کرناٹک: بچہ چوری کے شک میں بھیڑ نے بچی کے والد کو ہی پیٹ دیا
ملک بھر میں بچہ چور وں کی افواہوں کے سبب لوگوں کی پٹائی کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ معاملہ کرناٹک کے منگلورو کا ہے جہاں بچہ چور سمجھ کر ایک والد کو ہی لوگوں نے پیٹ پیٹ کر نیم مردہ کر دیا۔
بچہ چوری کی افواہ میں بھیڑ کے ذریعہ قانون اپنے ہاتھ میں لینے کا معاملہ رُکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ تازہ معاملہ کرناٹک کے منگلورو شہر کا ہے جہاں بچہ چوری کے شک میں بھیڑ نے ایک باپ کی بے رحمی سے پٹائی کر دی۔ خبروں کے مطابق خالد نامی شخص اپنی بیٹی کے ساتھ آٹو رکشہ سے کہیں جا رہا تھا۔ اس دوران خالد نے کسی بات پر اپنی بچی کو ڈانٹ دیا جس سے وہ رونے لگی۔ بچی کو رکشہ پر روتا دیکھ بچہ چور ہونے کے شک میں دو نوجوان اس کا پیچھا کرنے لگے۔ اس درمیان خالد ایک ریسٹورینٹ کے پاس پہنچا ہی تھا کہ پیچھا کر رہے نوجوان اس کے پاس آئے اور بچہ چور سمجھ کر اسے پیٹنا شروع کر دیا۔ اس دوران خالد چیختا رہا اور بار بار کہتا رہا کہ وہ بچی کا والد ہے لیکن اس کی بات کسی نے نہیں سنی۔
موقع پر پہنچی پولس نے بڑی مشکل سے ناراض بھیڑ سے متاثر شخص کو بچایا۔ اس کے بعد پولس خالد کو تھانہ لے گئی اور معاملے کی صحیح جانکاری کے لیے اس کی بیوی کو بلایا گیا۔ پولس کو جب یقین ہو گیا کہ بچہ خالد کا ہی ہے تو انھوں نے اسے چھوڑ دیا۔ چونکہ خالد کسی کے خلاف شکایت درج کرانا نہیں چاہتا تھا اس لیے پولس نے بھی اس معاملے میں کوئی کیس درج نہیں کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔