بچہ چرانے کے شبہ میں 5 افراد کی ماب لنچنگ 

مہاراشٹر:دھولیہ ضلع کے ایک گاؤں میں بچے چرانے کے شبہ میں 5افراد کو پیٹ پیٹ کر جان سے ماردیاگیا، واردات میں ملوث 15 افراد کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ 250 افراد فرار پیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: مہاراشٹر کے دھولیہ ضلع کے ایک گاؤں میں دیہاتیوں نے بچہ چرانے کے شبہ میں پانچ افراد کو پیٹ پیٹ کر جان سے ماردیا، پولس نے اس واردات کے سلسلہ میں 15افراد کو گرفتار کرلیا ،مقتولین کی شناخت نہیں ہوئی ہے ،لیکن ان کا تعلق شولاپورسے بتایا جارہا ہے۔دھولیہ کے ایس پی ایم رام کمار نے کہا کہ اس واردات میں ملوث تقریباً 250 افراد گاؤں سے فرار ہیں۔

پولس کے مطابق مذکورہ پانچ مقتولین دیگر افراد کے ہمراہ قبائلی علاقہ رین پاڑہ میں ایک سرکاری ایس ٹی بس سے یہاں پہنچے اور ان میں سے ایک شخص جب ایک لڑکی سے گفتگو کررہا تھا تب ہفتہ روزہ اتوار بازار میں جمع دیہاتیوں کو ان پر بچہ چرانے کا شبہ ہوا اور انہوں نے پانچوں کو پکڑکر ان کی پٹائی شروع کردی۔

پولس کے مطابق گزشتہ چند دنوں سے افواہیں پھیلی ہوئی تھیں کہ بچے چرانے والا ایک گروہ اس علاقے میں سرگرم ہے۔ان کی لاشوں کو قریبی پمپل نیر اسپتال لے جایا گیا ہے۔ ذرائع کےمطابق ان مقتولین کو پٹتے ہوئے گرام پنچایت دفتر لے جایا گیا اور ان لوگوں کی پٹائی کے دوران موت واقع ہوگئی ،ان سب کا تعلق شولا پور ضلع کے منگل ویڑہ گاؤں سے بتایا جارہا ہے۔پولس نے دس افراد کو حراست میں لے لیا اور تحقیقات جاری ہے ۔ مجمع نے ان افراد پر صبح 11بجے لکڑیوں،ڈنڈوں اور پتھروں سے حملہ کردیا اور انہیں پکڑکر ایک کمرے میں بند کردیا جہاں ان کی بُری طرح سے پٹائی کی گئی ۔

مہاراشٹر کے وزیر مملکت برائے داخلہ دیپک کیسرکر پیر کو علاقہ کا دورہ کریں گے اور حالات کا جائزہ لیا جائیگا۔واردات کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائر ل ہوگیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔