مشہور امپائر روڈی کوئرٹزن کار حادثہ میں ہلاک، ویریندر سہواگ کا اظہارِ غم
73 سالہ روڈی کوئرٹزن کا شمار دنیا کے بہترین امپائروں میں کیا جاتا ہے، وہ کئی سالوں تک آئی سی سی امپائروں کے ایلیٹ پینل میں شامل تھے، ان کی موت سے کرکٹ شیدائیوں میں غم کی لہر دیکھنے کو مل رہی ہے۔
جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے اپنے زمانہ کے معتبر اور مشہور و معروف امپائر روڈی کوئرٹزن کے انتقال کی خبر نے کرکٹ شیدائیوں میں غم کی لہر دوڑا دی ہے۔ 73 سالہ روڈی کی موت ایک کار حادثہ میں ہوئی اور ان کے بیٹے روڈی کوئرٹزن جونیئر نے اس کی تصدیق کی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق روڈی کیپ ٹاؤن سے نیلسن منڈیلا بے واقع اپنے گھر لوٹ رہے تھے جب ان کی کار سامنے سے آتی ہوئی دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی۔ حادثہ منگل کی صبح ریورسڈیل نامی علاقے میں ہوا۔ اس حادثے میں کوئرٹزن کے علاوہ دو مزید لوگوں کی ہلاکت کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ روڈی کوئرٹزن کا شمار دنیا کے بہترین امپائروں میں کیا جاتا رہا ہے۔ وہ کئی سالوں تک آئی سی سی امپائروں کے ایلیٹ پینل میں شامل تھے۔ ان کی موت کی خبر سے غمزدہ جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم نے آئندہ بین الاقوامی میچ میں سیاہ پٹی باندھ کر میدان پر اترنے کا اعلان کیا ہے۔ اس درمیان روڈی کے بیٹے نے الگوا ایف ایم نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد کی موت جائے وقوع پر ہی ہو گئی۔ انھوں نے کہا کہ ’’وہ اپنے کچھ دوستوں کے ساتھ ایک گولف ٹورنامنٹ میں کھیلنے گئے تھے اور وہ پیر کو ہی واپس آنے والے تھے۔ لیکن ایسا لگتا ہے کہ انھوں نے گولف کا ایک اور راؤنڈ کھیلنے کا فیصلہ کیا جس کے سبب وہ ایک دن کی تاخیر سے گھر واپس آ رہے تھے۔‘‘
ہندوستان کے مایہ ناز سابق بلے باز ویریندر سہواگ نے روڈی کوئرٹزن کے انتقال پر جذباتی پیغام ٹوئٹ کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے ’’روڈی کوئرٹزن کی فیملی کے تئیں ہمدردی۔ ان کے ساتھ بہت اچھے تعلقات تھے۔ جب بھی میں تیز طرار شاٹ کھیلتا تھا تو وہ مجھے یہ کہتے ہوئے ڈانٹتے تھے کہ سمجھداری سے کھیلو، میں تمھاری بلے بازی دیکھنا چاہتا ہوں۔‘‘ سہواگ نے ٹوئٹ میں یہ بھی بتایا کہ ’’ایک بار وہ اپنے بیٹے کے لیے خاص برانڈ کا کرکٹ پیڈ خریدنا چاہتے تھے۔ انھوں نے مجھ سے اس کے بارے میں پوچھا۔ میں نے انھیں گفٹ میں پیڈ دیا جسے لے کر وہ بہت خوش تھے۔ ایک شریف اور بہت ہی شاندار انسان۔ روڈی آپ کی یاد آئے گی۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔