کسان تحریک: کسانوں کے بھارت بند کی حمایت میں بند رہیں گی دہلی کی سبھی منڈیاں

دہلی سرحد پر بھاریہ کسان یونین کے دھرنے کا منظر / تصویر آس محمد
دہلی سرحد پر بھاریہ کسان یونین کے دھرنے کا منظر / تصویر آس محمد
user

قومی آواز بیورو

07 Dec 2020, 9:31 PM

کسانوں کے ’بھارت بند‘ کی حمایت میں بند رہیں گی دہلی کی سبھی منڈیاں

آزاد پور منڈی کے چیئرمین عادل احمد خان نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ کسانوں کے ذریعہ 8 دسمبر کو ’بھارت بند‘ کا اعلان کیا گیا ہے اور اس کی حمایت دہلی کی سبھی منڈیاں کل بند رہیں گی۔

07 Dec 2020, 7:56 PM

’بھارت بند‘ کے دوران سیاسی لیڈروں کو اسٹیج پر آنے کی اجازت نہیں ہوگی: درشن پٹیل

8 دسمبر کو کسانوں نے ’بھارت بند‘ کا اعلان کر رکھا ہے اور اس درمیان دہلی کی مختلف سرحدوں پر جمع کسان مظاہرین پرامن طریقے سے ’چکّہ جام‘ کریں گے۔ اس تعلق سے سنگھو بارڈر پر موجود کسان لیڈر ڈاکٹر درشن پٹیل نے کہا کہ ’’کل پورے دن کے لیے بند رہے گا لیکن چکہ جام 3 بجے تک ہوگا۔ یہ پرامن بند ہوگا۔ ہم لوگوں نے فیصلہ کیا ہے کہ اس درمیان کسی بھی سیاسی لیڈر کو اسٹیج پر آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘‘

07 Dec 2020, 6:25 PM

ہمارا مظاہرہ پنجاب تک محدود نہیں، پوری دنیا سے مل رہی حمایت: نربھے سنگھ

سنگھو بارڈر پر کسانوں کی بھیڑ لگاتار بڑھتی جا رہی ہے اور کسان لیڈران کسی بھی حال میں مظاہرہ ختم کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ کسان لیڈر نربھے سنگھ کا کہنا ہے کہ ’’ہمارا مظاہرہ پنجاب تک محدود نہیں ہے۔ عالمی سطح کے لیڈران، مثلاً کناڈا سے ٹروڈو بھی ہماری حمایت کر رہے ہیں۔ ہمارا مظاہرہ پرامن ہے۔‘‘


07 Dec 2020, 4:21 PM

ایوارڈ واپسی کے لیے راشٹرپتی بھون جا رہے کھلاڑیوں کو پولس نے روکا

زرعی قوانین کے خلاف تحریک چلانے والے کسانوں کے ساتھ مودی حکومت کے ذریعہ کیے مظالم سے ناراض کئی سابق کھلاڑیوں نے راشٹرپتی بھون پہنچ کر ایوارڈ واپس کرنے کا اعلان گزشتہ دنوں کیا تھا، جس کے پیش نظر آج جب کئی کھلاڑ ایوارڈ لے کر راشٹرپتی بھون کی طرف بڑھ رہے تھے تو پولس نے انھیں راستے میں ہی روک دیا۔ ایوارڈ واپسی کے لیے راشٹرپتی بھون کی طرف بڑھ رہے کھلاڑیوں میں کرتار سنگھ بھی شامل تھے جنھوں نے میڈیا سے کہا کہ ’’پنجاب سے تعلق رکھنے والے 30 کھلاڑی اور دیگر مقامات کے کچھ کھلاڑی بھی اپنا ایوارڈ واپس کرنا چاہتے ہیں۔‘‘

07 Dec 2020, 2:45 PM

ہمارا مظاہرہ پرامن ہے اور یہ اسی طرح جاری رہے گا: راکیش ٹکیت

’بھارتیہ کسان یونین‘ کے ترجمان راکیش ٹکیت نے میڈیا سے بات چیت کےد وران کہا کہ ’’ہمارا مظاہرہ پرامن ہے اور ہم اسی طرح جاری رکھیں گے۔ ہم عام لوگوں کے لیے کوئی مسئلہ پیدا نہیں کرنا چاہتے۔ کل کا ’بھارت بند‘ صبح 11 بجے سے دوپہر 3 بجے تک ہے۔ یہ ہمارے ذریعہ احتجاج درج کرنے کا علامتی مظاہرہ ہے۔ ہمیں یہ دکھانا ہے کہ ہم حکومت ہند کی کچھ پالیسیوں کی حمایت نہیں کرتے ہیں۔‘‘


07 Dec 2020, 1:48 PM

تلنگانہ کے وزیر تارک راما راو کی کسانوں سے بھارت بند میں حصہ لینے کی اپیل

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تارک راما راو نے ریاست کے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کل بھارت بند میں حصہ لیں جو مرکز کے مخالف زرعی بلز کے خلاف منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے ضلع کھمم میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس بند میں حصہ لیتے ہوئے مرکز کے سیاہ قوانین کی مخالفت کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے کارپوریٹ طاقتوں کے ہاتھوں کسانوں کو مزدور بنانے کی سازش کی مخالفت کرنے پر زور دیا ہے۔ مرکز کو اپنے احتجاج سے واقف کروانے کے لئے ہی یہ بند منایا جا رہا ہے۔ قبل ازیں تارک راما راو نے وزیرداخلہ محمد محمود علی، وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار اور وزیر عمارات پرشانت ریڈی کے ساتھ کھمم میں 27 کروڑ روپئے کے صرفہ سے تعمیر آئی ٹی ہب کا افتتاح کیا جس میں 19 امریکی کمپنیوں میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔ کھمم میں جلد ہی کارپوریشن کے انتخابات ہونے والے ہیں۔

07 Dec 2020, 11:18 AM

اکھلیش یادو گھر میں نظر بند، کسان مظاہرہ میں ہونا تھا شامل

لکھنؤ میں سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو کو ان کی ہی رہائش گاہ پر نظر بند کردیا گیا، گھر کے باہر سیکورٹی انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں۔ اکھلیش یادو زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی حمایت میں آج قنوج میں ہونے والے مظاہرے میں شرکت کرنے کے لئے جانا ہے۔


07 Dec 2020, 8:30 AM

پرینکا چوپڑااور سونم کپورکسانوں کی حمایت میں اتریں

کسان تحریک کی حمایت میں فلمی دنیا کی کئی معروف ہستیاں سامنے آ رہی ہیں ۔بالیوڈ کی مشہور اداکارہ پرینکاچوپڑااور سونم کپور نے سوشل میڈیا پر پوسٹ لکھ کر کسانوں کی حمایت کی ہے۔ ان دونوں کےعلاوہ ممبئی فلم انڈسٹری کی کئی معروف ہستیوں نے بھی احتجاج کر رہے کسانوں کی حمایت کی ہےجن میں رتیش دیشمکھ ، گوہر خان اور تاپسی پنوبھی شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔