ایلن مسک نے ٹوئٹر ڈیل کینسل کرنے سے پہلے پراگ اگروال کو بھیجا تھا دھمکی آمیز پیغام
رپورٹس کے مطابق ٹوئٹر سی ای او پراگ اگروال کو بھیجے گئے پیغام میں ایلن مسک نے کہا تھا کہ ان کی کمپنی کے وکیل پریشانی کھڑی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹیو افسر ایلن مسک نے ٹوئٹر کے ساتھ طے معاہدہ کینسل کر دیا ہے، لیکن اس سلسلے میں اب قانونی لڑائی شروع ہونے والی ہے جو جلد ختم ہونے کا امکان کم ہی ہے۔ اس درمیان ایک رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ٹوئٹر معاہدہ کینسل ہونے سے پہلے ایلن مسک نے ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹیو افسر پراگ اگروال کو ایک دھمکی آمیز پیغام بھیجا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ پیغام 28 جون کو بھیجا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق پیغام میں ایلن مسک نے کہا تھا کہ ان کی کمپنی کے وکیل پریشانی کھڑی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ مسک نے پراگ کو یہ پیغام اس وقت بھیجا تھا جب ٹوئٹر کے وکیلوں نے ان مالی جانکاریوں کا مطالبہ کیا تھا جن سے ٹوئٹر کو حاصل کیا جانا تھا۔ یہ جانکاری ٹوئٹر کی طرف سے مسک کے خلاف داخل کیس میں دی گئی ہے۔
مقدمات میں داخل دستاویزوں کے مطابق ایلن مسک نے ٹوئٹر کے سی ایف او نیڈ سیگل کو بھی یہی پیغام بھیجا تھا۔ اس پیغام میں لکھا گیا ہے کہ تمھارے وکیل اس بات چیت کا استعمال پریشانی کھڑی کرنے کے لیے کر رہے ہیں۔ اسے فوراً روکنے کی ضرورت ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ مسک نے یہ پیغام تب بھیجا تھا جب ٹوئٹر کے وکیلوں نے ان سے پوچھا کہ 44 ارب ڈالر کی رقم کہاں سے لائیں گے۔
دوسری طرف ٹوئٹر اس ڈیل کو لے کر بہت سنجیدہ تھا اور ڈیل کینسل ہونے کے بعد اس نے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ ٹوئٹر اتنی آسانی سے ایلن مسک کے پلہ جھاڑ کر جانے دینے کے موڈ میں نہیں ہے۔ ٹوئٹر نے ڈیل توڑنے پر قانونی دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹوئٹر نے جو کیس کیا ہے اس میں دلیل دی گئی ہے کہ ایلن مسک اس معاہدہ کو کرنے کے لیے مجبور ہیں، اور اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ انھوں نے عوامی طور پر اعلان کیا ہے کہ وہ اس معاہدہ میں دلچسپی نہیں رکھتے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔