ملک کا پیسہ لوٹنے والوں کا کڑا احتساب ہو گا، عمران خان

پاکستان کے نومنتخب وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی میں اپنی پہلی تقریر میں کہا ہے کہ وہ کرپشن کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کریں گے اور کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا 
سوشل میڈیا
user

ڈی. ڈبلیو

وزیراعظم کے انتخاب کے لیے ہونے والی ووٹنگ کے بعد اپوزیشن جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز کے اراکین پارلیمان مسلسل نعرے بازی کرتے رہے اور اسی تناظر میں عمران خان نے ’ہیڈفونز‘ پہن کر تقریر کی۔ ان کی اس مختصر تقریر میں مرکزی موضوع کرپشن کا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی دولت، جسے صحت، تعلیم اور انصاف کے شعبوں میں خرچ کیا جانا تھے، اسے چند افراد نے اپنی جیبوں میں ڈالا۔

اپنے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا، ’’تمام افراد یہ بات سمجھ لیں کہ میں کسی کو این آر او نہیں دوں گا۔‘‘

انہوں نے انتخابات پر دھاندلی کے الزامات کے حوالے سے کہاکہ کئی حلقوں میں ان کی جماعت محض چند ہزار ووٹوں سے ہاری، تو ایسے میں یہ کیسے ممکن ہے کہ کوئی طاقت ان کی مدد کر رہی تھی؟

انہوں نے یہ بھی کہا کہ دھاندلی کے خلاف اپوزیشن جیسے چاہے احتجاج کر سکتی ہے۔ عمران خان کا بہ طور وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اپنے اس اولین خطاب میں کہنا تھا، ’’اگر آپ دھرنا دینا چاہتے ہیں، تو بھی ہم آپ کی مدد کریں گے۔ ہم نے چار ماہ تک اسلام آباد میں دھرنا دیا۔ آپ ایک ماہ تک دھرنا دے کر دکھا دیں، ہم آپ کی بات مان لیں گے۔ اس کے لیے کنٹینرز اور کھانا بھی ہم فراہم کریں گے۔‘‘

عمران خان نے اپنے اس مختصر خطاب میں اپنے نوجوان حامیوں کا شکریہ ادا کیا۔ عمران خان نے کہا کہ ان کی بائیس سال کی محنت اور جدوجہد ہے کہ وہ آج منصب وزارت عظمیٰ تک پہنچ پائے ہیں۔

دوسری جانب اپوزیشن رہنما شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ حالیہ انتخابات کو دنیا کے تمام اخبارات اور تنظمیوں نے دھاندلی زدہ قرار دیا۔ انہوں کا یہ بھی کہنا تھا، ’’یہ کیسا الیکشن تھا، جس میں 16 لاکھ ووٹ مسترد ہوئے۔‘‘

شہباز شریف نے کہا کہ ان انتخابات کو پاکستانی قوم نے مسترد کر دیا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ شفاف انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن مکمل طور پر ناکام رہا۔ پاکستان مسلم لیگ کے رہنما نے یہ بھی کہا کہانتخابی دھاندلی کے الزامات کی تفتیش کے لیے پارلیمانی کمیشن قائم کیا جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔