ہیما مالنی کا شرمناک بیان ’آج کل عصمت دری کی پبلسٹی زیادہ ہو رہی ہے‘

کٹھوعہ، اُناؤ، سورت اور مدھیہ پردیش میں بچیوں اور نابالغ لڑکیوں کے ساتھ عصمت دری کا معاملے سامنے آنے کے بعد پورے ملک میں غم و غصہ ہے لیکن ہیما مالنی مرکزی حکومت کا دفاع کرتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کی متھرا سیٹ سے بی جے پی ممبر پارلیمنٹ اور پرانے زمانے کی مشہور و معروف اداکارہ ہیما مالنی نے ملک میں بچیوں اور نابالغ لڑکیوں کے خلاف بڑھ رہے جنسی جرائم پر ایک نہایت عجیب و غریب اور شرمناک بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’عصمت دری کے واقعات کی پبلسٹی زیادہ ہو رہی ہے۔ پہلے بھی شاید اس طرح کے واقعات ہو رہے ہوں گے لیکن معلوم نہیں تھا۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’اس کے اوپر توجہ دی جائے گی۔ جو کچھ ہو رہا ہے وہ ہونا نہیں چاہیے، اس سے ملک کا بھی نام خراب ہو رہا ہے۔ بچیوں کو تحفظ فراہم کرنا بہت ضروری ہے۔‘‘

ہیما مالنی نے یہ بیان بچوں کے خلاف لگاتار ہو رہے جرائم کی خبروں سے متعلق میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے دیا۔ ان دنوں کٹھوعہ، اُناؤ، سورت اور مدھیہ پردیش وغیرہ ریاستوں میں بچیوں اور نابالغ لڑکیوں کے ساتھ عصمت دری اور قتل کے معاملے سامنے آنے کے بعد پورے ملک میں غم و غصہ ہے اور لوگ کھل کر اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔ یہ خبریں آج کل میڈیا میں خوب سرخیاں بن رہی ہیں اور عوام سڑکوں پر اتر کر مظاہرہ بھی کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔