سابق وزیر اعظم واجپئی کی حالت نازک
ایمس نے دیر رات واجپئی کا ہیلتھ بلیٹن جاری کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ ان کی حالت بہت نازک ہو گئی ہے اور انہیں لائف سپورٹ سسٹم پر رکھا گیا ہے۔
گزشتہ 9 ہفتوں سے ایمس میں زیر علاج سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی حالت کل اچانک بگڑ گئی۔ ایمس انتظامیہ نے دیررات واجپئی کا ہیلتھ بلیٹن جاری کیا جس میں بتایا گیا کہ پچھلے 24 گھنٹوں میں ان کی حالت کافی بگڑ گئی ہے اور ان کو لائف سپورٹ سسٹم پر رکھا گیا۔ بلیٹن میں بتایا گیا ’’سابق وزیر اعظم کا گزشتہ 9 ہفتوں سے علاج چل رہا ہے۔ یہ افسوس کی بات ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان کی صحت کافی بگڑ گئی اور انہیں لائف سپورٹ سسٹم پر رکھا گیا ہے‘‘۔
سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کو اسپتال دیکھنے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی گئے اور ان کی کابینہ کے کئی وزراء بھی واجپئی کی عیادت کے لئے ایمس پہنچے جن میں اسمرتی ایرانی، ڈاکٹر ہرش وردھن، پیوش گوئل وغیرہ شامل تھے۔ واضح رہے ایمس کے تجربہ کار ڈاکٹروں کی ایک پوری ٹیم واجپئی کی صحت پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
سابق وزیراعظم اور بی جے پی کے سینئر رہنما اٹل بہاری واجپئی گزشتہ 11 جون سے اسپتال میں داخل ہیں۔ آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو نے ٹوئٹ کر کے ان کی جلد صحتیاب ہونے کی خواہش کی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایمس میں داخل اٹل بہاری واجپئی کی حالت گزشتہ 24 گھنٹوں میں زیادہ خراب ہو گئی ہے۔ ان کے یورین، سینہ اور کڈنی میں انفیکشن بڑھ گیا ہے اور ایک ڈاکٹروں کا پینل ان کی نگرانی کر رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 16 Aug 2018, 6:25 AM