کسان تحریک: مودی حکومت جتنا ضد کرے گی، کسان تنظیمیں اتنا مضبوط ہوں گی... ٹکیت

راکیش ٹکیت، تصویر آئی اے این ایس
راکیش ٹکیت، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

23 Dec 2020, 10:05 PM

مودی حکومت جتنا ضد کرے گی، کسان تنظیمیں اتنا مضبوط ہوں گی: راکیش ٹکیت

کسان لیڈر اور بھارتیہ کسان یونین کے سربراہ راکیش ٹکیت نے مودی حکومت پر کسان تنظیموں کے اتحاد کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’حکومت جتنا ضد کرے گی، کسان تنظیموں کو اتنا ہی طاقت ملے گا۔ کچھ لوگ کسانوں کے اتحاد کو نقصان پہنچانے کا کام کر رہے ہیں جو ٹھیک نہیں۔‘‘ ساتھ ہی راکیش ٹکیت نے یہ بھی کہا کہ ’’لیموں کا چوتھا حصہ 10 کوئنٹل دودھ کو پھاڑ دیتا ہے۔ ہمارے کئی بھائی لیموں کا کام کر رہے ہیں، ایسا کام نہ کریں۔‘‘

23 Dec 2020, 9:04 PM

ٹیکری بارڈر پر موجود پٹرول پمپوں کو مظاہرہ سے زبردست نقصان

کسانوں کا مظاہرہ دہلی کے بارڈرس پر لگاتار جاری ہے۔ اس درمیان ٹیکری بارڈر واقع بھارت پٹرولیم پٹرول پمپ کے منیجر کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ ’’ٹیکری بارڈر کے پاس موجود پٹرول پمپ کو کسانوں کی تحریک سے زبردست نقصان پہنچا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید بتایا کہ پٹرول پمپ پر تیل کی خریداری کم ہونے کی وجہ سے تقریباً 60 ہزار روپے روزانہ کا نقصان ہو رہا ہے۔‘‘

23 Dec 2020, 8:04 PM

بلاوجہ تاخیر کر کے مودی حکومت کسانوں کا حوصلہ توڑنا چاہتی ہے: بھارتیہ کسان یونین

بھارتیہ کسان یونین کے لیڈر یدھویر سنگھ نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’’جس طرح سے مرکزی حکومت اس بات چیت کے عمل کو آگے بڑھا رہی ہے، اس سے واضح ہے کہ حکومت اس ایشو پر تاخیر کرنا چاہتی ہے اور کسانوں کے مظاہرہ کی حوصلہ شکنی کرنا چاہتی ہے۔ حکومت ہمارے ایشو کو ہلکے میں لے رہی ہے، میں انھیں اس معاملے کا نوٹس لینے اور جلد حل نکالنے کی تنبیہ کر رہا ہوں۔‘‘


23 Dec 2020, 6:47 PM

مودی حکومت ایک ’اچھی تجویز‘ پیش کرے، تبھی کسان کریں گے بات چیت: یوگیندر یادو

مودی حکومت کے ذریعہ کسانوں کو بار بار بات چیت کی دعوت دیے جانے کے بعد کسان تنظیموں کی ایک انتہائی اہم میٹنگ سنگھو بارڈر پر ہوئی۔ میٹنگ کے بعد یوگیندر یادو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کے ذریعہ پیش کردہ تجویز کو کسانوں نے مسترد کر دیا کیونکہ وہ ناقابل قبول تھا۔ مودی حکومت ایک اچھی تجویز کے ساتھ کسانوں کو بات چیت کے لیے بلائے تو بات چیت کا آغاز ہو سکتا ہے۔

23 Dec 2020, 5:29 PM

کسان حکومت کی تجویز میں جو بھی جوڑنا یا گھٹانا چاہتے ہیں، ہمیں بتائیں: وزیر زراعت

مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے آج میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’’کسان تنظیمیں ہماری گزارشات پر غور کریں۔ وہ حکومت کی تجویز میں جو بھی جوڑنا اور گھٹانا چاہتے ہیں، انھیں ہمیں بتانا چاہیے۔ ہم ان کی سہولت کے دن اور وقت پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ میں ایک حل کو لے کر پرامید ہوں۔‘‘


23 Dec 2020, 2:17 PM

سنگھو بارڈر پر مظاہرہ کر رہے کسانوں سے ٹی ایم سی کے وفد کی ملاقات

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ٹی ایم سی کی سربراہ ممتا بنرجی کی ہدایت پر پارٹی کے 5 ارکان پارلیمنٹ پر مشتمل ایک وفد نے سنگھو بارڈر پر بھوک ہڑتال کر رہے کسانوں نے ملاقات کی۔ سلسلہ وار ہڑتال پر بیٹھے کسانوں سے سے ملاقات کرنے والے وفد میں ڈیرک او برائن، شتابدی رائے، پرسون بنرججی، پرتیما منڈل اور محمد ندیم الحق شامل تھے۔

23 Dec 2020, 1:46 PM

اے پی کے گنٹور میں کسانوں کی حمایت میں وکلا کی ریلی

حیدرآباد: مرکز کے مخالف کسان بلز کے خلاف دہلی میں جاری کسانوں کے احتجاج کی حمایت میں اے پی کے ضلع گنٹور میں وکلا نے ریلی نکالی۔یہ ریلی گنٹور کلکٹریٹ کے قریب نکالی گئی۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان مظاہرین نے کہاکہ کسانوں کی حمایت ہم تمام کی ذمہ داری ہے۔ آل انڈیا لائرس یونین، اے پی اسٹیٹ کمیٹی، اے پی سی ایل اے، لا اسٹوڈنٹس ونگ اوروکلا کی دیگر تنظیموں کی جانب سے یہ ریلی نکالی گئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نئے زرعی قوانین کو مودی زیرقیادت این ڈی اے حکومت فوری طورپر واپس لے۔ ایس راجندر پرساد ایڈوکیٹ نے کہا کہ ان قوانین کے ذریعہ کسانوں کو کارپوریٹ شعبہ کے رحم وکرم پر رکھ دیا جائے گا۔ اس موقع پر وکلا نے اپنے ہاتھ میں پلے کارڈس بھی دکھائے جس میں خودکشی کے واقعات سے کسانوں کو محفوظ رکھنے پر بھی زور دیا گیا۔ آل انڈیا لائرس یونین نے ان قوانین کو واپس لینے تک احتجاج کو جاری رکھنے کا اعلان کیا۔


23 Dec 2020, 11:15 AM

امید ہے کسان جلد ہی اپنا احتجاج ختم کر دیں گے، راج ناتھ

وزیر اعلیٰ راج ناتھ سنگھ نے ٹوئٹ کیا، ’’یوم کسان کے موقع پر میں ملک کے کسانوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے ملک کو غذا کی سکیورٹی فراہم کی ہے۔ کچھ کسان زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ حکومت ان سے پوری حساسیت کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے۔ مجھے امید ہے کہ وہ جلد ہی اپنا احتجاج ختم کر دیں گے۔‘‘

23 Dec 2020, 11:02 AM

پلانیسوامی پی ایم کی دھن پر ناچ رہے ہیں: اسٹالن

ڈی ایم کے سربراہ ایم کے اسٹالن نے تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ای پلانیسوامی پر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’گزشتہ قریب ایک مہینے سے مختلف ریاستوں کے کسان دہلی میں سخت سردی میں احتجاج کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے اب تک آگے آ کر ان سے بات نہیں کی ہے اور ان کے مطالبات کو نہیں سنا ہے۔ اور وزیر اعلیٰ ای پلانیسوامی وزیر اعظم کی دھن پر ناچ رہے ہیں۔‘‘


23 Dec 2020, 9:39 AM

یوپی میں کسانوں پر لاٹھی چارج سے ناراضگی، وزیر اعلیٰ یوگی کا پتلا نذر آتش کرنے کی تیاری

اتر پردیش کے پیلی بھیت اور مراد آباد میں کسانوں پر لاٹھی چارج سے سنگھو بارڈر پر مظاہرہ کر رہے کسان ناراض ہیں۔ کسان تنظیموں نے ناراضگی ظاہر کرنے کے لئے آج دوپہر 11 بجے یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا پتلا نذر آتش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

23 Dec 2020, 9:34 AM

بی جے پی کسانوں کی بےحرمتی کرنا بند کرئے: اکھلیش

اکھلیش یادو نے ٹوئٹ کیا، ’’چودھری چرن سنگھ کی جینتی پر انہیں سلام۔ آج بی جے پی کے راج میں ملک کی تاریخ میں ایسا ’یوم کسان‘ آیا ہے جب تہوار کے بجائے ملک کا کسان سڑکوں پر جدوجہد کرنے پر مجبور ہے۔ بی جے پی کسانوں کے بے حرمتنی کرنا بند کرے کیونکہ، دیش کا کسان، بھارت کا مان۔‘‘


23 Dec 2020, 9:33 AM

سنگھو بارڈر پر کسانوں کی تعداد میں اضافہ

دہلی پولیس کے مطابق سرحد پر مظاہرہ کرنے والے کسانوں کی تعداد لگاتار بڑھتی جا رہی ہے، تاہم حالات قابو میں ہیں۔ منگل کے روز سنگھو بارڈر پر احتجاج کر رہے کسانوں نے وزیر اعظم مودی کے نام اپنے خون سے خط لکھ کر زرعی قوانین واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ غازی پور بارڈر پر کسانوں نے منگل کے روز جام لگا دیا تھا، جسے دیر شام پولیس انتظامیہ نے بات چیت کے بعد کھلوا دیا۔

23 Dec 2020, 7:40 AM

کسان تحریک کا 28واں دن، آج 11 بجے سنگھو بارڈر پر کسانوں کی بیٹھک

تین نئے زرعی قوانین کے خلاف جاری کسانوں کی تحریک آج 28 وے دن میں داخل ہو گئی ہے۔ تقریباً ایک ماہ سے چل رہی اس تحریک کا حکومت پر کوئی واضح اثر نظر نہیں آ رہا ہے۔ حکومت کسانوں کے قوانین کو واپسی کے مطالبہ کو ماننے کے لئے تیار نہیں ہے۔ ادھر مرکزی وزیر زراعت نے کسان رہنماؤں کو خط تحریر کیا ہے جس پر کسان تنظیموں نے کل غور کیا تھا لیکن وہ کسی نتیجہ پر نہیں پہنچی تھیں۔ آج پھر سنگھو بارڈر پر اس تعلق سے غور کیا جائے گا اور فیصلہ لیا جائے گا۔ میٹنگ آج صبح 11 بجے متوقع ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔