کسان تحریک: احتجاج میں نرمی کے کوئی آثار نہیں، غازی پور بارڈر پر کسانوں نے لگایا ٹینٹ

غازی پور بارڈر پر موجود مغربی یو پی سے تشریف لانے والے کسان / تصویر آئی اے این ایس
غازی پور بارڈر پر موجود مغربی یو پی سے تشریف لانے والے کسان / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

21 Dec 2020, 10:04 PM

کسانوں نے غازی پور بارڈر پر لگایا ٹینٹ، مظاہرہ میں مزید شدت

کسانوں کا مظاہرہ دن بہ دن تیز ہوتا جا رہا ہے۔ مودی حکومت زرعی قوانین واپس لینے کے لیے تیار نہیں ہے، اور کسانوں نے بھی عزم کر رکھا ہے کہ جب تک قانون واپس نہیں ہوگا، وہ گھر نہیں لوٹیں گے۔ اس ضمن میں غازی پور بارڈر پر موجود کسان مظاہرین نے ٹینٹ بھی لگا لیا ہے اور سرد راتوں میں بھی گھر واپسی کے ارادے کو ترک کر دیا ہے۔

21 Dec 2020, 8:55 PM

کسانوں نے 27 دسمبر کو تالی اور تھالی بجانے کا کیا اعلان

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق 27 دسمبر کو کسانوں نے تالی اور تھالی بجانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کسانوں نے اس دن کا انتخاب اس لیے کیا ہے کیونکہ 27 دسمبر کو ہی پی ایم مودی ’من کی بات‘ پروگرام کو خطاب کریں گے۔ کسان چاہتے ہیں کہ اس موقع پر وہ تالی اور تھالی بجا کر پی ایم مودی کی مخالفت میں آواز اٹھائیں اور زرعی قوانین کو واپس لینے کے اپنے مطالبہ کو مضبوطی کے ساتھ پیش کریں۔

21 Dec 2020, 6:04 PM

زرعی قوانین کے خلاف کسان تمل ناڈو سے دہلی تک نکالیں گے ’ٹریکٹر ریلی‘

دہلی بارڈر پر کسانوں کا احتجاجی مظاہرہ جاری ہے۔ اس درمیان تمل ناڈو کے کسانوں نے غازی پور بارڈر پر اعلان کیا ہے کہ وہ اور ان کے ساتھ جلد ہی مودی حکومت کے ذریعہ پاس کردہ زرعی قوانین کے خلاف تمل ناڈو سے دہلی تک ٹریکٹر ریلی نکالیں گے۔


21 Dec 2020, 5:10 PM

مہاراشٹر: مظاہرہ کی حمایت کرنے نکلنے پڑے ناسک کسان تنظیم کے اراکین

کسانوں تحریک کی حمایت میں آواز بلند ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور اب ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ مہاراشٹر واقع ناسک کے کسان تنظیم سے منسلک اراکین دہلی مظاہرہ کی حمایت کرنے گھر سے نکل گئے ہیں۔

21 Dec 2020, 3:04 PM

مودی حکومت کی حمایت کرنے والے گروپ سے میں ملاقات کروں گا: راکیش ٹکیت

بھارتیہ کسان یونین کے ترجمان راکیش ٹکیت نے کہا ہے کہ ہم زرعی قوانین پر مرکز کی حمایت کرنے والے کسان گروپوں سے ملیں گے۔ راکیش ٹکیت نے کہا کہ ہم ان سے اس بارے میں جانکاری لیں گے کہ وہ زرعی قوانین سے کس طرح فائدہ اٹھا رہے ہیں اور اس کی تکنیک جاننے کی کوشش کریں گے جس کا وہ استعمال اپنی فصل فروخت کرنے کے لیے کر رہے ہیں۔


21 Dec 2020, 1:22 PM

نیا قانون صرف کاروباریوں کے فائدے کے لئے ہے... سدھو

کانگریس لیڈر نوجوت سنگھ سدھو نے ٹوئٹ کرکے حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ سدھو نے ایک ویڈیو ٹوئٹ میں کہا، جس وہ کچھ لوگوں سے گفتگو کر رہے ہیں۔ کانگریس قائد نے لکھا کہ نئے قانون میں کچھ بھی کسانوں کے حقوق کے لئے نہیں ہے، یہ قانون صرف تاجروں کے مفاد کے لئے ہے۔

21 Dec 2020, 11:06 AM

سنگھو بارڈر پر کسانوں کا مظاہرہ جاری

زرعی قوانین کے خلاف سنگھو بارڈر پر کسانوں کا احتجاج جاری ہے۔ بھارتیہ کسان یونین پنجاب کے سکریٹری بلونت سنگھ نے کہا، “آج سے 11 افراد بھوک ہڑتال پر یہاں دھرنا دیں گے۔ اس طرح سے ہم یہ بتانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ حکومت ہمارے مطالبے کو قبول نہیں کر رہی ہے اور ہم اس طرح سے اپنا مطالبہ حاصل کریں گے۔


21 Dec 2020, 10:08 AM

مرکزی حکومت نے کسانوں کو ایک بار پھر مذاکرات کے لئے بھیجی تجویز

مرکزی وزارت برائے زراعت اور کسان بہبود نے کسانوں کو ایک خط لکھ کر زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرہے کسانون کو پھر سے دوبارہ مذاکرات کے لئے ایک تاریخ بتانے کی درخواست کی ہے۔ اب تک، کسان اور حکومت کے مابین مذاکرات کے 6 دور ناکام ہو چکے ہیں۔

21 Dec 2020, 7:53 AM

آج سے روزانہ گیارہ کسان بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے

ہریانہ کے سونی پت کے کنڈلی بارڈر پر دھرنے پر بیٹھے کسانوں کی تنظیموں کی سنگھرش سمیتی نے کہا ہے کہ آج یعنی 21 دسمبر سے 11 کسان روزانہ بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے۔
سنگھرش سمیتی نے کل شام پریس کانفرنس میں بھارتیہ کسان یونین کے قومی صدر راکیش ٹکیت ، ڈاکٹر درشن پال سنگھ ، سرجیت سنگھ وغیرہ نے مشترکہ طور پر کہا کہ پیر سے روزانہ گیارہ کسان بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے۔ اس کے علاوہ اڈانی گروپ کی تمام مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ کسان 23 دسمبر کو ’یوم کسان‘ کے موقع پر بطور احتجاج دوپہر کا کھانا نہیں بنائیں گے۔ 25 دسمبر کو کسان اپنے علاقے میں بی جے پی قائدین کو ایک یادداشت پیش کرکے ان تینوں زرعی قوانین کو رد کنے کا مطالبہ کریں گے۔ 26 دسمبر کو حکومت کے حلقوں کو میمورنڈم دے کر سیاہ قوانین واپس لینے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ اسی سلسلے میں ہریانہ کے تمام ٹول 26 اور 27 دسمبر کو فری کرائے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ 27 دسمبر کو مودی کے ’من کی بات‘ کے وقت پورے ملک میں کسان تھالی اور تالی کے شور میں ان کی آواز دبائیں گے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ نہ تھکیں گے، نہ رکیں گے اور نہ خوفزدہ ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔