عیدی دینے پہلو خان اور عمر کے گھر پہنچے عمران پرتاپ گڑھی
مشہور شاعر عمران پرتاپ گڑھی نے گئو رکشکوں کے ہاتھوں موب لنچنگ کے شکار پہلو خان اور عمر کے گھر والوں سے ملاقات کر کے انھیں عیدی پیش کی۔
تقریباً دو سال قبل نوح ضلع کے گاؤں جے سنگھ پور باشندہ پہلو خان اور گاؤں گھاٹمیکا باشندہ عمر خان کی الور ضلع میں مبینہ گئو رکشکوں کے ذریعہ پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا تھا۔ اس معاملے نے خوب طول پکڑا تھا اور لوک سبھا و راجیہ سبھا میں بھی اپوزیشن پارٹیوں نے ہنگامہ کیا تھا۔ یہاں تک کہ بیرون ملکی میڈیا میں بھی موب لنچنگ کا یہ واقعہ سرخیاں بنی تھیں۔ اس وقت مشہور شاعر عمران پرتاپ گڑھی نے پہلو کی فیملی کی معاشی مدد کرنے کے لیے ملک کے لوگوں سے اپیل کی تھی جس کے بعد لاکھوں کی امدادی رقم متاثرہ خاندان کو ملی۔ عمران پرتاپ گڑھی نے خود بھی پہلو کے گاؤں جے سنگھ پور پہنچ کر متاثرہ خاندان کو دس لاکھ روپے پیش کیا تھا اور ساتھ ہی پہلو کی نابینہ ماں کا خرچ تاعمر اٹھانے کا اعلان بھی کیا تھا۔
اس وقت عمران پرتاپ گڑھی کے اس اعلان کو کچھ لوگوں نے سنجیدگی سے بھلے ہی نہ لیا ہو لیکن جمعرات کو پہلو خان کی والدہ سے ملاقات کرنے پہنچے عمران پرتاپ گڑھی نے ایک بار پھر نہ ان کا آنسو پونچھا بلکہ عیدی پیش کرتے ہوئے اپنا پرانا وعدہ بھی پورا کیا۔ عمران نے پہلے تو جے سنگھ پور پہنچ کر پہلو خان کی والدہ کی مزاج پرسی کی اور پھر گھاٹمیکا پہنچ کر عمر خان کی بیوہ اور اس کے بچوں سے ملاقات کی۔ گھاٹمیکا میں ہی انھوں نے عمر خان کے گھر والوں کے ہمراہ افطار بھی کیا۔ اپنے اس دورہ کے دوران انھوں نے پہلو خان اور عمر خان کے گھر والوں کو عید کے کپڑے دیے اور ان کے لیے کچھ پیسوں کا بھی انتظام کیا۔ عمران پرتاپ گڑھی نے پہلو اور عمر کے گھر والوں کو کیا کچھ دیا، اس تعلق سے میڈیا کو کچھ نہیں بتایا۔ افطاری کے بعد وہ پنہانا میں پنچایت سمیتی کے چیئرمین ارشاد خان کے گھر پر عشائیہ کیا اور پھر گھر کے لیے واپس ہوئے۔
جمعرات کے روز پہلو خان اور عمر خان کے گھر والوں سے ملاقات کرنے اور ان کی معاشی مدد کرنے سے متعلق جب ’قومی آواز‘ کے نمائندہ نے جب عمران پرتاپ گڑھی سے تفصیل جاننی چاہی تو انھوں نے کہا کہ ’’ان کی معاشی مدد کرنا انسانیت کے ناطے میرا فرض ہے جسے میں نے نبھایا اور آئندہ بھی نبھاتا رہوں گا۔‘‘ ملک کے کشیدہ حالات سے متعلق انھوں نے کہا کہ ’’گئو رکشا کے نام پر انسانوں کا قتل کرنا اس حکومت میں عام ہو گیا ہے۔ آج ملک میں سینکڑوں بے گناہ لوگوں کو گائے کے نام پر قتل کیا جا رہا ہے۔‘‘ عمران پرتاپ گڑھی نے بی جے پی اور مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’اقلیتی طبقہ پر ظلم ہو رہا ہے اور بی جے پی کی حکومتیں اس معاملے میں خاموش ہیں۔ ملک کا چوکیدار بھی خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔ اسی وجہ سے گئو رکشا کے نام پر انسانیت کا قتل کرنے والے لوگوں کے حوصلے بلند ہو رہے ہیں۔‘‘ آخر میں انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’یہ ملک کسی ایک کا نہیں ہے بلکہ سبھی سماج اور مذہب کے لوگوں نے اسے خون سے سینچا ہے۔ آج ملک میں بدامنی کا ماحول ہے۔ آپسی بھائی چارہ کو توڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کو کسی بھی طرح صحیح قرار نہیں دیا جا سکتا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔