دہلی: روہنی سیکٹر 26 واقع جھگی جھونپڑی میں لگی آگ، 500 افراد بے گھر
جھگی جھونپڑی میں رہنے والے لوگوں اور بغل کی کالونی میں مقیم افراد کے درمیان گزشتہ تین دنوں سے کسی بات کو لے کر جھگڑا ہو رہا تھا اور اندیشہ ہے کہ کالونی کے لوگوں نے ہی جھگیوں میں آگ لگائی۔
دہلی کے روہنی سیکٹر 26 واقع دولت پور گاؤں میں زبردست آتش زدگی ہوئی جس میں تقریباً 150 جھگیاں خاکستر ہو گئی ہیں۔ اس حادثہ کے بعد ان جھگیوں میں رہنے والے کم و بیش 500 لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔ بے گھر ہوئے لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ 3 دن سے سیکٹر 26 کی کالونی، جو جھگیوں کے بالکل قریب میں موجود ہے، وہاں کے لوگ اور جھگیوں کے کچھ لوگوں کے درمیان لڑائی چل رہی تھی۔ اس درمیان آگ زنی کے واقعات بھی پیش آئے تھے۔ بے گھر ہوئے لوگوں نے الزام عائد کیا کہ کالونی کے لوگوں نے ہی ان کی جھگیوں میں آگ لگائی ہے۔
فائر اسٹیشن کے افسر کا کہنا ہے کہ انھیں بھی یہاں گزشتہ تین دن سے کہیں کہیں آگ لگنے کی اطلاع مل رہی تھی اور گزشتہ رات تقریباً 12 بجے جھگیوں میں بڑے پیمانے پر آگ لگنے سے متعلق فون آیا تھا۔ دہلی فائر سروس ٹیم کی 12 گاڑیوں نے 4 گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔ راحت کی بات یہ ہے کہ اس حادثہ میں کسی کی جان نہیں گئی۔
سالوں سے جھگی میں رہنے والے لوگوں نے اس پورے معاملے میں پولس پر لاپروائی برتنے کا الزام عائد کیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ جھگی جھونپڑی میں بسے لوگوں اور کالونی کے لوگوں کے درمیان تلخی کی شکایت پولس کو دی گئی تھی لیکن پولس نے کوئی بھی کارروائی نہیں کی۔ فی الحال آگ لگنے کے اسباب کا صحیح پتہ لگایا جا رہا ہے اور پولس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 10 Nov 2018, 5:09 PM