سب انسپکٹر نے 22 لاکھ جہیز میں لے کر بھی شادی نہیں کی، مقدمہ درج

بھاسکر شرما پر الزام ہے کہ اس کے اہل خانہ نے لڑکی والوں سے پہلے 22 لاکھ روپے جہیز کے نام پر لیے اور پھر انہوں نے لگژری گاڑی کا مطالبہ کیا۔ مطالبہ پورا نہ ہونے پر انھوں نے بارات لانے سے منع کر دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

مرینا: مدھیہ پردیش کے ضلع دتيا میں تعینات ایک سب انسپکٹر پر ضلع مرینا میں جہیز تشدد کے متعلق معاملہ درج ہوا ہے۔ سب انسپکٹر بھاسکر شرما پر الزام ہے کہ اس کے اہل خانہ نے لڑکی والوں سے پہلے 22 لاکھ روپے جہیز کے نام پر لے لئے۔ اس کے بعد انہوں نے لگژری گاڑی کا مطالبہ کیا، لیکن لڑکی والوں طرف سے گاڑی بعد میں دیئے جانے کی درخواست پر لڑکے والے عین شادی والے دن بارات لے کر نہیں پہنچے۔ ایسے میں لڑکی والوں نے پولس کا سہارا لیا۔

اسٹیشن روڈ پولس ذرائع کے مطابق مرینا کی پرانی ہاؤسنگ بورڈ کالونی سے تعلق رکھنے والے رام نواس تیواری نے اپنی بیٹی پرینکا کی شادی دیوی سنگھ پورا کے رہنے والے بھاسکر شرما کے ساتھ طے کی تھی۔ بھاسکر شرما کے اہل خانہ نے 22 لاکھ روپے نقدی لے کر شادی پکی کی۔ لڑکی کے اہل خانہ کی طرف سے پولس کو دی گئی عرضی میں الزام عائد کیا ہے کہ دو جون کو پھل دان میں 22 لاکھ روپے لینے کے بعد سب انسپکٹر بھاسکر نے پرینکا کے بھائی اودیش تیواری سے جہیز میں ایک لگژری كریٹا کار کا مطالبہ کیا۔ لڑکی کے اہل خانہ نے شادی کے ایک سال بعد کار دینے کا وعدہ کیا، لیکن شادی سے پہلے گاڑی نہیں ملنے سے ناراض سب انسپکٹر بھاسکر شرما 10 جون کو شادی کے دن بارات لے کر نہیں آیا۔


الزام ہے کہ اگلے دن لڑکی کے والد اور بھائی نے سٹی پولس سپرنٹنڈنٹ سے لے کر پولس سپرنٹنڈنٹ کو کئی مرتبہ عرضی دی، لیکن اسٹیشن روڈ تھانہ انچارج نے رپورٹ لکھنے سے صاف انکار کر دیا۔ اہل خانہ نے معاملے کی معلومات چمبل پولیس زون کے آئی جی اور ایڈیشنل آئی جی کو دی۔ اس کے بعد اسٹیشن روڈ تھانہ پولس نے واقعہ کے 23 دن بعد گزشتہ روز جہیز ایکٹ کی دفعات کے تحت معاملہ درج کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Jul 2019, 12:10 PM