کسان تحریک: کسانوں کی حمایت میں بی جے پی دفتر کے باہر کانگریس کا مظاہرہ

تصویر قومی آواز/ ویپن
تصویر قومی آواز/ ویپن
user

قومی آواز بیورو

15 Dec 2020, 1:34 PM

کسانوں کی حمایت میں بی جے پی دفتر کے باہر کانگریس کا مظاہرہ

نئی دہلی: کانگریس نے کسانوں کی حمایت میں بی جے پی دفتر کے باہر مظاہرہ کیا۔ کانگریس کارکنوں کی ایک بڑی تعداد بی جے پی آفس کے باہر پہنچ گئی اور نعرے بازی کی۔ کانگریس کارکنوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کسانوں کے مطالبات کو قبول کرے اور زرعی قانون واپس لے۔

کسان تحریک: کسانوں کی حمایت میں بی جے پی دفتر کے باہر کانگریس کا مظاہرہ
15 Dec 2020, 1:00 PM

’اڈانی-امبانی نے 53 زراعت سے متعلق کمپنیاں رجسٹر کرائیں ہیں‘

دہلی کے جنتر منتر پر کسانوں کے حق میں احتجاج کر رہے پنجاب سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ جے ایس گِل نے کہا، ’’خبر ہے کہ اڈانی اور امبانی گروپ نے 53 نئی زراعت سے متعلق کمپنیاں رجسٹر کرائیں ہیں۔ کسانوں کی آواز جب تک نہیں سنی جائے گی ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔‘‘

15 Dec 2020, 11:19 AM

راکیش ٹکیت نے دی پولیس تھانوں میں مویشی باندھنے کی دھمکی

نئی دہلی: بھارتیہ کسان یونین کے لیڈر راکیش ٹکیت نے پولیس پر دہلی آرہے کسانوں کو پریشان کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجبور ہونے پر کسان اپنے مویشیوں کو تھانے میں باندھ دیں گے۔

مسٹر ٹکیت نے بیس دنوں سے جاری کسان تحریک کے درمیان کہا کہ اتر پردیش سے دہلی آ رہے کسانوں کو جگہ جگہ پریشان کیا جارہا ہے۔ انہوں نے دہلی میرٹھ شاہراہ کو جام کرنے کی بھی دھمکی دی ہے۔ ضرورت پڑنے پر کسان دہلی کو پوری طرح جام کردیں گے ۔

کسان لیڈر نے کہا ہے کہ ان کا یہ احتجاج غیر سیاسی ہے اور حکومت کو کسان تنظیم سے بات چیت کرکے اس مسئلے کو حل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی اصلاحات قانون کسانوں کے خلاف ہے اور منیمم سپورٹ پرائس کو قانونی حیثیت دی جانی چاہئے۔


15 Dec 2020, 10:33 AM

سنگھو بارڈر پر کسانوں کا احتجاج 20ویں روز میں داخل

مرکزی حکومت کے زرعی قوانین کے خلاف دہلی کے سنگھو بارڈر پر کسانون کی تحریک 20ویں روز میں داخل ہو گئی ہے۔

کسان دہلی کے ٹیکری بارڈر پر بھی سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں اور یہاں بھی کسانوں کا احتجاج 20ویں روز میں داخل ہو گیا ہے۔

15 Dec 2020, 10:29 AM

سنگھو بارڈر پر احتجاج کر رہے مظاہرین نے کی گندگی کی شکایت

دہلی کے سنگھو بارڈر پر مظاہرہ کر رہے کسانوں کا کہا ہے کہ یہاں صاف صفائی کی بہت کمی ہے۔ سنگرور سے آئے ایک کسان باغ سنگھ نے کہا، ’’یہ انتظامیہ کی کمی ہے کہ یہا ہمیں بیت الخلا اور پینے کا پانی دستیاب نہیں ہے۔ ہم بیماری سے مر جائیں گے لیکن اپنے مطالبات پورے ہونے تک یہاں سے واپس نہیں جائیں گے۔‘‘


15 Dec 2020, 10:11 AM

راجستھان-ہریانہ بارڈر پر کسانوں کا دھرنا جاری

راجستھان میں جے سنگھ پور - کھیڑا باڈر پر کسانوں کا دھرنا تین دنوں سے لگاتار جاری ہے۔ کسان احتجاج کے لئے دہلی جانا چاہتے ہیں لیکن ہریانہ پولیس نے پندشیں لگا دی ہیں اور کسانوں کو آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ دھرنے کے مقام پر متعدد ٹریکٹر ٹرالیاں نظر آ رہی ہیں اور کسان سردی کے باوجود کھلے آسمان کے نیچے بیٹھے ہوئے ہیں۔

15 Dec 2020, 9:38 AM

حکومت اور مظاہرین کے مابین تعطل برقرار، کسان لیڈران آج کریں گے میٹنگ

کسانوں اور حکومت کے مابین زرعی قوانین کے معاملہ پر تعطل برقرار ہے۔ کسان آج تحریک کے حوالہ سے آگے کی حکمت عملی تیار کرنے کے لئے ایک اہم اجلاس کے دوران تبادلہ خیال کریں گے۔ کسانوں کی میٹنگ کے دوران تحریک میں تیزی لانے کا فیصلہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ کسان لیڈران تحریک جانے رکھنے کے ساتھ ساتھ حکومت سے بات چیت جاری رکھنے کا بھی فیصلہ لے سکتے ہیں۔


15 Dec 2020, 9:27 AM

حکومت کسانوں کی تجویز قبول کرنے کو تیار: گڈکری

سڑک ٹرانسپورٹ کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کسانوں سے کہا ہے کہ انہیں یہ سمجھنا چاہیئے کہ حکومت ان کے ساتھ کسی بھی طرح کی ناانصافی نہیں ہونے دیگی۔ نتن گڈکری نے کسانوں کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کے ساتھ آئیں اور ان قونین پر مذاکرات کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کسانوں کی بہبود کے لئے وقف ہے اور اگر کسان زرعی قوانین کے حوالہ سے کوئی تجویز پیش کرتے ہیں تو حکومت اسے قبول کرنے کو تیار ہے۔

15 Dec 2020, 9:21 AM

مرکزی کابینہ کا اجلاس کل طلب کیا جائے گا

کسانوں کے احتجاج کے درمیان بدھ کے روز ساڑھے گیارہ بجے مرکزی کابینہ کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔ یہ اجلاس ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد ہوگا۔ اجلاس کے دوران کسان تحریک پر گفت و شنید کا امکان ہے۔


15 Dec 2020, 8:10 AM

دہلی کے کسانوں سے نہیں گجرات کے کسانوں سے مودی آج مل سکتے ہیں

دہلی کی سرحدوں پر احتجاج کر رہے کسانوں سے وزیر زراعت کی 6 ملاقاتیں ہو چکی ہیں لیکن وزیر اعظم نریندر مودی نے نہ تو ان سے کوئی بات کی ہے اور نہ ہی ان سے کسی ملاقات کی ضرورت کا اظہار کیا ہے لیکن آج وہ گجرات کے اپنے دورہ کے دوران وہاں کے سکھ کسانوں سے ملاقات کر سکتے ہیں۔ خبر ہے کہ ہند۔پاک سرحد کے قریب کچھ کی لکھپت تعلقہ میں کسانی کرنے والے سکھ کسانوں کے ایک گروپ کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے لئے مدعو گیا ہے۔

واضح رہےاس سرحد کے قریب تقریباً پانچ ہزار سکھ رہتے ہیں اور یہ سکھ اس وقت سے وہاں کسانی کرتے ہیں جب سے مرحوم وزیر اعظم لال بہادر شاستری نے 1965 کی ہند۔پاک جنگ کے بعد شہریوں پر زور دیا تھا کہ وہ اس بنجر زمین میں کھیتی باڑی کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔