پر آگے ہیں۔
اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی شروع، کچھ دیر میں جاری ہوں گے نتائج
اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی شروع ہو چکی ہے۔ سب سے پہلے پوسٹل بیلٹ کی گنتی کی جا رہی ہے۔ کچھ دیر میں اصل رجحانات سامنے آئیں گے۔
جموں و کشمیر: سخت سیکورٹی کے بیچ ووٹوں کی گنتی شروع
جموں و کشمیر اسمبلی کی 90 سیٹوں کے لئے ووٹوں کی گنتی منگل کی صبح سخت سیکورٹی بند و بست کے بیچ شروع ہوئی۔ حکام نے بتایا کہ تمام ضلعی ہیڈ کوارٹروں پر ووٹوں کی خوشگوار اور ہموار گنتی کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی کے کڑی انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹوں کے مراکز کے گرد و پیش تین دائروں والی سیکورٹی کی تعیناتی کو عمل میں لائی گئی ہے۔
تین مرحلوں پر محیط ان انتخابات کے لئے پولنگ کا انعقاد بالترتیب 18 ستمبر،25 ستمبر اور یکم اکتوبر کو عمل میں لایا گیا تھا۔ پہلے مرحلے میں24 سیٹوں کی پولنگ ہوئی تھی جبکہ دوسرے اور تیسرے مرحلے میں بالترتیب 26 اور 40 سیٹوں کی پولنگ ہوئی تھی۔ ان 90 سیٹوں پر کل 873 امید وار اپنی قسمت آزمائی کر رہے ہیں جب رائے دہندگان کی کل تعداد 88 لاکھ سے زیادہ تھی۔
یہ پانچ اگست 2019 کو دفعہ 370 کی تنیسخ اور دو یونین ٹریٹریوں میں تبدیل ہونے کے بعد جموں و کشمیر میں پہلے اسمبلی انتخابات تھے نیز یہ پہلی منتخب حکومت ہوگی جو جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کی منسوخی کے ساتھ ساتھ سابقہ ریاست کو لداخ کو چھوڑ کر مرکز کے زیر انتظام علاقے میں تبدیل کرنے کے بعد تشکیل دی جائے گی۔ اسمبلی انتخابات میں ووٹنگ کی مجموعی شرح 63.45 فیصد ریکارڈ ہوئی۔
(یو این آئی اردو)
جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کچھ دیر میں شروع ہوگی
جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے نتائج آج آ رہے ہیں۔ وادی میں 10 سال بعد ایک بار پھر انتخابات ہوئے ہیں۔ اس الیکشن میں کل 63.45 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ اس بار انتخابات میں سیدھا مقابلہ بی جے پی اور این سی-کانگریس کے درمیان بتایا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی پی ڈی پی اور عوامی اتحاد پارٹی جیسی جماعتیں اس بار کنگ میکر کا کردار ادا کرسکتی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔