چھتیس گڑھ انتخاب LIVE: دوسرے مرحلے میں شام 4 بجے تک 58 فیصد سے زیادہ ووٹنگ
اسمبلی انتخاب کے دوسرے مرحلے کے لیے 1079 امیدوار میدان میں ہیں۔ ووٹنگ کے لیے 19296 ووٹنگ مراکز بنائے گئے ہیں۔
دوسرے مرحلے میں شام 4 بجے تک 58.47 فیصد ووٹنگ
چھتیس گڑھ اسمبلی انتخاب کے دوسرے مرحلہ میں ووٹنگ کا عمل اختتام کی طرف گامزن ہے اور 4 بجے تک کا ووٹ فیصد بھی سامنے آ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 4 بجے شام تک 58.47 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی اور کچھ ہی دیر میں 5 بجے تک کا ووٹ فیصد بھی منظر عام پر آ جائے گا۔
دوسرے مرحلے میں 3 بجے تک 45 فیصد ووٹنگ
چھتیس گڑھ اسمبلی انتخاب کے لیے جاری 72 سیٹوں پر 3 بجے تک تقریباً 45 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے۔ ووٹنگ کے دوران کئی مقامات پر ای وی ایم میں خراب کی شکایت آئی ہے۔ دوسری طرف کانگریس نے کئی بوتھوں پر ای وی ایم ٹیمپرنگ کا الزام عائد کیا ہے۔
جانجگیر-چامپا: مڑوا گاؤں کے لوگوں نے ووٹنگ کا بائیکاٹ کیا
چھتیس گڑھ کے جانجگیر-چامپا اسمبلی حلقہ میں مڑوا گاؤں کے لوگوں نے ووٹنگ کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔ دیہی عوام کا کہنا ہے کہ زمین پر قبضہ کیا جا رہا ہے اور روزگار بھی میسر نہیں ہے۔ لوگوں نے یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ بنیادی سہولیات کی علاقے میں بہت کمی ہے اور ایسی صورت میں ووٹنگ کا بائیکاٹ کرنا ضروری ہے۔
بی جے پی کے حق میں ووٹ کرانے کی کوشش کرنے والا پریزائڈنگ افسر گرفتار
بلاس پور میں پریزائڈنگ افسر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایک ہندی نیوز ویب سائٹ کے مطابق پریزائڈنگ افسر بی جے پی کے حق میں ووٹ کرانے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس کی شکایت کی گئی جس کے بعد انھیں گرفتار کر لیا گیا۔
دوسرے مرحلے میں پرامن پولنگ کے درمیان 12 بجے تک تقریباً 24 فیصد لوگوں نے ڈالے ووٹ
میڈیا ذرائع کے مطابق 12 بجے تک تقریباً 24 فیصد لوگوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر لیا ہے۔ پہلے مرحلہ میں چونکہ تقریباً 75 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی اس لیے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دوسرے مرحلے میں بھی لوگ بڑھ چڑھ کر انتخاب میں حصہ لیں گے۔
دوسرے مرحلے میں 72 سیٹوں کے لیے پرامن ووٹنگ جاری
چھتیس گڑھ میں دوسرے مرحلے کی پولنگ جاری ہے اور کہیں سے ابھی تک کسی ناخوشگوار واقعہ کی خبر نہیں ہے۔ کئی مقامات پر لوگوں کی لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں اور گھروں سے نوجوان اور بوڑھے سبھی نکل کر اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔
72 اسمبلی سیٹوں پر ہو رہی پولنگ میں صبح 10 بجے تک 12.4 فیصد ووٹنگ درج
چھتیس گڑھ میں دوسرے مرحلے کے اسمبلی انتخابات کے تئیں لوگوں میں جوش دیکھنے کو مل رہا ہے۔ صبح دس بجے تک 12.54 فیصد ووٹنگ درج کی گئی ہے۔ کئی پولنگ مراکز پر لوگوں کی لمبی لمبی قطاریں نظر آ رہی ہیں جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ لوگ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے لیے گھروں سے باہر نکل رہے ہیں۔
اس درمیان جنتا کانگریس چھتیس گڑھ (جے سی سی) کے صدر اجیت جوگی اور ان کے بیٹے امیت جوگی نے پینڈر میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ دوسرے مرحلے میں اجیت جوگی کی قسمت کا فیصلہ بھی ہونا ہے اور ان کے ساتھ ساتھ کئی موجودہ وزراء کا بھی امتحان ہے۔
ای وی ایم خراب ہونے کی وجہ سے کوردھا کے 4 پولنگ بوتھ پر ووٹنگ روکی گئی
چھتیس گڑھ میں دوسرے مرحلے کی ووٹنگ جاری ہے لیکن کئی مقامات پر مشینوں میں خرابی پیدا ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق کوردھا میں ای وی ایم خراب ہونے کی وجہ سے 4 پولنگ مراکز پر ووٹنگ روک دی گئی ہے اور اس کا متبادل انتظام کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔
19 اضلاع کی سبھی 72 سیٹوں پر امن و امان کے ساتھ ووٹنگ جاری
چھتیس گڑھ میں 19 اضلاع کی سبھی 72 سیٹوں پر امن و امان کے ساتھ ووٹنگ جاری ہے۔ کسی بھی جگہ سے ابھی تک کوئی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ کئی مقامات پر لوگوں کی لمبی قطاریں بھی دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق بلاس پور اور امبیکا پور جیسے علاقوں میں لوگ صبح سویرے سے ہی ووٹنگ ڈالنے کے لیے پہنچ رہے ہیں۔
دوسرے مرحلہ میں 72 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹنگ کا آغاز
چھتیس گڑھ اسمبلی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں 72 سیٹوں پر ووٹنگ شروع ہو گئی ہے۔ ان سبھی سیٹوں پر ووٹروں کے لیے پولنگ بوتھ 8 بجے کھل گئے جو کہ شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے۔ اسمبلی انتخاب کے دوسرے مرحلے کے لیے 1079 امیدوار میدان میں ہیں۔ ووٹنگ کے لیے 19296 ووٹنگ مراکز بنائے گئے ہیں۔ دوسرے مرحلہ میں 1 کروڑ 53 لاکھ 983 ووٹرس اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ ان میں مرد ووٹروں کی تعداد 77 لاکھ 46 ہزار 628 اور خاتون ووٹروں کی تعداد 76 لاکھ 38 ہزار 415 ہے۔ اس مرحلہ میں 940 تھرڈ جینڈر ووٹرس بھی اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔