کسان تحریک: حکومت کسانوں کا درد نہیں سمجھ رہی... کسان سنیوکت مورچہ

کسان تحریک کی وجہ سے دہلی-ہریانہ بارڈر پر لگا جام / تصویر آئی اے این ایس
کسان تحریک کی وجہ سے دہلی-ہریانہ بارڈر پر لگا جام / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

03 Feb 2021, 10:22 PM

حکومت کسانوں کا درد نہیں سمجھ رہی: کسان سنیوکت مورچہ

سنیوکت کسان مورچہ نے بدھ کے روز مرکزی حکومت کے رویہ پر کہا کہ ’’حکومت کسانوں کے درد کو نہیں سمجھ رہی ہے۔‘‘ نئے زرعی قوانین کے خلاف دو مہینے سے زیادہ مدت سے ملک کی راجدھانی دہلی کی سرحدوں پر ڈیرا ڈالے کسانوں کی قیادت کرنے والی تنظیم سنیوکت کسان مورچہ نے یہ بیان بجلی ملازمین کی یک روزہ ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے دیا۔ سنیوکت کسان مورچہ نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ کسانوں کی پریشانی سمجھے اور قانون کو واپس لے۔

03 Feb 2021, 9:10 PM

دہلی کے غازی پور بارڈر پر سیکورٹی کے انتظامات مزید سخت

دہلی-اتر پردیش کی سرحد پر واقع غازی پور بارڈر میں پولس بیریکیڈس اور کنٹیلے تاروں کی باڑ لگا کر احتجاجی مظاہرہ کے مقام پر سیکورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ کانٹے دار باڑ لگا کر یو پی سرحد کی جانب جانے والی سڑک کے ایک حصے کو بند کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ ڈی ٹی سی کی کئی بسوں کو سڑک پر کھڑا کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی طرح کی گاڑیوں کی آمد و رفت نہ ہو سکے۔

03 Feb 2021, 8:04 PM

کنگنا رانوت کے خلاف مقدمہ چلایا جائے: منجندر سنگھ سرسا

دہلی سکھ گرودوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ منجندر سنگھ سرسا نے ایک ٹوئٹ کر کے کنگنا رانوت کے خلاف مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’کسانوں کو ملک غدار کہنے کے لیے اور کسان تحریک کو ملک توڑنے کی مہم کہنے کے لیے کنگنا رانوت پر مقدمہ چلنا چاہیے۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا ہے کہ ’’اس گھٹیا بیان بازی کے لیے ہم کنگنا کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘‘


03 Feb 2021, 7:06 PM

دہلی بارڈر پر انٹرنیٹ معطلی میں مزید توسیع نہیں: حکومت

مرکزی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اب دہلی بارڈرس پر انٹرنیٹ خدمات مزید بند نہیں کی جائیں گی۔ خبر رساں ادارہ پی ٹی آئی نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں وزارت داخلہ کے ایک افسر کے حوالے سے یہ بات کہی گئی ہے کہ دہلی بارڈرس پر انٹرنیٹ کی معطلی میں اب مزید توسیع نہیں ہوگی۔

03 Feb 2021, 6:04 PM

ہریانہ: جیند مہاپنچایت میں زرعی قوانین کے خلاف قرارداد پاس

ہریانہ کے جیند میں جاری مہاپنچایت میں تینوں زرعی قوانین کے خلاف قرارداد پاس کیا گیا ہے۔ اس میں قانون واپسی، ایم ایس پی اور کسانوں پر درج کیس واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ کسان لیڈر راکیش ٹکیت بھی اس دوران اسٹیج پر موجود تھے۔


03 Feb 2021, 4:09 PM

جب جب راجہ ڈرتا ہے، قلعہ بندیاں کرتا ہے، راکیش ٹکیت

ہریانہ کے جیند میں منعقدہ کسانوں کی مہا پنچایت میں ٹکیت نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ جب جب راجہ ڈرتا ہے، قلعہ بندیاں کرتا ہے۔ دہلی میں کیلیں لگائی جا رہی ہیں، ہم وہ اپنے کھیتوں میں بھی لگاتے ہیں۔ راکیش ٹکیت نے کہا کہ ابھی تو ہم نے صرف بل واپسی کی بات کی ہے، اگر گدی واپسی کا بھی مطالبہ کرنے لگے تو پھر کیا کیرں گے؟ ٹکیت نے کہا کہ جیند والوں کو ابھی دہلی کوچ کرنے کی ضرورت نہیں ہے، آپ یہیں سے تحریک کو حمایت دیں۔

03 Feb 2021, 2:14 PM

ہریانہ کے جِیند پہنچے راکیش ٹکیت، مہا پنچایت شروع

بھارتیہ کسان یونین کے لیڈر راکیش ٹکیت ہریانہ کے جیند میں پہنچ چکے ہیں، جہاں پر کسانوں کی مہا پنچایت منعقد کی گئی ہے۔


03 Feb 2021, 1:06 PM

’یہ تجربہ اگر کامیاب ہو گیا تو سی اے اے، دفعہ 370 اور رام مندر کے خلاف احتجاج شروع ہو جائے گا‘

مہاراشٹر کے وزیر داخلہ اور بی جے پی لیڈر نروتم مشرا نے کہا، ’’کسانوں کا ہنگامہ ایک تجربہ ہے۔ اگر یہ تجربہ کامیاب ہو گیا تو لوگ سی اے اے - این آر سی، دفعہ 370 اور رام مندر کے خلاف بھی احتجاج کرنا شروع کر دیں گے۔ کوئی یہ بتانے کو تیار نہیں ہے کہ سیاہ قانون (زرعی قانون) میں سیاہ کیا ہے۔ یہ مظاہرے تصور پر مبنی ہیں۔‘‘

03 Feb 2021, 12:00 PM

جنگ ہمیں کسانوں سے نہیں پاکستان اور چین سے جیتنی ہے، غلام نبی آزاد

غلام نبی آزاد نے راجیہ سبھا میں تینوں زرعی قوانین واپس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کانگریس کے لیڈر ششی تھرور کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ کئی سینئر صحافیوں پر بھی مقمدے درج ہوئے ہیں۔ کسی کو پریشان کرنے کے لئے معاملے درج نہیں ہونے چاہئیں اور حکومت کو پر سکون ہو کر کسانون کے مطالبات کر غور کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے ساتھ جنگ لڑکے ہمایا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، جنگ ہمیں پاکستان اور چین سے لڑنی ہے، کسانوں سے نہیں۔ ملک میں جو تعطل بنا ہوا ہے وہ کسی بھی لحاظ سے درست نہیں ہے۔


03 Feb 2021, 9:56 AM

کسان تحریک کے حق میں منڈی ہاؤس سے جنتر منتر تک مارچ

کسان تحریک کی حمایت میں لیفٹ تنظیمیں آج منڈی ہاؤس سے جنتر منتر تک مارچ ہوگا۔ یہ مارچ دوپہر 12 بجے شروع ہوگا اور اس میں جے این ایس یو، اے آئی سی سی ٹی یو، اے آئی پی ڈبلیو اے، اے آئی ایس اے، اے آئی ایس ایف، انہد، سی وائی ایس ایس، ڈی ایس ایف وغیرہ تنظیمیں اس میں شامل ہوں گی۔

03 Feb 2021, 9:56 AM

حکومت پارلیمنٹ میں بحث کے لئے تیار

حکومت پارلیمنٹ میں کسان تحریک پر بحث کے لئے تیار ہو گئی ہے۔ اب بحث کے لئے ساڑھے 14 گھنٹے کا وقت دیا گیا ہے۔ راجیہ سبھا میں کانگریس کے رکن غلام نبی آزاد نے آج کسانوں کا مسئلہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا، ’ہم چاہتے ہیں کہ پہلے کسانوں کے مسئلہ پر بحث کی جائے۔‘


03 Feb 2021, 8:49 AM

ہریانہ کی مہاپنچایت میں شامل ہوں گےراکیش ٹکیت

بھارتیہ کسان یونین کے رہنما اور کسان تحریک کا چہرہ بن چکے راکیش ٹکیت آج ہریانہ کے جیند میں کسانوں کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔ بتایا جا رہا ہےکہ جیند کے کنڈیلا گاؤں میں واقع اسپورٹس اسٹیڈئم میں آج ریاست گیر مہا پنچایت ہونی ہے، جس میں راکیش ٹکیت شرکت کر سکتے ہیں۔ واضح رہےگزشتہ دو ماہ سے زیادہ مدت سے نئے زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا احتجاج جاری ہے اور سنگھو اور غازی پور بارڈر پر بھاری پولیس فورس تعینات کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔