ایران سمیت مشرق وسطیٰ کے ممالک میں پھر سے ابھرا کورونا، دہشت کا عالم
ایک بار پھر ایران میں کووڈ-19 وبا نے اپنا قہر ڈھایا ہے۔ ایران میں 2043 نئے کورونا پازیٹو کیسز سامنے آئے ہیں جس سے یہاں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد بڑھ کر 1 لاکھ 73 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
مشرق وسطیٰ علاقہ کے ایران میں ایک بار پھر سے کووڈ-19 وبا نے اپنا اثر دکھانا شروع کر دیا ہے۔ یہاں دوبارہ کورونا کیسز بڑی تعداد میں سامنے آئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1 لاکھ 73 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔ خبر رساں ادارہ سنہوا کی ایک رپورٹ کے مطابق ایران میں 2043 نئے کورونا پازیٹو کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس سے صاف ہے کہ ایران میں کورونا وبا ایک بار پھر ابھر آئی ہے۔ پیر کے روز ایران میں کل معاملے بڑھ کر 173832 پر پہنچ گئے۔
ایران میں کورونا وبا سے اب تک 8351 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہی 70 سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ 136360 کورونا کے مریض اسپتال سے ڈسچارج ہو چکے ہیں جب کہ 2619 لوگ سنگین حالت میں ہیں۔
ایران کے صحت افسران نے لوگوں سے عوامی مقامات پر خصوصاً پبلک ٹرانسپورٹ میں فیس ماسک پہننے کی گزارش کی ہے کیونکہ ملک نے کاروبار اور سماجی سرگرمیوں کو پھر سے شروع کر دیا ہے۔ اس کے بعد سے انفیکشن کے پھیلنے کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔
اس درمیان ترکی اب مشرق وسطیٰ میں دوسرا سب سے متاثر ملک بن گیا ہے جہاں 989 نئے معاملے سامنے آنے کے بعد کووڈ-19 معاملوں کی کل تعداد بڑھ کر 171121 ہو گئی ہے۔ وزیر صحت فہارٹن کوکا کے مطابق ترکی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے 19 لوگوں کی موت ہو گئی جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 4711 ہو گئی۔ یہاں کل 141380 لوگ کورونا کی زد میں آنے کے بعد ٹھیک ہو چکے ہیں۔
علاوہ ازیں ترکی ائیرلائنس نے پیر کے روز اعلان کیا کہ وہ دنیا بھر میں صحت کارکنان کے لیے ٹکٹوں پر 40 فیصد کی چھوٹ دے گا۔ ائیرلائنس نے کہا کہ "ائیرلائنس نے ہیلتھ کیئر کارکنان کے لیے ایک نئی مہم شروع کی ہے جو کووڈ-19 وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے مخلصانہ طور سے کام کر رہے ہیں۔"
دوسری طرف سعودی عرب میں بھی کورونا انفیکشن میں کسی کمی کے آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔ یہاں پیر کے روز 369 نئے کیسز سامنے آئے جس سے ملک میں مجموعی متاثرین کی تعداد 105283 ہو گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔