ایران حملے میں امریکی حمایت یافتہ عرب ریاستیں ملوث: خامنائی

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنائی نے شہر اہواز میں فوجی پریڈ پر ہوئے حملے کا الزام امریکی حمایت یافتہ عرب ریاستوں پر عائد کیا ہے۔ حملے میں پاسداران انقلاب کے 12 اہلکاروں سمیت کل 29 افراد ہلاک ہوئے۔

تصویر ڈی ڈبلیو ڈی
تصویر ڈی ڈبلیو ڈی
user

ڈی. ڈبلیو

آیت اللہ خامنائی نے ملکی سیکورٹی افواج کو حکم دیا ہے کہ وہ اس حملے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے بھر پور کارروائی کریں۔ ایرانی سپریم لیڈر کے اس الزام سے خدشہ ہے کہ اس کے دشمن ملک اور امریکا کے حلیف سعودی عرب اور تہران کے مابین پہلے سے موجود تناؤ میں مزید اضافہ ہو گا۔ ایرانی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا نے بتایا ہے کہ اس حملے میں خواتین اور بچے بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

فوجی پریڈ پر حملے کے تناظر میں ایرانی صدر حسن روحانی نے بھی شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا کہ ایران پر اس حملے کے نتائج سنگین ہوں گے۔ روحانی نے کہا کہ جو افراد ان دہشت گردوں کے سہولت کار بنے، انہیں اس کا جواب دینا ہو گا۔

حملے کی ذمہ داری جہادی گروپ اسلامک اسٹیٹ نے قبول کر لی ہے۔ دہشت گردانہ کارروائی میں ہلاکتوں کی تعداد 29 ہوگئی ہے جبکہ ایرانی وزارت خارجہ نے اس حملے کا الزام ’غیر ملکی عناصر‘ پر عائد کیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق ہلاک شدگان میں سے نصف کا تعلق ایرانی پاسداران انقلاب سے تھا۔

بتایا گیا ہے کہ 4 مسلح حملہ آوروں نے یہ کارروائی اس وقت انجام دی، جب فوجی پریڈ چل رہی تھی۔ ادھر روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کی خاطر تہران حکومت کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 23 Sep 2018, 10:37 AM