موب لنچنگ کے شکار سوامی اگنیویش سے ملا جمعیۃ علماء ہند کا وفد
جھارکھنڈ میں بی جے پی یوا مورچہ کارکنان کے حملوں سے زخمی سوامی اگنیویش بدھ کے روز علاج کے لیے ایمس کے ٹراما سنٹر پہنچے جہاں جمعیۃ علماء ہند کے وفد نے ان کی عیادت کی۔
جھارکھنڈ کے پاکوڑ میں بی جے پی یوا مورچہ کی پٹائی سے زخمی سوامی اگنیویش کو سانس لینے میں پریشانی ہو رہی ہے جس کی وجہ سے وہ 18 جولائی کو دہلی واقع ایمس میں علاج کرانے پہنچے۔ ایمس میں ان کا علاج ٹراما سنٹر میں چل رہا ہے جہاں ان کی عیادت کرنے کے لیے کئی سماجی و سیاسی شخصیات پہنچے۔ جمعیۃ علماء ہند کا ایک وفد بھی یہاں سوامی اگنیویش کی عیادت کرنے کے لیے پہنچا۔ یہ وفد جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا محمود مدنی کی ہدایت پر موب لنچنگ کے شکار سوامی اگنیویش کی خیریت جاننے کے لیے پہنچا۔
جمعیۃ علماء ہند کے وفد کے سربراہ مولانا حکیم الدین قاسمی نے سوامی اگنیویش سے ملاقات کر کے ان کے احوال دیرافت کیے اور ان کے ساتھ جھارکھنڈ میں ہوئے پرتشدد حملے پر اظہارِ افسوس کیا۔ ملاقات کے دوران مولانا حکیم الدین نے سوامی اگنیویش کو بتایا کہ مصیبت کے اس وقت میں مولانا محمود مدنی اور جمعیۃ علماء ہند کے دیگر احباب ان کے ساتھ ہیں۔ وفد کے سربراہ نے اس موقع پر سوامی اگنیویش پر حملہ کو ملک کی تہذیب پر حملہ قرار دیا اور کہا کہ مجرموں کے خلاف حکومت کو سخت سے سخت کارروائی کرنی چاہیے۔ وفد جب واپس ہو رہا تھا تو سوامی اگنیویش نے ان کا شکریہ ادا کیا اور اپنے تئیں مولانا محمود مدنی کے خلوص اور ان کی محبت کی تعریف کی۔ جمعیۃ کے اس وفد میں مولانا عظیم اللہ صدیقی، مولانا یاسین جہازی اور ایڈوکیٹ نوراللہ صاحب بھی شریک تھے جو سوامی اگنیویش سے مل کر ان پر ہوئے حملے کی تفصیل جانی اور بی جے پی یوا مورچہ کے شرپسند کارکنان کی حرکتوں کی پرزور مذمت کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔