یورپی کمیشن کا نیا صدر کون؟ میرکل اور ماکروں میں اختلافات
جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے یورپی کمیشن کے آئندہ صدر کے طور پر مانفرڈ ویبر کو امیدوار نامزد کیا ہے لیکن فرانسیسی صدر نے کہا ہے کہ اس عہدے کے لیے کسی کا انتخاب ’خودکار‘ طریقے سے نہیں کیا جانا چاہیے۔
یورپی رہنماؤں نے کہا ہے کہ یورپی یونین کی اعلیٰ قیادت کے لیے امیدواروں کی نامزدگیوں کو جلد ہی حتمی شکل دے دی جائے گی۔ خبر رساں اداروں نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ یورپی کمیشن کے نئے صدر اور دیگر اہم عہدوں کے لیے امیدوار یورپی سیاستدانوں کا انتخاب جلد ہی کر لیا جائے گا۔
یہ بیانات ایک ایسے وقت پر سامنے آئے ہیں، جب بالخصوص یورپی کمیشن کے نئے صدر کے انتخاب کے معاملے پر یونین کے دو اہم اور آپس میں قریبی اتحادی ممالک جرمنی اور فرانس کے مباین کچھ اختلافات بھی سامنے آئے ہیں۔
منگل اٹھائیس مئی کو برسلز میں ہوئی یورپی یونین کے ایک غیر رسمی سمٹ میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے یورپی کمیشن کے آئندہ صدر کے طور پر مانفرڈ ویبر کی امیدواری کی حمایت کی لیکن ماکروں کی طرف سے اس کی مخالفت کی گئی۔ یورپی پارلیمان کے الیکشن کے بعد اب یورپی سطح پر نئی قیادت چننے کی تیاریاں جاری ہیں۔ میرکل نے کہا کہ یورپی سیاستدانوں کو جلد ہی فیصلہ کر لینا چاہیے۔
میرکل نے برسلز میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ نئی یورپی پارلیمان کا اولین اجلاس جون میں ہونا ہے اور کوشش ہونا چاہیے کہ اس سے قبل ہی اہم فیصلے کر لیے جائیں۔
میرکل کے بقول جرمنی میں وسیع تر مخلوط حکومت میں شامل قدامت پسندوں کا اتحاد اور سوشل ڈیموکریٹس اسی سیاسی عمل کی حمایت کر رہے ہیں، جس کے تحت پورپی الیکشن میں جیتنے والی پارٹی کا اعلیٰ امیدوار ہی یورپی کمیشن کے صدر کے عہدے کے لیے نامزد کیا جاتا ہے۔
سن دو ہزار چودہ میں ژاں کلود ینکر کو اسی سیاسی فارمولے کے تحت یورپی کمیشن کا صدر چنا گیا تھا۔ تاہم فرانسیسی صدر ماکروں اس سیاسی عمل کے ناقد ہیں۔
مانفرڈ ویبر کے علاوہ یورپی کمیشن کے نائب صدر فرانس ٹمرمنز اور سبکدوش ہونے والی یورپی یونین کی مسابقت سے متعلقہ امور کی کمشنر مارگریٹا ویسٹاگر بھی یورپی کمیشن کی صدارت کے لیے دوڑ میں شامل ہیں۔ اس اہم عہدے کے علاوہ نئی یورپی پارلیمان کو یورپی یونین کے کونسل، پارلیمان، یورپی مرکزی بینک اور خارجہ امور کے سربراہان کا انتخاب بھی کرنا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔