کورونا انفیکشن LIVE: شاہین باغ کا ڈی بلاک بھی بنا ہاٹ اسپاٹ

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

28 Apr 2020, 9:30 PM

دہلی: گزشتہ 24 گھنٹے میں شاہین باغ کا بلاک ڈی بنا ہاٹ اسپاٹ

دہلی میں کورونا وائرس انفیکشن بڑھتا ہی جا رہا ہے اور اب شاہین باغ بلاک ڈی بھی ہاٹ اسپاٹ بن گیا ہے۔ خبروں کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہاؤس نمبر 152 سے 162، ڈی بلاک شاہین باغ نئے ہاٹ اسپاٹ کی شکل میں سامنے آیا ہے۔ اس طرح سے دہلی میں کورونا کنٹنمنٹ زون کی تعداد بڑھ کر 100 ہو گئی ہے۔

28 Apr 2020, 8:39 PM

مدھیہ پردیش: عوامی مقامات پر تھوکنے اور ماسک نہ پہننے پر 5 لوگوں پر جرمانہ

بھوپال: کورونا انفیکشن کو روکنے کےلئے کی جارہی کوششوں کے درمیان آج یہاں عوامی مقامات پر تھوکنے اور ماسک نہ پہننے کی وجہ سے پانچ لوگوں سے جرمانہ وصولا گیا۔ میونسپیل کارپوریشن کے مطابق جہانگیر آباد علاقے میں ایسے لوگوں پر کارروائی کی گئی۔ اسپاٹ فائن کے ذریعہ پانچ لوگوں سے ایک ہزار ایک سو روپے وصولے گئے۔ سلیم نام کے شخص سے ایک سو روپے، محمود سے دو سو، ویرا سے پانچ سو، ساجد سے ایک سو روپے اور جگدیش سے دو سو روپے وصولے گئے۔

28 Apr 2020, 8:10 PM

مغربی بنگال: لاک ڈاؤن پر سختی کرنے والے پولس اہلکاروں پر بھیڑ کا حملہ

مغربی بنگال میں لاک ڈاؤن کو یقینی بنانے کے دوران پولس پر حملہ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ہوڑہ میں منگل کی شام کو بھیڑ نے پولس پر حملہ کر دیا۔ پولس لوگوں کو اپنے گھروں کے اندر رہنے کی اپیل کر رہی تھی۔ اس پر بھیڑ مشتعل ہو گئی اور پولس پر حملہ کر دیا۔ اس حملہ دو پولس افسر زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ بعد میں بھیڑ پر قابو پانے کے لیے ریپڈ ایکشن فورس کو بلانا پڑا۔


28 Apr 2020, 7:31 PM

لالو یادو کا ہو سکتا ہے کورونا ٹیسٹ، علاج کر رہے ڈاکٹروں کی بھی ہوگی جانچ

رانچی واقع رمس میں جو ڈاکٹر لالو یادو کا علاج کر رہے ہیں، اس ڈاکٹر کے وارڈ میں کورونا کا ایک پازیٹو مریض ملا ہے۔ اب اس ڈاکٹر کے ساتھ کام کر رہے سبھی اسٹاف، نرس اور سبھی سپورٹ اسٹاف کا سیمپل لیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ لالو یادو کئی طرح کی بیماریوں سے متاثر ہیں۔ رمس سپرنٹنڈٹ وویک کشیپ نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو لالو پرساد یادو کا بھی سیمپل لیا جائے گا اور کورونا انفیکشن کی جانچ کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ ہم کسی بھی طرح کا خطرہ نہیں لینا چاہتے ہیں اس لیے پوری طرح سے احتیاط برتا جا رہا ہے۔

28 Apr 2020, 6:39 PM

مہاراشٹر: ممبئی پولس نے 55 سال سے زیادہ عمر کے ملازمین کو گھر بیٹھنے کہا

مہاراشٹر میں کورونا انفیکشن کے معاملے لگاتار بڑھ رہے ہیں اور ممبئی میں بھی اس کا اثر عروج پر ہے۔ اس درمیان ممبئی پولس کے رابطہ عامہ افسر نے میڈیا کو بتایا کہ 55 سال سے زیادہ عمر کے سبھی ملازمین کو گھر بیٹھنے کے لیے کہا گیا ہے اور 52 سال سے زیادہ عمر کے ایسے سبھی ملازمین کو بھی گھر بیٹھنے کہا گیا ہے جنھیں ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر وغیرہ کی بیماری ہے۔


28 Apr 2020, 5:40 PM

ناگپور کے کووڈ زون سترنجی پورہ میں دہشت، 750 لوگ کوارنٹائن

مہاراشٹر میں کئی علاقے کووڈ زون بنے ہوئے ہیں جن میں سے ایک ہے ناگپور کا سترنجی پورہ۔ آج ناگپور میونسپل کارپوریشن نے کووڈ زون سترنجی پورہ سے 750 لوگوں کو کوارنٹائن کیا ہے۔ احتیاطی طور پر اس علاقے کو انتظامیہ نے سینیٹائز بھی کیا ہے۔ دراصل سترنجی پورہ میں کئی پازیٹو معاملے سامنے آئے ہیں جس کی وجہ سے پورے علاقے میں دہشت کا ماحول ہے۔

28 Apr 2020, 5:07 PM

کورونا انفیکشن کسی کا چہرہ، ذات یا مذہب نہیں دیکھتی: یوگی آدتیہ ناتھ

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے آج کوٹہ سے لوٹے اتر پردیش کے طلبا کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ بات چیت کی۔ انھوں نے اس دوران کہا کہ ”یہ بیماری (کووڈ-19) کسی کا چہرہ، ذات یا مذہب نہیں دیکھتی۔ جہاں احتیاط ختم ہوا، حادثہ ہو جائے گا۔“


28 Apr 2020, 4:40 PM

گزشتہ 24 گھنٹے میں 684 لوگ ٹھیک ہوئے: لو اگروال

وزارت صحت کے جوائنٹ سکریٹری لو اگروال کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک دن میں ملک میں 1543 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جس سے مریضوں کی مجموعی تعداد 29435 ہو گئی ہے۔ سرگرم معاملوں کی تعداد اس وقت 21632 ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں 684 لوگ صحت یاب ہوئے ہیں گویا کہ ملک میں ریکوری ریٹ 23.3 فیصد ہو گیا ہے۔

28 Apr 2020, 4:10 PM

دہلی میں 4.11 فیصد صحت اہلکار کووڈ-19 سے متاثر، یہ حالات فکر انگیز: ڈاکٹر ہرش وردھن

مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن کا کہنا ہے کہ دہلی میں 4.11 فیصد صحت اہلکار (13 پیرامیڈکس، 26 نرس، 24 مقامی اہلکار، 3 ڈاکٹر سمیت) کووڈ پازیٹو ہیں۔ یہ فکرانگیز ہے۔ اس وقت دہلی میں تقریباً 100 ہاٹ اسپاٹ ہیں، یہ تعداد کم ہونی چاہیے۔ ماہرین کے مطابق ہمیں کووڈ-19 سے بہتر طریقے سے لڑنے کے لیے دہلی میں سیل علاقوں کی پیری فیری بڑھانے کی ضرورت ہے۔


28 Apr 2020, 3:41 PM

یو پی میں دو سادھوؤں کے قتل پر ادھو ٹھاکرے کا اظہارِ تشویش، یوگی آدتیہ ناتھ سے کی بات

اتر پردیش کے بلند شہر میں دو سادھوؤں کے بے رحمی سے قتل معاملہ پر مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے فون پر بات کی۔ انھوں نے سادھوؤں کے قتل پر فکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے غیر انسانی عمل پر ہمیں سیاست نہ کرتے ہوئے مل کر قصورواروں کو سزا دلانا چاہیے۔

28 Apr 2020, 3:11 PM

گجرات میں سابرمتی سنٹرل جیل کے دو قیدی کورونا وائرس سے متاثر

احمد آباد: گجرات میں احمد آباد کے رانپ علاقے میں سابرمتی سنٹرل جیل کے کورونا سے متاثرہ دو قیدیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ پولیس نے منگل کو بتایا کہ پیرول سے کل رات سابرمتی سنٹرل جیل میں حاضر ہوئے دو قیدیوں کی کورونا جانچ میں کورونا انفیکشن کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد دونوں کو یہاں کے سول اسپتال میں داخل کرایا گیا۔


28 Apr 2020, 2:01 PM

دہلی میں کورونا وائرس کے 2177 فعال معاملات

نئی دہلی: دارالحکومت میں کورونا وائرس کے فعال معاملے 2177 ہیں جس میں 11 سنگین مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔ وزیر صحت ستیندر جین نے منگل کو بتایا کہ دہلی میں کورونا انفیکشن کے کل 3108 معاملے سامنے آ چکے ہیں جن میں سے 877 مریض صحت مند ہوئے ہیں اور 54 کی موت ہو چکی ہے۔ دارالحکومت میں فی الحال 2177 معاملے فعال ہیں اور ان میں شدید بیمار 11 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔ پیر کو دہلی میں 190 معاملے آئے تھے۔ ملک میں کورونا معاملے پر تیسرے نمبر پر دہلی کے لیے راحت کی بات یہ ہے کہ یہاں صحت مند ہونے والوں کا فیصد انفیکشن سے متاثر دیگر اہم ریاستوں کے مقابلے میں بہتر ہے اور مرنے والوں کا فیصد صرف 1.74 ہی ہے۔

دہلی میں مرنے والوں میں 53.70 فیصد یعنی 29 کی عمر 60 سال یا اس سے زیادہ ہے۔ پچاس سال سے کم عمر کے دس متاثرین یعنی 18.52 فیصد کی موت ہوئی ہے۔ پچاس سال سے زیادہ اور 59 سال سے کم عمر کے 15 مریضوں یعنی 27.78 فیصد کی جان گئی ہے۔ ستیندر جین نے بتایا کہ دہلی میں 13 دن میں متاثرہ مریضوں کی تعداد دگنی ہو گئی ہے۔

28 Apr 2020, 12:43 PM

’ٹوٹل ٹی وی‘ کی اینکر کورونا پازیٹو

نئی دہلی: ہندی نیوز چینل’ٹوٹل ٹی وی‘ کی ایک خاتون اینکر کورونا وائرس پازیٹو پائی گئی ہے۔ اینکر نے پرائیویٹ لیب میں کورونا وائرس کی جانچ کرائی تھی۔ پازیٹو پائے جانے کے بعد اس کو راجیو گاندھی اسپتال میں داخل کرایا گيا۔ چینل کا دفتر دہلی سے ملحق نوئیڈا میں ہے۔ اس سے پہلے بھی دہلی میں تین صحافی وائرس سے پازیٹو پائے گئے تھے۔ دہلی حکومت نے میڈیا کے نمائندوں کے لئے کورونا وائرس ٹسٹ کے لئے الگ سے انتظام کیا ہے۔


28 Apr 2020, 12:11 PM

بلند شہر میں لاک ڈاؤں کے دوران 2 سادھوؤں کے وحشیانہ قتل سے پرینکا گاندھی ناراض

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے یوپی میں لاک ڈاؤن کے دوران بڑھتے جرائم پر یوگی حکومت کو گھیرا، انہوں نے کہا کہ اپریل ماہ میں 15 دنوں کے اندر یوپی میں سو افراد کا قتل ہوگیا، تین دن پہلے ایٹہ میں پچوری خاندان کے 5 لوگوں کی لاشیں مشتبہ حالات میں پائی گئیں، کوئی نہیں جانتا ان کے ساتھ کیا ہوا اور آج بلند شہر میں ایک مندر میں سو رہے دو سادھوؤں کو بے رحمی سے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

28 Apr 2020, 11:31 AM

کورونا وائرس سے گجرات اور مہاراشٹر میں 50 فیصد سے زیادہ ہلاکتیں

نئی دہلی: ملک کی دو بڑی ریاستوں مہاراشٹر اور گجرات میں کورونا وائرس (کووڈ 19) سے اب تک بالترتیب 369 اور 162 متاثرین کی موت ہو گئی ہے جو ملک بھر میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کا تقریباً 57 فیصد ہے۔ ان دونوں ریاستوں میں متاثرین کی مجموعی تعداد 12138 ہے۔

مرکزی وزارت صحت کی جانب سے منگل کی صبح جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 29435 تک پہنچ گئی ہے اور اس وبا کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 934 ہو گئی ہے۔ وہیں اب تک 6869 لوگوں کو صحت مند ہونے کے بعد مختلف اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔


28 Apr 2020, 10:30 AM

پاکستان میں کورونا وائرس سے سینئر صحافی ظفر رشید بھٹی کی موت

اسلام آباد: ایسوسی ایٹ پریس آف پاکستان (اے پی پی) ورکرز یونین کے سابق صدر اور سینئر صحافی ظفر رشید بھٹی کی کورونا وائرس سے موت ہو گئی۔ ظفررشید بھٹی سرکاری نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے سابق چیف رپورٹر اور اے پی پی ایمپلائز یونین کے سابق صدر بھی تھے، ظفر رشید بھٹی گزشتہ کئی برسوں سے تبلیغی جماعت کے متحرک رکن تھے اور تبلیغ کے سلسلے میں اپنے آخری سفر کے دوران مشتبہ طور پر وائرس کا شکار ہوئے۔ ان میں ایک ماہ قبل کورونا کی علامات ظاہر ہوئی تھیں جس کے بعد انہیں راولپنڈی کے قرنطینہ سینٹر منتقل کیا گیا تھا۔

ظفررشید بھٹی 1984 میں اے پی پی کا حصہ بنے اور 2010 تک نیوز ایجنسی میں خدمات انجام دیں۔ اس سے قبل وہ ’نوائے وقت‘ اور پاکستان پریس انٹرنیشنل (پی پی آئی) سمیت کئی نیوز تنظیموں اور اداروں سے وابستہ رہے۔ ظفر رشید بھٹی کو کورونا ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے بیٹے اور بھائی کی موجودگی میں راولپنڈی میں سپرد خاک کیا گیا۔ ان کے کورونا کے باعث انتقال پر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا گیا۔

28 Apr 2020, 10:10 AM

مہاراشٹر کے حضور صاحب سے لوٹنے والے 5 عقیدت مندوں میں کورونا وائرس

پنجاب کے محکمہ صحت نے تصدیق کی ہے کہ مہاراشٹر کے حضور صاحب سے لوٹنے والے ترن تارن کے 5 عقیدت مندوں میں کورونا وائرس پایا گیا ہے، جس کے سبب اب تمام عقیدت مندون کو كوارنٹائن کیا جائے گا اور پھر ان کی جانچ کی جائے گی۔


28 Apr 2020, 9:40 AM

ترکی میں ایک دن میں کورونا کے 2131 نئے معاملات

انقرہ: عالمی وبائی مرض کورونا وائرس (کووڈ 19) سے شدید طور پر پھیلاؤ کی وجہ سے ترکی میں اس انفیکشن کے معاملات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ترکی کے وزیر صحت فرحتین کوکا نے گزشتہ روز پیر کو بتایا کہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا انفیکشن کے 2131 نئے کیس سامنے آئے ہیں اور اس دوران 95 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔

فرحتین کوکا نے ٹوئٹ کرکے بتایا کہ ترکی میں کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر 112261 ہوگئی ہے جبکہ اس کے انفیکشن سے 2900 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ترکی میں 20143 لوگوں کی جانچ کی گئی ہے ملک میں اب تک مجموعی طور پر 918885 لوگوں کی جانچ ہوئی ہے۔ ترکی میں33791 افراد کورونا انفیکشن سے مکمل طور پر صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 1736 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ واضح رہے کہ ترکی میں کورونا انفیکشن کا پہلا کیس 11 مارچ کو سامنے آیا تھا۔

28 Apr 2020, 8:57 AM

اٹلی میں کورونا وائرس سے 26977 ہلاکتیں، 1.99 لاکھ متاثر

روم: عالمی وبا کورونا وائرس (كووڈ -19) سے بری طرح متاثر اٹلی میں اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 26 ہزار کا ہندسہ پار کرکے 26977 ہو گئی ہے جبکہ اس سے متاثرافراد کی تعداد 199414 تک پہنچ گئی ہے۔ پوری دنیا میں کورونا وائرس سے امریکہ کے بعد سب سے زیادہ اموات اٹلی میں ہی ہوئی ہے۔ اٹلی کے شہری سیکورٹی محکمہ کے سربراہ ینجیلو بوریلی نے گزشتہ روز پیر کو ٹیلی ویژن پر ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے 333 افراد کی موت ہوئی ہے۔

بوریلی کے مطابق پیر کو اٹلی میں کورونا وائرس کے ایک ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے اب تک کل متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 199414 ہو گئی ہے۔ ان متاثرین میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جن کی اس وبا سے موت ہو چکی ہے یا جو بالکل ٹھیک ہو چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔