دنیا کے سب سے مضبوط پاسپورٹ کی فہرست میں ہندوستان کو ایک مقام کا نقصان، فرانس سرفہرست
ہندوستان 2023 میں مضبوط پاسپورٹ کی رینکنگ میں 84ویں مقام پر تھا، لیکن تازہ رینکنگ میں اس کو 85واں مقام حاصل ہوا ہے، یعنی گزشتہ سال کے مقابلے ہندوستان کو ایک مقام کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
پاسپورٹ کی رینکنگ جاری کرنے والے ادارہ 'ہنلی اینڈ پارٹنرس' نے تازہ رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں فرانس نے پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ یعنی پاسپورٹ انڈیکس میں فرانس کے پاسپورٹ کو دنیا میں سب سے زیادہ مضبوط تصور کیا گیا ہے۔ ہندوستان کی بات کریں تو گزشتہ سال کے مقابلے اسے ایک مقام کا نقصان اٹھانا پڑا ہے اور پاسپورٹ انڈیکس میں اس کو 85واں مقام دیا گیا ہے۔ 2023 میں ہندوستان نے 84واں مقام حاصل کیا تھا اور امید کی جا رہی تھی کہ نئی رینکنگ میں بہتری دیکھنے کو ملے گی، لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ حالانکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال ہندوستانی دو زیادہ ممالک میں بغیر ویزا کے سفر کر سکتے ہیں۔ 2023 میں ایسے 60 ممالک تھے جہاں ہندوستانی بغیر ویزا کے جا سکتے تھے، اور اب یہ تعداد بڑھ کر 62 ہو گءی ہے۔
تازہ رینکنگ کے مطابق فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، سنگاپور اور اسپین کے پاس دنیا کی سب سے زیادہ طاقتور پاسپورٹ ہے۔ یہاں کے لوگ 194 ممالک میں بغیر ویزا کے سفر کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد فنلینڈ، نیدرلینڈ، جنوبی کوریا اور سویڈن کا نمبر آتا ہے۔ یہاں کے لوگ 193 ممالک کا سفر بغیر ویزا کے کر سکتے ہیں۔ اس انڈیکس میں مجموعی طور پر 199 ممالک کے پاسپورٹ کو شامل کیا گیا ہے۔
اگر ہندوستان کے پڑوسی ممالک کی بات کی جائے تو پاسپورٹ انڈیکس میں پاکستان کو 106واں، سری لنکا کو 101واں، بنگلہ دیش کو 102واں اور نیپال کو 103واں مقام حاصل ہے۔ افغانستان اس انڈیکس میں سب سے آخری 109ویں مقام پر ہے جہاں کے باشندے پاسپورٹ کے ساتھ محض 28 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔ شام کو 108واں، عراق کو 107واں، یمن کو 105واں اور فلسطین کو 103واں مقام حاصل ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔