’جھوٹے وعدوں‘ کا سچ بتانے والے گڈکری کی صفائی ’مودی جی کے بارے میں کچھ نہیں کہا‘
2014انتخابات میں بی جے پی لیڈروں اور پی ایم مودی کے ذریعہ کیے گئے وعدوں کو جملہ بتانے والے اپنے ویڈیو پر مرکزی وزیر نتن گڈکری کا کہنا ہے کہ انھوں نے تو مودی جی اور 15 لاکھ کے بارے میں کچھ کہا ہی نہیں۔
مرکزی وزیر نتن گڈکری نے 2014 کی انتخابی تشہیر میں بی جے پی لیڈروں، خصوصاً پی ایم مودی کے ذریعہ کیے گئے وعدوں کو جملہ بتانے والے اپنے ویڈیو پر صفائی پیش کی ہے۔ بی جے پی کے سابق صدر نتن گڈکری نے وائرل ویڈیو پر وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس میں انھوں نے مودی جی یا 15 لاکھ روپے کے وعدے پر کچھ نہیں کہا ہے۔ گڈکری نے الٹا کانگریس صدر راہل گاندھی پر حملہ آور ہوتے ہوئے کہا کہ وہ کب سے مراٹھی سمجھنے لگے، کیونکہ وہ پروگرام تو مراٹھی میں تھا۔ یہی نہیں، گڈکری نے دو قدم آگے بڑھتے ہوئے یہ بھی کہہ دیا کہ ویڈیو میں مہاراشٹر حکومت کے ضمن میں بات ہو رہی تھی اور اس کا بی جے پی یا مرکز کی مودی حکومت سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
دراصل منگل کو کانگریس صدر راہل گاندھی نے ایک مراٹھی چینل کو دیے گڈکری کے انٹرویو کا ویڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ میں کہا کہ ’’صحیح فرمایا، عوام بھی یہی سوچتی ہے کہ حکومت نے لوگوں کے خواب اور ان کے بھروسے کو اپنی لالچ کا شکار بنایا ہے۔‘‘ راہل گاندھی کے شیئر کیے گئے ویڈیو میں نتن گڈکری 2014 میں بی جے پی اور نریندر مودی کے ذریعہ کیے گئے انتخابی وعدوں پر تبصرہ کرتے ہوئے صاف نظر آ رہے ہیں۔ کانگریس نے بھی اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ گڈکری جی ہمارے نظریات سے متفق نظر آتے ہیں کہ مودی حکومت جملوں اور جھوٹے وعدوں کی بنیاد پر بنی ہے۔
دراصل گڈکری کا وائرل ہو رہا یہ ویڈیو ایک مراٹھی چینل کے پروگرام کے لیے اداکار نانا پاٹیل اور دیگر اینکر کے ساتھ ان کے انٹرویو کا حصہ ہے۔ ویڈیو میں وہ مراٹھی میں بات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’انھیں تو کبھی امید ہی نہیں تھی کہ وہ اقتدار میں آ جائیں گے۔ پھر لوگوں نے کہا کہ لمبے لمبے وعدے کرنا شروع کر دو۔ اگر پورے نہیں ہوئے تو کون سا ہم اقتدار میں آنے والے ہیں جنھیں پورا کرنا پڑے گا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا تھا کہ ’’لوگوں نے سچ مچ ووٹ دے کر اقتدار میں پہنچا دیا۔‘‘ یہ کہہ کر نتن گڈکری زور سے ہنس پڑتے ہیں۔ اس کے بعد جب پوچھا گیا کہ اب جب لوگ یاد دلاتے ہیں تو کیا کرتے ہیں، تو انھوں نے کہا کہ ’’ہم بھی ہنس دیتے ہیں اور آگے بڑھ جاتے ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔