ہماچل پردیش: مودی کی ریلی میں جا رہی طلباء سے بھری بس حادثہ کی شکار، 35 زخمی

ہماچل میں 27 دسمبر یعنی آج بی جے پی حکومت کی ایک سال کی مدت مکمل ہوئی ہے، اس سلسے میں دھرم شالہ میں ایک جشن منایا جا رہا ہے۔اس پروگرام میں وزیر اعظم نریندر مودی بھی شرکت کر رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ہماچل پردیش کے دھرم شالہ میں پی ایم مودی کی ریلی میں شریک ہونے جارہے طلباء سے بھری ایک بس حادثے کی شکار ہوگئی ہے، کانگڑا کے ضلع لنج میں یہ حادثہ رونما ہوا ہے، حادثہ اس قدر شدید تھا کہ آس پاس کے لوگ فوراً جائے واردات پر پہنچ گئے اور زخمیوں کی مدد کرنے لگے، اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ و پولس جائے واردات پر پہنچ گئی، خبروں کے مطابق جائے حادثہ پر کوئی سہولت نہ ہونے کے سبب زمین پر لٹا کر ہی طلبا کا ابتدائی علاج کیا گیا، بعد میں ان زخمی طلباء کو سی ایچ سی میں علاج کے لئے بھرتی کرایا گیا ہے۔ اطلاع کے مطابق بس میں کمپیوٹر سینٹر کے 35 طلبا سوار تھے جو کہ اس حادثہ میں زخمی ہوگئے ہیں۔

ابتدائی اطلاع کے مطابق ایكلویہ کمپیوٹر سینٹر کے طلبا پی ایم نریندر مودی کی ریلی میں شامل ہونے کے لئے دھرم شالہ جا رہے تھے کہ لنج کے مقام پر ان کی بس حادثہ کی شکار ہوگئی، زخمیوں کا علاج اسپتال میں کیا جا رہا ہے، تمام زخمی ہونے والے طلبا کی عمر 20 سے 24 سال کے درمیان کی بتائی جا رہی ہے۔

ابتدائی معلومات میں پتہ چلا ہے کہ 5 شدید زخمی طلبا کو ٹانڈا میڈیکل کالج بھیجا گیا ہے، فی الحال حادثے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل پایا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔