کسان تحریک: لندن میں مٹھائی کی دکان چھوڑ کر مظاہرہ کرنے ہندوستان آ گئے بلوندر سنگھ

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

24 Dec 2020, 10:28 PM

لندن میں مٹھائی کی دکان چھوڑ کر مظاہرہ کرنے ہندوستان آ گئے بلوندر سنگھ

دہلی میں چل رہی کسان تحریک کو ملک کے ساتھ ساتھ دنیا کے کئی ممالک کی حمایت بھی حاصل ہو رہی ہے۔ اس درمیان برطانیہ کی راجدھانی لندن میں موجود اپنی مٹھائی کی دکان چھوڑ کر بلوندر سنگھ دہلی کے ٹیکری بارڈر پہنچ گئے ہیں اور کسانوں کے حق میں آواز بلند کر رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ دس سال قبل پنجاب سے لندن گئے تھے۔ اس وقت وہ ٹیکری بارڈر پر کسانوں کے لیے پوریاں بنا رہے ہیں۔

24 Dec 2020, 9:09 PM

دشینت چوٹالہ نے ’زرعی قوانین‘ معاملہ پر بی جے پی کا ساتھ چھوڑنے سے کیا انکار

ہریانہ کے نائب وزیر اعلی دشینت چوٹالہ نے آج واضح کر دیا کہ جن نایک جنتا پارٹی (جے جے پی) بی جے پی کی زیرقیادت مخلوط حکومت سے الگ نہیں ہوگی۔ مرکز کے ذریعہ لائے گئے زرعی قوانین کے خلاف جاری کسان تحریک کے درمیان جے جے پی پرحکومت سے حمایت واپس لینے کا دباؤ ہے، لیکن دشینت چوٹالہ نے واضح لفظوں میں کہہ دیا کہ ’’ریاست کی بی جے پی-جے جے پی اتحادی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔‘‘

24 Dec 2020, 8:29 PM

کسان سینا نے بھی زرعی قوانین کی حمایت کی، وزیر زراعت نے کہا ’شکریہ‘

باغپت کسان مزدور یونین کے وفد سے ملاقات کرنے کے بعد مرکزی وزیر زراعت نریندر تومر نے ’کسان سینا‘ کے 21 رکنی نمائندہ وفد سے بھی کرشی بھون میں ملاقات کی۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق کسان سینا نے نئے زرعی قوانین کو حمایت دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس قدم کے لیے وزیر زراعت نے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔


24 Dec 2020, 7:04 PM

ہریانہ: نائب وزیر اعلیٰ دشینت چوٹالہ نے بھی نئے زرعی قوانین میں کئی خامیوں کا کیا اعتراف

ایک طرف جہاں کسان ہریانہ کے نائب وزیر اعلیٰ دشینت چوٹالہ کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں، وہیں دشینت چوٹالہ کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے اعتراف کیا ہے کہ مودی حکومت کے ذریعہ لائے گئے نئے زرعی قوانین میں کئی خامیاں ہیں جس کو دور کیا جانا چاہیے۔ انھوں نے کہا ہے کہ نئے قوانین میں ترمیم کی ضرورت ہے اور اس سے متعلق کسانوں کو اچھے مشورے دینے چاہئیں۔

24 Dec 2020, 5:39 PM

باغپت کسان مزدور یونین کی وزیر زراعت سے ملاقات، زرعی قوانین کی حمایت کا فیصلہ!

مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر سے آج باغپت کسان مزدور یونین کے 60 اراکین نے دہلی واقع کرشی بھوان میں ملاقات کی۔ اس میٹنگ کے بعد وزیر زراعت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’کسان مزدور یونین، باغپت کرشی بھوان میں آئے۔ ہم نے ان کا استقبال کیا۔ یہ سبھی کسان زرعی قوانین کی حمایت کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے مجھے حمایتی لیٹر بھی دیا۔ انھوں نے کہا کہ زرعی اصلاحی قوانین میں ترمیم کے لیے حکومت کو دباؤ میں آنے کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘


24 Dec 2020, 4:04 PM

آج کل ہم تماشہ دیکھ رہے ہیں، قانون رد کرنے کے لیے لوگ دباؤ بنا رہے ہیں: کھٹر

زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا مظاہرہ اپنے شباب پر ہے۔ اس درمیان ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹّر کا ایک بیان سامنے آیا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’آج کل ہم تماشہ دیکھ رہے ہیں۔ قانون رد کرنے کے لیے لوگ دباؤ بنا رہے ہیں۔‘‘ کھٹر نے مزید کہا کہ ’’کیا یہ جمہوریت ہے، دھینگا مستی نہیں چلے گی۔ مہذب طریقے سے ہر کسی کو اپنی بات رکھنے کا حق ہے۔‘‘

24 Dec 2020, 2:45 PM

مودی حکومت نے کسانوں کو پھر لکھا خط، کہا ’کھلے ہیں بات چیت کے دروازے‘

زرعی قوانین کے خلاف تحریک کر رہے کسانوں کو مودی حکومت نے ایک بار پھر خط لکھا ہے۔ وزارت زراعت کے ذریعہ تحریر کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ حکومت کسانوں کے ہر مطالبے پر مذاکرہ کے لیے تیار ہے۔ حکومت نے صاف طور پر کہا ہے کہ اب بھی بات چیت کے راستے کھلے ہیں۔


24 Dec 2020, 12:39 PM

کانگریس وفد نے صدر جمہوریہ سے کی ملاقات، راہل گاندھی نے زرعی قوانین کو فورً واپس لینے کا کیا مطالبہ

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی سربراہی میں پارٹی کے ایک وفد نے کسانوں کے معاملے پر صدر رام ناتھ کووند سے ملاقات کی ہے۔ کانگریس کے وفد نے تینوں زرعی قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک میمورنڈم پیش کیا۔

24 Dec 2020, 12:28 PM

کانگریس ہیڈکوارٹر 24 اکبر روڈ پر دفعہ 144 نافذ

دہلی: راہل گاندھی کے مارچ سے قبل دہلی پولیس کی جانب سے کانگریس ہیڈکوارٹر 24 اکبر روڈ پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے اور راہل گاندھی کے مارچ پر پولیس نے پابندی عائد کردی ہے، دہلی پولیس پولیس کا کہنا ہے کہ صدر جمہوریہ سے صرف 3 رہنماؤں کو ملنے کی اجازت ہے۔


24 Dec 2020, 12:11 PM

حراست میں لئے جانے کے بعد پرینکا گاندھی نے مودی سرکار پر سادھا نشانہ

نئی دہلی: حراست میں لئے جانے کے بعد کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ "جوان کسان کا بیٹا ہوتا ہے جو کسانوں کی آواز کو ٹھکرا رہا ہے، اپنی ضد پر آڑا ہوا ہے، جبکہ ملک کا ان داتا ٹھنڈ میں باہر بیٹھا ہے، تو کیا اس حکومت کے دل میں جوان، کسان کے لئے کوئی احترام ہے، یا صرف اس کی سیاست اپنے سرمایہ دار دوستوں کا احترام کرتا ہے؟

24 Dec 2020, 11:55 AM

کانگریس کے مارچ کو پولیس نے روکا، پرینکا گاندھی حراست میں

کانگریس نے دہلی کے وجے چوک پر کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی اور دیگر کانگریس قائدین کو تحویل میں لے لیا ہے۔ راہل گاندھی کی سربراہی میں کانگریس قائدین زرعی قوانین کے خلاف صدر کو 2 کروڑ دستخطوں کا میمورنڈم پیش کرنے جارہے تھے۔


24 Dec 2020, 10:29 AM

ہم سب کو کسان کا ساتھ دینا ہوگا ، راہل گاندھی

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ایک مرتبہ پھر نئےزرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی جاری تحریک کی حمایت کرتےہوئے ٹویٹ کیا ہے ’’ہندوستانی کسان ایسے سانحہ سے بچنے کے لئے ہی زرعی قوانین کے خلاف تحریک چلارہے ہیں۔اس تحریک میں سب کو ملک میں اناج پیدا کرنے والوں کا ساتھ دینا ہوگا۔‘‘

دراصل راہل گاندھی نے ٹویٹ این ڈی ٹی وی کی اس خبر پرکیا ہے جس میں یہ دکھایا گیاہےکہ نہ دستخط ،نہ مہر، ایسے ہی ہو رہا ہے کنٹریکٹ ۔ مدھیہ پردیش کے کسان بولےاگر ایسے ہی چلتا رہاتو وہ سب ہوجائیں گےتباہ۔ اس کو سانحہ قرار دیتے ہوئے راہل گاندھی نے یہ ٹویٹ کیاہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔