حماس-اسرائیل جنگ: پی ایم مودی نے مصر کے صدر کو کیا فون، بڑھتے خطرات پر تبادلہ خیال

مصری صدر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے عبدالفتح السیسی کو فون کیا اور دونوں کے درمیان غزہ پٹی میں اسرائیلی فوجی مہم سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی۔

<div class="paragraphs"><p>پی ایم مودی، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

پی ایم مودی، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

حماس اور اسرائیل کی جنگ تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ کئی ممالک کے سربراہان اس کوشش میں لگے ہوئے ہیں کہ اس جنگ بندی ہو اور عالمی معیشت کو ہو رہے نقصان سے راحت ملے۔ اس درمیان ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی بھی حماس-اسرائیل جنگ کو لے کر لگاتار مختلف ممالک کے سرکردہ لیڈران سے بات کر رہے ہیں۔ آج انھوں نے مصر کے صدر عبدالفتح السیسی سے فون پر بات کی۔

مصری صدر کے ترجمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جانکاری دی ہے کہ ہفتہ کی شام ہندوستانی وزیر اعظم مودی اور مصری صدر السیسی کے درمیان ٹیلی فون پر بات ہوئی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں لیڈروں کے درمیان غزہ پٹی میں اسرائیلی فوجی مہم کو لے کر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں نے شہری زندگی پر اس کے تباہ کن اثرات پر غور و خوض کیا او راس دوران جنگ سے بڑھ رہے خطرات کو لے کر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اس جنگ کو پورے علاقے کی سیکورٹی کے لیے خطرہ تصور کیا گیا اور دونوں لیڈران نے اعتراف کیا کہ اگر جنگ جاری رہی تو اس کے دور رَس اثرات دیکھنے کو ملیں گے۔


قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے اردن کے شاہ عبداللہ دوئم، اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو اور فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس سے بھی فون پر بات چیت کی تھی۔ گزشتہ دنوں وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شاہ عبداللہ دوئم سے ہوئی بات چیت کی جانکاری دیتے ہوئے لکھا تھا کہ ’’ہم دونوں کے درمیان مغربی ایشیا میں حال کے دنوں میں پیدا حالات پر تبادلہ خیال ہوا۔ ہم نے دہشت گردی، تشدد اور عام شہریوں کی موت کو لے کر اظہارِ فکر کیا۔‘‘

اسرائیلی وزیر اعظم بنجام نیتن یاہو اور فلسطین اتھارٹی کے صدر محمود عباس سے بھی پی ایم مودی نے گزشتہ دنوں فون پر بات چیت کی تھی۔ فون پر ہوئی اس بات چیت کا تذکرہ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیا تھا اور امید ظاہر کی تھی کہ جلد ہی امن و امان کا ماحول قائم ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔