جے این یو طلباء یونین کے سابق صدر کنہیا کمار بیگو سرائے سے چناؤ لڑیں گے!

سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری ستیہ نرائن سنگھ کے مطابق بائیں بازو کی تمام پارٹیاں چاہتی ہیں کہ کنہیا کمار 2019 کے عام انتخابات میں بیگو سرائے سے چناؤ لڑیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

جے این یو طلباء یونین کے سابق صدر اور بائیں محاذ کے ابھرتے ہوئے شعلہ بیان رہنما کنہیا کمار آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات میں سی پی آئی کے امیدوار کے طور پر بیگو سرائے سے چناؤ لڑ سکتے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق عظیم اتحاد سے آر جے ڈی، کانگریس، جیتن رام مانجھی کی پارٹی اور این سی پی وغیرہ کنہیا کمار کی سال 2019 میں ہونے والے عام انتخابات میں بیگو سرائے سے چناؤ لڑنے میں مدد کریں گی۔

سی پی آئی کے بہار ریاست کے سکریٹری ستیہ نرائن سنگھ نے بتایا کہ ان کی پارٹی سمیت تمام بائیں بازو کی پارٹیاں چاہتی ہیں کہ کنہیا کمار کو بیگو سرائے سے سال 2019 میں ہونے والے عام انتخابات میں اپنا امیدوا ر بنائیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آر جے ڈی اور کانگریس جیسی دیگر سیاسی پارٹیاں بھی ان کو امیدار بنانا چاہتی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد یادو بھی اس کے لئے رضامند ہیں کہ بہار سے لوک سبھا کی ایک سیٹ کنہیا کمار کے لئے چھوڑ دی جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی پارٹی اگلے عام انتخابات میں بہار سے چھ لوک سبھا سیٹوں پر چناؤ لڑے گی لیکن اس تعلق سے آخری فیصلہ ہم خیال سیاسی پارٹیوں سے بات چیت کے بعد ہی طے کیا جائے گا۔ جن چھہ سیٹوں پر سی پی آئی چناؤ لڑنا چاہتی ہے ان میں بیگو سرائے، مدھوبنی، موتیہاری، کھگڑیا، گیا اور بانکا شامل ہیں ۔

ستیہ نرائن سنگھ نے یہ بھی بتایا کہ کنہیا کمار نے بھی بیگو سرائے سے چناؤ لڑنے کی اپنی رضا مندی دے دی ہے۔ واضح رہے کہ کنہیا کمار بیگو سرائے ضلع کے برونی کے تحت بیہٹ پنچایت کے رہنے والے ہیں ۔ ان کی والدہ ایک آنگن واڑی میں کام کرتی ہیں اور والد کسان ہیں ۔ بیگو سرائے بائیں محاذ کا گڑھ تصور کیا جاتا ہے لیکن اس وقت وہاں سے بی جے پی کے سینئر رہنما بھولا سنگھ رکن پارلیمنٹ ہیں ۔ گزشتہ انتخابات میں آر جے ڈی امیدوار تنویر حسن دوسرے نمبر پر اور سی پی آئی کے راجندر پرساد تیسرے نمبر پر تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔