مسلمانوں کو خوش کرنے کے لیے ہندوؤں کی بے عزتی کر رہے ہیں نتیش: بی جے پی لیڈر

مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے کہا کہ بہار کی نتیش حکومت کے ذہن میں یہ بات بیٹھ گئی ہے کہ مذہبی بھائی چارہ تبھی قائم ہوگا جب ہندوؤں کو دبایا جا ئے گا، یہاں ہندوؤں کو اکسانے والی کارروائی ہو رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مودی حکومت کے وزیر اور بہار کے نوادہ لوک سبھا حلقہ انتخاب سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ گری راج سنگھ نے نتیش کمار پر نشانہ لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت میں ہندوؤں کو بے عزت کرنے کا کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوؤں کو تنگ کرکے اور انہیں دباکر بھائی چارہ قائم نہیں کیا جا سکتا ۔ گری راج ہفتہ کے روز نوادہ جیل میں قید بجرنگ دل کے ضلع کوآرڈینیٹر جتیندر پرتاپ سے ملنے گئے تھے۔

جیل سے ملاقات کر کے نکلنے کے بعد مرکزی وزیر نے پولس کے بہانے نتیش حکومت کو آڑے ہاتھ لیا۔ انہوں نے کہا کہ بجرنگیوں کی گرفتاری کر کے پولس نے لوگوں کو اکسانے کا کام کیا ہے۔ جبکہ یہ لوگ ہاتھ جوڑکر دکانیں بند کرا رہے تھے اور وہ ظلم و ستم کی بات کرتے ہیں۔ اس کے باوجود پولس نے انہیں گرفتار نہیں کیا۔ گری راج نے کہا کہ حکمرانی جابرانہ طریقہ سے نہیں چلتی بلکہ اسے مل جل کر چلانا ہوتا ہے۔

گری راج نے یہ بھی کہا کہ نوادہ کے اکثرتی طبقہ کے لوگوں نے سماجی ہم آہنگی کو قائم کرنے میں ہمیشہ پہل کی ہے اور اکبر پور، رجولی کا منن پور، پکری بڑاواں کا دھمول اور نوادہ شہر میں انہوں نے سماجی بھائی چارہ بنائے رکھا۔ اس کے باوجود اکثریتی طبقہ کے لوگوں پر ہی شہر کا ماحول خراب کرنے کا الزام لگ رہا ہے اور انہیں ہی جیل بھیج دیا گیا۔

بی جے پی کے سخت گیر رہنما گری راج نے یہ بھی کہا کہ تحریک چلانا اور تعاون دینا ملک کے عوام کا آئینی حق ہے۔ لیکن یہاں کی پولس اس بات کو درکنار کر کے من مانی کر رہی ہے۔ بہار حکومت کے ذہن میں یہ بات بیٹھ گئی ہے کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی تبھی قائم ہوگی جب ہندوؤں کو دبایا جائے گا۔بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد کے کارکنان کے خلاف جو کارروائی ہوئی ہے وہ ہندوؤں کو اکسانے والی ہے اور پوری طرح غلط ہے۔

واضح رہے کہ 3 جولائی 2017 کو پولس نے فساد بھڑکانے کے الزام میں بجرنگ دل کے ضلع کوآرڈینیٹر جتیندر پرتاپ جیتو کو گرفتار کر یا تھا۔ تب ان کے حامی سڑکوں پر اتر آئے تھے اور انتظامیہ کے خلاف مظاہرہ کیا تھا۔ 4 جولائی کو وی ایچ پی نے نوادہ بند کرایا تھا جس میں وی ایچ پی کے ضلع سکریٹری سمیت دیگران کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔